بچے من کے سچے ہوتے ہیں

محمد اعظم شاہد

اپنے بچپن میں ہندوستانی بچوں نے اپنے اسکول کے زمانے میں یہ گیت سنے اور گائے ہوں گے، جو حب الوطنی کے جذبات کو اُبھارا کرتے تھے۔
ننّھا منّا راہی ہوں دیش کا سپاہی ہوں
بولو میرے سنگ جئے ہند جئے ہند
اسکولوں میں صبح صبح اسمبلی میں اجتماعی طورپر ایک آواز ہوکر بچے یہ گیت پڑھتے تھے۔
انصاف کی ڈگر پر بچو دکھاؤ چل کے
یہ دیش ہے تمہارا نیتا تمہیں ہو کل کے
ٍٍ اور یہ کہاوت بھی مشہور ہے کہ آج کے بچے کل کا مستقبل ہیں یعنی لڑکپن ہی سے معصوم بچوں کو اپنے تئیں اور اپنے ملک کے تئیں ذمہ داری کا احساس جگایا جاتا رہا ہے، مگر لوک سبھا میں یکم جولائی کو اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی بے باک تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے 2 جولائی کو وزیراعظم مودی نے لڑکپن، بچپن اور معصومیت کا کھلے عام مذاق اُڑایا ہے۔ نام لیے بغیر راہل پر نشانہ سادھتے ہوئے مودی کہتے رہے ہندو مذہب پر ان (راہل) کا بیان بچکانہ ہے، جو ان کی (راہل کی) بالک بُدھی (لڑکپن کی عقل یعنی کم عقلی) کو ظاہر کرتی ہے۔ کانگریس اٹھارویں لوک سبھا انتخابات میں 99سیٹ حاصل کیے ہیں۔ اس پر طنز کرتے ہوئے اپنے وہی روایتی غرور اور گھمنڈ میں مودی کہتے رہے کہ یہ بالک (بچہ یعنی راہل) اپنے امتحان میں 99 نمبر لے آیا ہے۔ یہ 100میں سے نہیں بلکہ 543میں۔ اس طرح بچوں کی باتوں کو سنجیدگی سے لینی نہیں چاہئے۔ خیالی مثالوں کے ساتھ مودی نے ماں (سونیا) اور بالک (راہل) کے ساتھ کہاکہ ماں بالک کے اسکول (لوک سبھا) سے واپس ہوکر رونے اور اپنی غلطیوں کو چھپانے کو بچے کی ناسمجھی کہا۔ ایک طرح سے اس ملک کے بچوں کی معصومیت اور لڑکپن کا مودی نے گھناؤنا مذاق اُڑایا ہے۔ شاید مودی بھول گئے یا پھر بھولنے کا ناٹک کرتے رہے کہ بچپن شفقت سے آراستہ ہوکر دانشمندی کے آفاق سے روشناس ہوتا ہے۔ یہی بچے بڑے ہوکر اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے نہ صرف اپنے والدین بلکہ ملک کا نام بھی روشن کرتے ہیں۔آج کے بچے ہی ہمارے کل کی اُمید ہیں۔ بچوں کے ساتھ شفقت سے پیش آنے کا مکھوٹا پہن کر مودی امتحانات کے قریب ’پریکشھا چرچہ‘ (امتحانات پر بحث) اپنے پروگرام میں اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کو ہمت اور استقلال سے امتحانات کا سامنا کرنے کی تلقین کیا کرتے تھے۔ اب وہی بچوں کی ’بالک بدھی‘ (بچوں کی عقل اور سوچ) کا وہ مذاق اُڑانے لگے۔ ’اپنے مَن کی بات‘ پورے ملک کے ساتھ کہنے والے مودی نے بھی کسی وقت بچوں کا یہ گیت بھی سنا ہی ہوگا۔
بچے من کے سچے، سارے جگ کی آنکھ کے تار
یہ وہ ننھے پھول ہیں جو بھگوان کو لگتے پیارے
تو پھر اپنے سیاسی مفادات اور انتقام کے لیے وہ کیسے بھلا بچوں کے من کی سچائی اور ان سے وابستہ مستقبل کی اُمیدوں کو وہ فراموش کرگئے۔
جب مودی نے لوک سبھا میں راہل کی تقریر کے جواب میں اپنا بیان دیا تو راہل چپ چاپ مسکراتے سنتے ہوئے نظر آئے۔ دراصل ایک دن قبل یعنی یکم /جولائی کو راہل نے این ڈی اے، بی جے پی، آر ایس ایس اور مودی کے ہندو توا ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے کہاتھا کہ ہندو مذہب سچائی پر قائم رہنے اور تشدد سے دور رہنے کی تلقین کرتا ہے اور یہاں نام نہاد وہ لوگ جو خود کو ہندو بتاتے ہیں وہ ہر روز جھوٹ، تشدد اور نفرت کی باتیں کرتے ہیں۔ راہل کی تقریر کے دوران وزیراعظم مودی کی مداخلت پر کہ راہل ملک میں بسنے والے ہندوؤں کو تشدد پھیلانے والے کہہ رہے ہیں۔ اس پر راہل نے کہاتھا صرف مودی، بی جے پی اور آر ایس ایس ہی ہندو نہیں ہیں۔ اہنسا اور (جھوٹ) استیہ کا راستہ اپنانے والے ہندو ہی نہیں ہیں۔ ملک میں مذہبی اقلیتوں کے ساتھ مودی حکومت کا ناروا سلوک، بڑھتی مہنگائی اور بے ر وزگاری، نیٹ امتحان میں دھاندلی، کسانوں کے لیے ایم ایس پی (ان کی فصلوں کے لیے اقل ترین قیمت) کی عدم فراہمی، ملک کے آئین پرحملے اور چھیڑ چھاڑ پر کھل کر بات کرتے ہوئے راہل نے حکومت کو آئینہ دکھایا تو بشمول وزیراعظم برسر اقتدار این ڈی اے کے ارکان برہم ہوگئے اور مودی نے راہل کے اُٹھائے گئے اہم مسائل کو بے وقعت کرنے ’بالک بدھی‘ لفظ کا استعمال کرکے لوک سبھا میں منتخب اپوزیشن لیڈر کی باتوں کو ’طفلانہ‘ بتاکر خود اپنی حقیقت آشکار کرلی ہے۔
ابھی ابتدائی سیشن میں ہی نو منتخب لوک سبھا کے اسپیکر، راجیہ سبھا میں ڈپٹی چیرمین (نائب صدر جمہوریہ) کا اپوزیشن کے ساتھ برتاؤ اور ان کا جارحانہ موقف اور وزیر اعظم کے بیانات سے لگ تو رہا ہے کہ این ڈی اے اور بالخصوص بی جے پی اس بار اپنی ساٹھ سیٹوں پر شکست کے باوجود اور اپنی اکثریت ثابت کرنے اپنے ہم نوا سیاسی پارٹنرس سے حمایت حاصل کرنے کے باوجود بھی ان کی اپنی اکڑ میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی ہے۔ ملک کی ترقی کے لیے فضول باتوں میں وقت ضائع کرنے اور انتقامی جوابی تقاریر کی بوچھار سے بہتر تھا کہ یگانگت اور ہم آہنگی کے اصولوں کے تحت این ڈی اے اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کرتی۔ اگر ٹکراؤ کی یہی روش قائم رہی تو ملک کی بہتری کے لئے مثبت فیصلے اور ان پر یکسوئی کے ساتھ عمل آوری کہاں ہوپائے گی۔

Latest Indian news

Popular Stories