بیدر۔21/اپریل۔ کرناٹک کے سابق ڈی جی پی اوم پرکاش کے قتل کیس کی تحقیقات کر رہی پولیس کو پتہ چلا ہے کہ ان کی بیوی پلوی نے چاقو مارنے سے پہلے ان کے چہرے پر مرچ کا پاؤڈر پھینکا تھا۔پولیس نے پلوی کو حراست میں لے لیا ہے کیونکہ وہ قتل کیس میں اہم ملزم کے طور پر سامنے آئی ہے۔ان کے ساتھ ان کی بیٹی کریتی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔بہار سے تعلق رکھنے والے 1981 بیچ کے آئی پی ایس افسر پرکاش اتوار کو شہر کے پوش ایچ ایس آر لے آؤٹ میں اپنے تین منزلہ مکان کے گراؤنڈ فلور پر خون لت پت مردہ پائے گئے۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ”شدید بحث کے بعد پلوی نے پرکاش کے چہرے پر مرچ کا پاؤڈر پھینک دیا۔ذرائع نے بتایا کہ جب کرناٹک کے سابق پولس سربراہ جلن سے راحت حاصل کرنے کے لئے ادھر ادھر بھاگ رہے تھے تو پلوی نے ان پر چاقو سے کئی وار کئے جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔اس کے بعد اس نے اپنے دوست کو ویڈیو کال کی اور مبینہ طور پر کہا ”میں نے اُسے مار ڈالا ہے،” ذرائع نے بتایا کہ قتل جوڑے کے درمیان اکثر جھگڑے کا نتیجہ تھا۔یہ انکشاف ہوا ہے کہ کرناٹک کے دندیلی میں زمین کے ایک ٹکڑے کو لے کر جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا۔چند ماہ قبل پلوی نے شکایت درج کرانے کے لیے ایچ ایس آر لے آؤٹ پولیس اسٹیشن سے رجوع کیا تھا۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ جب وہاں موجود عملے نے ان کی شکایت پر توجہ نہیں دی تو اس نے پولیس اسٹیشن کے سامنے دھرنا دیا۔یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ پلوی شیزوفرینیا میں مبتلا تھی اور دوا بھی لے رہی تھی۔68 سالہ ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر بہار کے چمپارن کا رہنے والا تھا اور اس نے ارضیات میں ماسٹر ڈگری حاصل کی تھی۔پرکاش کو یکم مارچ 2015 کو ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مقرر کیا گیا تھا۔
کرناٹک کے سابق ڈی جی پی قتل کیس: بیوی نے چھرا گھونپنے سے پہلے مرچ کا پاؤڈر پھینک دیا
By y admin




