کرناٹک میں ذات پر مبنی مردم شماری کا آغاز ، بنگلور میں چند روزہ تاخیر

کرناٹک میں سماجی، معاشی و تعلیمی جائزہ، جسے عام طور پر ذات پر مبنی مردم شماری کہا جا رہا ہے، کا آغاز پیر سے ہو چکا ہے۔ تاہم انتظامی وجوہات کے باعث بنگلور میں اس عمل کو چند دن مؤخر کر دیا گیا ہے۔
حکومتِ کرناٹک کے اعلان کے مطابق یہ جامع سروے کرناٹک اسٹیٹ بیک ورڈ کلاسز کمیشن کے تحت 22 ستمبر سے 7 اکتوبر کے دوران، دسہرہ کی تعطیلات کے دوران مکمل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سدارمیا نے ریاست کے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم مہم میں بھرپور شرکت کریں۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق اس سروے کے لیے تقریباً 1.75 لاکھ اساتذہ کو تعینات کیا گیا ہے، جنہیں 20 ہزار روپے تک اعزازیہ دیا جائے گا۔ صرف اعزازیوں پر آنے والی لاگت کا تخمینہ 325 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، جبکہ منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر 420 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، جس میں مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔
کمیشن کی جانب سے 60 سوالات پر مشتمل سوالنامہ تیار کیا گیا ہے جسے عوام کو تحریری طور پر پُر کرنا ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ، دوہری اندراج سے بچنے کے لیے آدھار نمبرز بھی جمع کیے جائیں گے۔
بیک ورڈ کلاسز کمیشن کے چیئرمین مدھوسدن نائک نے تصدیق کی کہ بنگلور میں آغاز کی تاخیر گریٹر بنگلورو اتھارٹی (GBA) کی درخواست پر کی گئی ہے، کیونکہ ان کے عملے کو مزید تربیت درکار تھی۔ نئی تحصیلوں کی تشکیل کے بعد شہر میں یہ سروے دو سے تین دن کی تاخیر سے شروع ہوگا۔
وزیر اعلیٰ سدارمیا نے اس سروے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا”پسماندگی، غربت، بیروزگاری اور ناخواندگی کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات ضروری ہیں، اسی لیے یہ مردم شماری کی جا رہی ہے۔” متوقع ہے کہ کمیشن دسمبر تک اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔

Latest Indian news

Popular Stories