شعبہ اردو کرناٹک یونیورسٹی میں ڈاکٹرانیس صدیقی کا خصوصی خطاب

دھارواڑ : 19/فروری : (راست) : صحافت، انسانی زندگی کا جز لا ینفک ہے اور تمام شعبہ جات حیات سے اس کا راست یا بالراست تعلق بہ ہر حال پایا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف ادیب و محققِ صحافت اور رکن کرناٹک اردو اکادمی بنگلور ڈاکٹر انیس صدیقی نے شعبہ اردو و فارسی، کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ میں، ‘مبادیاتِ صحافت اور خبر نگاری’ کے زیر عنوان، اپنے پر مغز خصوصی لیکچر میں کیا۔ انھوں نے اردو صحافت کے دو سو سالہ تاریخ کے تناظر میں کہا کہ صحافت اپنے عہد کی معاشرت کا آئینہ ہوتی ہے۔ صالح سماجی، سیاسی، تہذیبی رجحانات کو فروغ دینے کے علاوہ یہ فروغ علم کا اہم ذریعہ بھی ہے۔ کثرت میں وحدت کی عملی صورت گری اور جمہوری نظام کے استحکام کے ضمن میں صحافت کے موثر کردار کے پیش نظر صحافت کو جمہوریت کا چوتھے ستون سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر انیس صدیقی نے خبر سے متعلق ماہرینِ صحافت کی مختلف تعریفوں کے تناظر میں کہا کہ خبر صحافت کی وہ محور طاقت ہے، جس کے گرد تمام صحافتی مواد گردش کرتا ہے۔ خبر نگاری کے فنی تقاضوں، اس کے لوازمات و اجزا اور خبر نگار کے لیے ضروری اوصاف پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر انیس صدیقی نے بتایا کہ خبر نگار کا وسیع مطالعہ کا حامل ہونا ضروری ہے نیز زبان و بیان پر قدرت کے علاوہ خبر نگار کا حق پرستی، فرض شناسی، راست گوئی معروضیت اور اعتدال پسندی سے متصف ہونا ضروری ہے۔ ڈاکٹر شکیلہ گوری خان صدر شعبہ اردو و فارسی نے صدارتی خطاب میں مہمان مقرر ڈاکٹر انیس صدیقی، اساتذہ کرام، ریسرچ اسکالرس اور طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ یادگار خصوصی خطاب طلبہ کو نہ صرف صحافت کی اہمیت اور افادیت کو سمجھنے میں بلکہ ان میں تحقیقی و صحافتی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں بھی ممد و معاون ثابت ہوا ہے۔
اجلاس کا آغاز ایم اے سال دوم کی طالبہ گوہر جہاں کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ایم اے سال دوم کے طالب علم عبد الشکور نے نہایت خوش الحانی سے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ اس تقریب کا خا صہ یہ رہا کہ شعبہ میں پہلی مرتبہ ترانہُ شعبہ اردو، ریسرچ اسکالرس محترمہ شکیلہ بہادر اور ساتھیوں نے دل نشین انداز میں پیش کیا۔ اس ترانے کے تخلیق کار ریسرچ اسکالر جناب احمد رضا نائک اس موقع پر موجود رہے۔ ریسرچ اسکالر جناب عرفان بیالی نے حاضرین اجلاس کا استقبال کرتے ہوئے مہمان خصوصی کا تعارف پیش کیا۔ نظامت کے فرائض ایم اے سال دوم کے طالب علم سمیع اللہ کتور نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ ڈاکٹر ریشما سلطانہ حسینی، محترمہ بلقیس گدگ اور احمد علی ہنچنمنی کے علاوہ طلبہ و طالبات کی قابل لحاظ تعداد میں شرکت نے اس اجلاس کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔




