بیدر۔20/نومبر۔ بیدر کے ممتاز سینئر قانون داں اورمشائخ گھرانے کی معروف علمی اور وجیہہ شخصیت جناب شاہ موسیٰ محی الدین قادری کو بیدر کی تاریخی جامع مسجد کااڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کی مسرت میں جناب احمد سیٹھ، جناب اعجاز الحق، جناب عامرپاشاہ، جناب نثاراحمد،جناب محمدفیاض ثنااسٹون، جناب مبشرسندھے اور دیگر نے جناب موسیٰ محی الدین قادری کی شالپوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر ان سے مختلف افراد نے اجتماعی طورپر مشورے دئے۔ کہاگیاکہ جامع مسجد میں اڈمنسٹریٹر کا تقرر ضرور ی تھا۔ ایک عرصہ سے جامع مسجد میں کوئی منتخبہ انتظامی کمیٹی نہیں ہے۔ جامع مسجد بیدر پر اڈمنسٹریٹر مقر رکرنے کافیصلہ تاخیر سے سہی، ایک اچھافیصلہ ہے۔ اس کو سامنے رکھتے ہوئے جن مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کی معیاد ختم ہوچکی ہے، وہاں پر بھی اڈمنسٹریٹر کاتقررکرتے ہوئے جلد ازجلد انتخابات ہونا چاہیے۔ جب تک نئے انتخابات ہوں گے نہیں، مساجد کی ترقیاتی سرگرمیاں سامنے نہیں آسکیں گی۔ ہمیں موسیٰ محی الدین قادری صاحب سے امید ہے کہ ایک عمدہ اڈمنسٹریٹر کی طرح جامع مسجد کے ہرمسئلہ پران کی نظر ہوگی۔بیدر کی پوری ملت اسلامیہ آپ کے ساتھ کھڑی ہے کیوں کہ مساجد کو وہی لوگ آباد کرتے ہیں جو اللہ اور روزِ آخرت پر ایمان رکھتے ہیں۔ جناب موسیٰ محی الدین قادری اڈمنسٹریٹر جامع مسجد بید رنے وزیراوقاف جناب ضمیراحمد خان، وزیربلدی نظم ونسق اور حج جناب رحیم خان، کے علاوہ جامع مسجد کے خادمین اور تمام اہلیان بیدر کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ جامع مسجد دراصل شہر بیدر کاوقار ہے۔ یہاں کے سارے کام تمام مساجد کے لئے مثال ہوں، اس کے لئے کوشش کی جائے گی۔ اسی طرح دیگر مساجد میں نماز جمعہ پڑھنے کی موجودہ روایت کو کم کرنا چاہیے۔ ہرایک مسجد میں اگر نماز جمعہ ہوگی تواللہ اور اس کے رسول ﷺ کی جانب سے جمعہ کامتعین کردہ اجتماعی شہری مقصد ہمارے ہاتھوں فوت ہوجائے گا۔انھوں نے آگے کہاکہ جلد ازجلد کوشش ہوگی کہ جامع مسجد بیدر کیلئے ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل پاجائے۔ پھر اس کے بعد ان شاء اللہ منتخبہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔