کورونا ایک معمہ بن گیا ہے!

مارچ 2020 ء میں کورونا کی پہلی لہر رونما ہوئی تھی پھر مودی حکومت نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔ ٹھیک ایک سال بعد مارچ میں ہی کورونا کی دوسری لہر نے دستک دی ہے جو پہلی لہر سے زیادہ خطرناک اور مہلک بتائی جاتی ہے ۔ وائرس پھیلنے کی رفتار پہلی لہر سے زیادہ تیز ہے جبکہ کورونا ویکسین ایجاد ہوچکی ہے اور لوگ اسے آب حیات سمجھ کر جوق در جوق حاصل کر رہے ہیں ۔ ویکسین کی ایجاد کے وقت تو کورونا کے صفائے کے بارے میں دعوے کئے گئے تھے۔ شائد یہی دعوے کورونا کو پسند نہیں آئے اور کورونا پہلی لہر کے مقابلہ مزید شدت کے ساتھ حملہ آور ہوا اور ویکسین کے دعوؤں بے معنی کردیا۔ اب کہا جارہا ہے کہ ویکسین کے دو خوراک لینے کے بعد اثر دکھائی دے گا۔
ایک سوال یہ بھی پیدا ہوتاہے کہ پہلی لہر کے وقت کئے گئے اقدامات درست تھے یا پھر آج کا موقف درست ہے جبکہ کیسس کی تعداد گزشتہ سال سے زیادہ ہے ۔ عوامی زندگی کے تحفظ کی ذمہ داری سے مودی سرکار راہِ فرار اختیار نہیں کرسکتی۔ نریندر مودی نے ریاستوں کے چیف منسٹرس کے ساتھ اجلاس میں پابندیوں اور تحدیدات کا معاملہ ریاستوں پر چھوڑ دیا ہے۔ ریاستوں کو کورونا نائیٹ کرفیو کے نفاذ کا مشورہ دیا گیا ۔ جب ریاستوں کو ہی سب کچھ کرنا ہو تو پھر مرکز کا وجود کس کام کا؟ مرکز کا کام صرف جملہ بازی اور ملک بھر میں نئے کیسس اور اموات کی گنتی کرنا ہے۔

ظاہر ہے کہ ریاستوں کو بھی مرکز کی طرح معیشت اور اپنے خزانوں کی فکر ہے اور کیسس میں اضافہ کے باوجود کئی ریاستوں نے ماسک کے استعمال اور چالانات کو کورونا کا مداوا سمجھا ہے ۔ ویسے بھی ریاستوں کی اپنی مجبوریاں ہیں۔ گزشتہ سال لاک ڈاؤن کے نقصانات کی مرکز سے بھرپائی نہیں کی گئی تھی۔ جب مرکز سے کوئی امید ہی نہیں رہے تو کونسی حکومت لاک ڈاؤن کے ذریعہ اپنی آمدنی کو متاثر کرنا چاہے گی۔

حکومتوں کے غیر ذمہ دارانہ رویہ نے عوام کی بے حسی کو عروج پر پہنچادیا ہے ۔ احتیاطی تدابیر کے بارے میں کوئی دلچسپی نہیں اور بازاروں اور آبادیوں کا جائزہ لیں تو محسوس ہوگا کہ کورونا نام کی کسی شئے کا جیسے وجود ہی نہ ہو۔

کورونا سے بچاؤ کے لئے سرکاری سطح پر احتیاطی تدابیر سے پتہ چلا کہ کورونا ایک شریف النفس وائرس ہے۔ شراب خانے ، وائین شاپ ، بارس ، کلبس ، پبس اور تھیٹرس میں احتیاطی تدابیر کے بغیر سرگرمیاں جاری ہیں لیکن وہاں کورونا کا کوئی اثر نہیں ۔ پابندیاں تو عبادت گاہوں ، تعلیمی اداروں اور مذہبی سرگرمیوں کیلئے ہیں۔ شاپنگ مالس ، ریسٹورینٹ اور تفریحی مقامات سے بھی شائد کورونا کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ کرونا چنندہ حملوں کا قائل ہے۔
کورونا محض ایک وائرس ہی نہیں بلکہ ماہرین نفسیات کی نظر میں یہ ایک حساس شخصیت کا مالک دکھائی دیتا ہے جسے اچھے اور برے کی تمیز کے علاوہ حکومت کے کام کاج کی فکر ہے ۔ انتخابات والی ریاستوں اور کسانوں کا احتجاج اس کی زندہ مثال ہے۔ یہ دونوں مقامات کورونا سے محفوظ ہیں۔ کسان گزشتہ 7 ماہ سے احتجاج پر ہیں اور ہزاروں کسان سڑکوں پر ہیں لیکن کورونا احتجاجی کسانوں پر مہربان دکھائی دیتا ہے ۔ شائد کسانوں کے مطالبات سے کورونا کو ہمدردی ہوچکی ہے ۔ اسی طرح الیکشن والی ریاستوں میں کورونا چھٹی پر دکھائی دیتا ہے ۔ انتخابی مہم اور ریالیوں میں کورونا قواعد کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ، پھر بھی الیکشن والی ریاستوں میں کورونا کے کیسس قابو میں ہیں۔ خیر کورونا کی مرضی۔ وہ جس کو چاہے متاثر کرے اور جس کو چاہے چھوڑدے۔
پانچ ریاستوں میں الیکشن کی تکمیل تک شائد کورونا ان ریاستوں کا رخ نہیں کرے گا ۔ گزشتہ سال ہندوستان میں کیرالا سے کورونا کا آغاز ہوا تھا لیکن اس مرتبہ کیرالا میں انتخابی مہم کورونا سے پاک رہی ۔ آخر کورونا کی سچائی اور حقائق کیا ہیں ، کہیں ایسا تو نہیں کہ کورونا الیکشن کے نام سے ڈرتا ہے ۔ اگر واقعی ایسا ہے تو پھر ملک بھر سے کورونا کو بھگانے کیلئے لوک سبھا کے وسط مدتی انتخابات کرائے جائیں ، شائد ملک بھر میں الیکشن کے اعلان کے ساتھ ہی کورونا ہندوستان سے ختم ہوجائے۔
مرکزی حکومت کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں کہ نریندر مودی اور امیت شاہ کی ریالیوں میں کورونا کیوں نہیں ہوتا۔دونوں کی ریالیوں میں لاکھوں افراد شریک ہورہے ہیں اور ماسک و سماجی فاصلے کا دور دور تک پتہ نہیں۔ اسی طرح ممتا بنرجی اور دیگر اپوزیشن قائدین کی ریالیاں اور جلسے کورونا کے قوانین سے بری ہیں۔ کیا کورونا کے سرکاری اعداد و شمار حقیقت پر مبنی ہیں یا پھر کورونا کے نام پر کوئی کھیل کھیلا جارہا ہے ۔ ہندوستان ہی نہیں دنیا بھر میں کورونا کے وجود اور سچ ہونے پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ کورونا کے سچ ہونے یا نہ ہونے کا معاملہ اپنی جگہ لیکن یہاں چند سوالات ضرور سر اٹھاتے ہیں:

• چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس میلوں دور امریکا میں سب سے زیادہ تباہ کاریاں کیسے مچاتا ہے؟

• چین کے پاس ایسی کیا گیدڑ سنگھی ہے جو اس نے وبا کو کنٹرول کرلیا جبکہ امریکا سمیت دیگر ترقی یافتہ ممالک اب تک اس میں ناکام ہیں؟

• اگر چین نے صرف لاک ڈاؤن کرکے وبا کو دبایا تو لاک ڈاؤن یورپ اور امریکا میں بھی سخت ہوا لیکن جوں ہی لاک ڈاؤن نرم ہوتا ہے وہاں دوبارہ کیسز کیوں سر اٹھالیتے ہیں؟

• کورونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکا اور اس کے تجارتی و دفاعی اتحادی یورپی ممالک ہی کیوں متاثرہ ہوئے؟

• سب سے بڑر سوال تو یہ ہے کے ویکسین لینے کے باوجود لوگ کیوں پھر سے کورونا پازٹیو ہو رہے ہیں ؟

• خاص طور پر ہندستان کی انتخابی سرگرمیوں میں کرونا کیوں ختم ہوجاتا ہے

ان سوالوں کے جواب ہر شخص اپنی ذہنی، علمی و سیاسی بصیرت کے مطابق سوچ سکتا ہے,

Latest Indian news

Popular Stories