محمداعظم شاہد
7/اکتوبر2023سے جاری غزہ پر اسرائیلی جنگ پندرہ مہینوں کی خونریزی کے بعد 19جنوری2025میں عبوری جنگ بندی کے اعلان کے بعد تھم گئی تھی۔ حماس اور اسرائیل کے مابین معاہدے کے مطابق جنگ بندی معاہدہ تین مراحل پر مشتمل تھا جس کو باہمی منظوری مل گئی تھی۔ پہلا مرحلہ مارچ کے پہلے ہفتے میں مکمل ہونے والا تھا۔اس دوران اسرائیلی قید خانوں میں مقید فلسطینی قیدیوں کی رہائی بھی ہوتی رہی۔اور اسرائیلی یرغمالیوں کی حماس کی جانب سے رہائی کا سلسلہ چلتا رہا۔مگر اسرائیل کسی نہ کسی طرح غزہ میں تباہی کا ماحول بنائے رکھنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اسی لئے بار بار وہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتارہا۔ہر بار غزہ میں بسے فلسطینیوں کے لئے نئی نئی مصیبتیں کھڑا کرتارہا۔ وقفے وقفے سے حملے ہوتے رہے۔پناہ گزین کیمپوں میں بسے غزہ کے مکینوں پر نئی مشکلات مسلط ہوتی رہیں۔اسرائیل امریکہ کی سرپرستی میں غیر مشروط طورپر تمام اسرائیلی یرغمالوں کی رہائی کا مطالبہ کرتارہا۔ اس سلسلے میں بار بار امریکہ کی جانب سے حماس کو دھمکیاں ملتی رہیں۔ اسرائیل کا کہنا تھا کہ حماس عبوری جنگی معاہدے کے شرائط کی پاسداری سے انحراف کرتے ہوئے یرغمالوں کی رہائی میں غیر معمولی تاخیر کرتارہاہے۔جبکہ حماس معاہدے کے مطابق کام کرتا رہا۔ رمضان المبارک کے دوران غزہ کے کھنڈرات کے درمیان اپنی عبادتوں میں مصروف فلسطینیوں کو اسرائیل پریشان کرنے کے نئے بہانے تلاشتارہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف اسرائیلی عوام کی بڑھتی مخالفت اور بالخصوص اسرائیلی یرغمالوں کی رہائی میں غیر معمولی تاخیر اور جنگ میں ملوث اسرائیل کے تعلق سے عدم اطمینان اور اعتماد بڑھتاہی رہا۔ اسرائیل کی مخلوط حکومت میں نیتن یاہو کے لئے نئی پریشانیاں بڑھتی رہیں۔ حماس کا مکمل خاتمہ اور غزہ کی بھرپور تباہی مخلوط حکومت کا ایجنڈا رہا ہے۔ حماس کے7/اکتوبر کے حملے کے بعد عام طورپر اسرائیل میں جنگ کی مخالفت کے ساتھ حماس کے وجود کے خاتمے کیلئے بھی احتجاج ہوتارہا ہے۔ اب جو حالات اسرائیل میں رونما ہورہے ہیں وہ یہی بتارہے ہیں کہ اسرائیل کسی بھی طرح سے جنگ بندی کا پابند رہنا نہیں چاہتا۔ کیونکہ ہراعتبار سے غزہ کے مکینوں کو بے بس اور لاچار بنائے رکھنا اس کا مقصد ہے۔ اس طرح وہ حماس کی بے دخلی کو یقینی بنانے کے منصوبے بناتارہا ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے یہ اشارے مل رہے تھے کہ عبوری جنگ بندی کے پہلے مرحلے کی توسیع اپریل تک ہوسکے گی۔ اس دوران امریکہ نے اپنے غزہ پلان کے تحت غزہ کو فلسطینیوں سے خالی کروانے اور دیگر ممالک میں بسانے پر اپنی سفاکیانہ جہالت اور بے رحمی کا اعادہ کرتارہا۔ ٹرمپ نے مصر،قطر اور افریقہ ملک صومالیہ کو بھی یہ سجھاؤ پیش کرتارہا ہے کہ وہ غزہ کے فلسطینیوں کی باز آبادکاری کے لئے آگے آئیں۔عرب ممالک نے جب ٹرمپ کے بے تکے غزہ منصوبہ کو یکسر مسترد کردیا تو ٹرمپ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے غزہ پر حملوں کی سرپرستی مستقل کرتارہا۔اب یہ سمجھاجارہاتھا کہ کم از کم رمضان کے مبارک مہینے کے دوران کسی بھی طرح سے جنگ بندی کا معاہدہ بر قرار رہے گا۔ بار بار امریکہ تمام اسرائیلی یرغمالوں کی رہائی کا مطالبہ اسرائیل کی ایما پر حماس سے کرتارہا۔ مگر واجبی طور پر حماس فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے مطالبہ پر بنارہا۔ابھی یہ سلسلہ چل ہی رہاتھا کہ اسرائیل ایک بار پھر جنگ کے دوبارہ آغاز کیلئے ہرگزرتے دن کے ساتھ پوری تیاری کے ساتھ نظر آتارہا۔
18/مارچ 2025کی اولین ساعتوں میں جب غزہ خان یونس،رفاح اور دیگر علاقوں میں سحری کے دوران اسرائیل نے فضائی حملے شروع کردیئے۔ بتایاجارہاہے کہ326فلسطینی جاں بحق ہوگئے جن میں بچے اور خواتین کی تعداد زیادہ تھی۔ اسرائیل نے الزام لگایاہے کہ حماس جنگی معاہدے کے تحت یرغمالیوں کی رہائی میں تاخیر سے کام لے رہاہے۔امریکی حکومت نے یہ باور کروایاہے کہ اسرائیل کو غزہ پر جنگ بندی کے دوران فضائی حملوں کی اجازت دی گئی ہے۔غزہ میں اسپتالوں کی تباہی کے بعد علاج کی سہولیات نہیں کے برابر رہ گئی ہیں۔ ان غیر متوقع حملوں سے ایک بار پھر غزہ میں تباہی کا دور شروع ہوگیاہے۔ حماس نے اپنی جانب سے ابھی تک کوئی جوابی کارروائی نہیں کی ہے۔ جبکہ حماس جنگ بندی کے معاہدے میں ثالثی کردار نبھانے والے مصر اور قطر سے رابطے میں ہے۔ کوششیں حماس کی جانب سے یہی ہورہی ہیں کہ جنگ کسی نہ کسی طرح تھم جائے۔ امن وسلامتی کے ماحول کے لئے راہیں ہموار ہوں۔تادم تحریر فضائی حملوں کے ساتھ ہی زمینی حملے بھی غزہ کے مختلف مقامات میں شدت کے ساتھ ہونے لگے ہیں۔
مکمل جنگ بندی اور اسرائیل کی فوجوں کے انخلاء کا حتمی مرحلہ شروع ہونے سے پہلے ہی اسرائیل کی جانب سے جنگ چھیڑنے کا مطلب یہی ہے کہ امریکہ جو چاہے گا، وہی ہوکر رہے گا۔فلسطینیوں کی حمایت میں اٹھنے والی آوازیں محض ایک نعرہ بن کر رہ گئی ہیں۔ مشرقی وسطیٰ اور مغربی کنارے میں بدامنی کے سہارے اسرائیل اپنے جارحانہ اور ناپاک ارادوں کا اظہار کرتارہا ہے۔ غزہ میں مچی تباہی دوسری جنگ عظیم کے بعد جنگ کی ہولناکیوں کا سب سے بڑا وحشت ناک سانحہ ہے۔اسرائیلی کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کی دردناک حقیقت کو اسرائیل جانبدارانہ رویہ کہہ کرجھٹلاتارہاہے۔ ابھی چند دن پہلے اقوام متحدہ کی ایک ٹیم کی ایک رپورٹ میں یہ انکشاف کیاگیاہے کہ فلسطینی خواتین کی صحت جنگ کے دوران بری طرح متاثر رہی ہے۔ اسپتالوں میں زچگیوں کے دوران طبی سہولیات کی کمی کے باعث شرح تولد میں کمی واقع ہونے لگی تو دوسری جانب کھلے عام فلسطینی خواتین کو ہراساں کیاگیا اور ان کا جنسی استحصال بھی اسرائیلی درندگی کی مثال رہا۔ اس رپورٹ کو نیتن یاہو نے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے،افسوس اس بات کا ہے کہ عرب علاقے میں جہاں عرب ممالک دولت سے لدے ہوئے ہیں، تو دوسری جانب غزہ میں تباہی پرتباہی مچائی جاتی رہی ہے۔ عرب ممالک اپنی مصلحتوں کے باعث خاموش ہیں۔ رمضان کے دوران یوں لگ رہا ہے کہ اسرائیلی جنگی حملے غزہ میں بربریت پھیلاتے دائرہ حیات تنگ کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔امریکہ کی جارحیت،سامراجیت،اسرائیل کی من مانی اور غزہ میں فلسطینیوں کی بربادی پر جاری خاموشی اس دور کا بڑا المیہ ہے۔




