بیدر۔15/نومبر۔کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کمارسوامی پر دیوالی کے دن بجلی چوری کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کیا، جس میں ان پر اپنے گھر میں دیوالی کی روشنی کے لیے بجلی کی لائنوں کو غیر قانونی طور پر جوڑنے کا الزام لگایا۔ کانگریس پارٹی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کمارسوامی نے اعتراف کیا کہ ایک پرائیویٹ ڈیکوریٹر نے قریبی بجلی کے کھمبے سے لائن جوڑ کر ان کے گھر میں لائٹنگ سسٹم کی جانچ کی تھی۔ ا نھوں نے کہا ”مجھے اس کا احساس اس وقت ہوا جب میں گھر واپس آیا۔ میں نے اسے فوراً ہٹا دیا۔ گھر کے کنکشن سے بجلی لینے کو یقینی بنایا۔”بنگلور الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی لمیٹڈ کے ویجیلنس ونگ کی شکایت کے بعد ان کے خلاف انڈین الیکٹرسٹی ایکٹ کی دفعہ 135 (بجلی کی چوری) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔کرناٹک کانگریس نے ایک ویڈیو شیئر کیا۔ ویڈیو میں ایک تار نظر آ رہا ہے، جو کمارسوامی کی جے پی نگر رہائش گاہ کی چھت سے پھیلا ہوا ہے۔ سڑک کے پار بجلی کے کھمبے سے بجلی کا کنکشن لگایا گیا تھا۔ کرناٹک کانگریس نے کہا ”یہ ایک المیہ ہے کہ ایک سابق وزیر اعلیٰ نے بجلی چوری کا سہارا لیا۔ کیا آپ نے پریس کانفرنس میں یہ نہیں کہا کہ کرناٹک اندھیرے میں ہے، لیکن اب آپ نے چوری کی بجلی سے اپنے گھر کو روشن کر دیا ہے۔ جب آپ کا گھر اتنا چمک رہا ہے تو آپ کیوں کہتے ہیں کہ کرناٹک اندھیرے میں ہے؟ کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اس معاملے میں بجلی کے حکام سے تحقیقات کے لیے تیار ہیں۔ اگر اسے نوٹس دیا جاتا ہے تو وہ رضاکارانہ طور پر جرمانہ ادا کریں گے۔کمارسوامی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ ایک سابق وزیر اعلیٰ ہونے کے ناطے انہیں بجلی چوری کے معاملے کو معمولی سمجھنے پر شرم آنی چاہیے۔
بہ شکریہ ہند سماچار