پہلی جماعت کے ٹاپرس کی فہرست نے نئی بحث چھیڑ دی

ریاستِ کرناٹک کے ایک اسکول کی وائرل مارک شیٹ نے سوشل میڈیا پر ایسی بحث کو جنم دیا ہے جس نے تعلیمی نظام، بچوں کے ذہنی دباؤ اور بچپن کے مستقبل سے متعلق کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ننھے طلبہ کے غیرمعمولی نمبرات دیکھ کر جہاں بعض افراد ان کی محنت اور ذہانت کی تعریف کررہے ہیں، وہیں بڑی تعداد میں لوگ اسے کم عمری میں بڑھتے تعلیمی دباؤ کی علامت قرار دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کیا پہلی اور دوسری جماعت ہی سے بچوں کو رینک، مقابلہ بازی اور سو فیصد نمبرات کی دوڑ میں شامل کرنا مناسب ہے؟ ناقدین کے مطابق آج کے بچے کھیل کود، تخلیقی سرگرمیوں اور آزادانہ بچپن سے دور ہوکر صرف کتابوں، امتحانات اور نمبروں کے دباؤ تلے دبتے جارہے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ وائرل نتیجہ نندنا پرائمری اسکول کا ہے۔ تعلیمی سال 2025-26 کے دوسرے سمسٹر کے اس رزلٹ چارٹ میں ایس یگیہ سوریہ ایتال اور خوشیکا وی نے 200 میں مکمل 200 نمبرات حاصل کیے، جبکہ کئی دیگر طلبہ نے بھی 197 سے 199 تک اسکور کیا۔ یہی چارٹ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔
وائرل پوسٹ کے بعد متعدد افراد نے اس رجحان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اتنی کم عمر میں بچوں کے درمیان سخت مسابقت پیدا کرنا ان کی ذہنی نشوونما پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ بعض صارفین نے لکھا کہ اس عمر میں بچوں کو کھیلتے ہوئے سیکھنے کی آزادی ملنی چاہیے، نہ کہ انہیں صرف نمبرات کی دوڑ میں دھکیل دیا جائے۔
کئی مبصرین نے اس معاملے کو صرف ایک اسکول تک محدود نہ مانتے ہوئے کہا کہ یہ پورے معاشرے کی بدلتی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، جہاں بچوں کا تقابل، ٹاپ رینک اور زیادہ نمبرات کا دباؤ اب بہت کم عمری سے شروع ہوچکا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کی فضا بچوں کی ذہنی صحت اور نفسیاتی توازن پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔
اس بحث کے دوران صارفین نے نیشنل ایجوکیشن پالیسی 2020 کا بھی حوالہ دیا، جس میں کم عمر بچوں کے لیے کھیل پر مبنی تعلیم اور کم دباؤ والے تعلیمی ماحول پر زور دیا گیا ہے۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ زمینی حقیقت اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے، جہاں بچوں کو ابتدا ہی سے امتحانات اور رینکنگ کے سخت مقابلے میں اتار دیا جاتا ہے۔
دوسری جانب اس معاملے پر دلچسپ تبصرے بھی سامنے آئے۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے مزاحیہ انداز میں سوال اٹھایا کہ جب خوشیکا وی نے بھی 200 میں 200 نمبر حاصل کیے تو پھر وہ دوسرے نمبر پر کیسے آگئیں۔ کچھ افراد نے اپنے اسکولی دنوں کو یاد کرتے ہوئے ہلکے پھلکے تبصرے بھی کیے، جس سے یہ موضوع مزید توجہ کا مرکز بن گیا۔

Latest Indian news

Popular Stories