گلبرگہ : 28/اگست 2024 : (راست) :جناب چاند اکبر معتمد نشر و اشاعت کی اطلاع کے بہ موجب گلبرگہ یونیورسٹی کلبرگی کی سنڈیکیٹ کے رکن کی حیثیت سے ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین کی نامزدگی کی مسرت میں محبانِ اردو گلبرگہ کی جانب سے خصوصی تہنیتی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ڈاکٹر انیس صدیقی نے خیر مقدمی کلمات ادا کیے اور ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین کی تعلیمی ،تدریسی اور ادبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی نامزدگی اہلیان گلبرگہ بالخصوص اردو والوں کے لیے باعث فخر و انبساط قرار دیا ۔جناب خواجہ پاشاہ انعام دار نائب صدر نے اس موقع پر ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی نامزدگی ایک طرح ان کی تعلیمی خدمات کا اعتراف ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل محبانِ اردو گلبرگہ کے معتمد ڈاکٹر انیس صدیقی کو بھی کرناٹک اردو اکادمی بنگلور کی رکنیت حاصل ہوئی ہے ۔یہ دونوں نامزدگیاں ارباب محبانِ اردو گلبرگہ کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ڈاکٹر محمد افتخار الدین اختر رکن عاملہ نے اپنے اظہار خیال میں کہا کہ ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین کی شخصیت اور خدمات بجا طور پر اس نامزدگی کی مستحق ہیں۔جناب ظفر اقبال درانی پرنسپال، نیشنل ڈگری کالج (ایوننگ) نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ گلبرگہ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار سنڈیکیٹ کی رکنیت ایک اردو کے معروف استاد و ادیب کو حاصل ہوئی ہے ۔انھوں نے امید جتائی کہ ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین یونیورسٹی کے ملحقہ اقلیتی طبقے کے کالجوں کے متنوع مسائل کی یکسوئی پر توجہ کریں گے۔ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین نے کہا کہ یہ اللہ کا بڑا کرم ہے کہ انھیں خدمت کا یہ موقع عطا ہوا ہے ۔اور وہ رکن سنڈیکیٹ کے فرائض بہتر انداز میں ادا کرنے کی سعی کریں گے۔انھوں نے تہنیت کی پیش کشی کے لیے محبانِ اردو کے عہدیداران و اراکین کا شکریہ ادا کیا۔جناب محمد مجیب احمد نائب صدر کے شکریے پر یہ مسرت آگیں اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ڈاکٹر شمس الدین چودھری، انجنیئر محمد معین الدین سہروردی، جناب سید طیب علی یعقوبی ،محترمہ شاہدہ بیگم ،ڈاکٹر علاؤالدین مخدوم صابر ،انجنیئر محمد جاوید چنکنٹی اور انجنیئر محمد قطب الدین پیارے بھی اس موقع پر موجود رہے اور ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین کی خدمت میں مبارکباد پیش کی۔