زرعی قوانین کے خلاف جاری کسانوں کی جنگ کسی بھی حال میں پیچھے ہٹنے کا نام نہیں لے رہی بلکہ ہر آنے والا دن ان کے عزم کو اور مضبوط کر رہا ہے اور ان کسانو کا یہ جنون مودی حکومت اور مخالف ریاستوں میں برسراقتدار بی جے پی حکومتوں کے مقابل صاف صاف جنگ کا اعلان ہے۔
مانسون اجلاس کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر 200 کسانوں کا دھرنا و مظاہرہ کرنے سے متعلق منصوبہ تو تیار ہو ہی چکا ہے، آئندہ 26 جولائی اور 9 اگست کو لے کر بھی کسان لیڈروں نے منصوبہ بندی کرلی ہے۔
سنیوکت کسان مورچہ کے لیڈر بلبیر سنگھ راجیوال نے آنے والے دنوں میں کسان تحریک کے زور پکڑنے کی بات کہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران 22 جولائی سے 9 اگست تک روزانہ 200 مظاہرین پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس جانے والے سبھی لوگوں کی فہرست تیار کی جائے گی اور ان کے پاس شناختی کارڈ ہوں گے۔ جانے والے سبھی 200 لوگوں کی فہرست سنیوکت مورچہ کے پاس ہوگی۔ اس کے علاوہ جو بھی لوگ پارلیمنٹ ہاؤس پر مظاہرہ کریں گے یا کسان تحریک کے نام پر دہلی پہنچیں گے ان سے سنیوکت کسان مورچہ کا کوئی واسطہ نہیں ہوگا۔
راجیوال نے کسانوں کی آئندہ کی منصوبہ بندی سے متعلق تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ 26 جولائی کو کسان تحریک کے 8 ماہ مکمل ہونے اور 9 اگست کو ’بھارت چھوڑو تحریک‘ کی سالگرہ پر پارلیمنٹ پر دھرنا دینے کے لیے خواتین کے گروپ جائیں گے۔ گویا کہ 26 جولائی اور 9 اگست سے متعلق خواتین کو خصوصی ذمہ داری دی گئی ہے اور اس دن بڑی تعداد میں خاتون کسان مظاہرین پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا و مظاہرہ کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔




