بیدر میں کنٹراکٹر نے خودکشی کرلی

بیدر۔28/دسمبر۔ بیدر شہر کے گاندھی گنج پولیس اسٹیشن میں تعینات دو ہیڈ کانسٹیبلوں کو 26 سالہ کنٹراکٹر کی خودکشی کے بعد اپنے فرائض میں ناکامی پر معطل کردیا گیا۔ ہفتہ کو پولیس رپورٹ کے مطابق بیدر میں کنٹراکٹر نے ٹرین کے سامنے لیٹ کر خودکشی کرلی۔ حکام نے بتایا کہ راجیش چیلوا اورشیاملہ کو جمعہ کو گمشدگی کی رپورٹ درج نہ کرنے پر معطل کر دیا گیا جب متاثرہ خاندان پولیس سٹیشن آیا۔ایک سینئر پولیس افسر نے کہا ”شکایت لینے اور ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے، ہیڈ کانسٹیبلوں نے خاندان کو دھنور پولس اسٹیشن جانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ متاثرہ کا تعلق کٹی توگاؤں سے ہے۔” متاثرہ شخص جس کی شناخت سچن پنچال کے طور پر ہوئی ہے، جو بیدر کے بھالکی تعلقہ کے ٹنگڈاکٹی کا رہنے والا ہے، نے جمعرات کو خودکشی کرلی۔ اس نے مبینہ طور پر دیہی ترقی اور پنچایت راج محکمہ میں کنٹراکٹ لیا تھا۔ خود کشی نوٹ میں پنچال نے سابق کونسلر راجو کپنور اور سات دیگر کو اپنی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ کپنور مبینہ طور پر کرناٹک کے دیہی ترقی اور پنچایت راج کے وزیر پرینک کھرگے کے قریبی ساتھی ہیں۔ پنچال کی خودکشی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر پرینک کھرگے نے کہا ”مجھے ابھی میڈیا کے ذریعے اس کے بارے میں پتہ چلا ہے۔ میں ذاتی طور پر تحقیقات کا مطالبہ کر رہا ہوں۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سچ سامنے آئے۔ چاہے وہ میرے حامی ہوں یا کوئی اور، چونکہ یہ متعلقہ محکمہ ہے، کچھ نہیں چھپایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ”غلط غلط ہے، چاہے وہ کوئی بھی ہو۔ میں اپنے محکمے سے اس کی تحقیقات کرواؤں گا اور اگر ضرورت پڑی تو میں وزیر داخلہ سے اس کی تحقیقات کرنے کی درخواست کروں گا۔” یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کے قریبی ساتھی کنٹراکٹر کی خودکشی میں ملوث تھے، کانگریس لیڈر نے کہا کہ ان کے پاس مکمل معلومات نہیں ہیں۔

Latest Indian news

Popular Stories