کوچی ۔ سابق ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) کیرالہ، جیکب تھامس نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) میں بطور پراچارک شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آر ایس ایس اور بی جے پی مسیحی برادری کو اپنی جانب مائل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔جیکب تھامس نے دی نیو انڈین ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یکم اکتوبر کو ضلع ایرناکولم کے پلیکارا میں منعقد ہونے والی آر ایس ایس کی پدھ سنچالن تقریب میں باضابطہ آر ایس ایس کی وردی — جسے گنویشَم کہا جاتا ہے — زیب تن کر کے شریک ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا: "میری وابستگی آر ایس ایس کے ساتھ کئی دہائیوں پر محیط ہے اور میں تنظیم کی اعلیٰ قیادت، بشمول سرسنگھ چالک موہن بھاگوت سے بھی رابطے میں رہا ہوں۔ آر ایس ایس کے کارکنوں کی نظم و ضبط اور قوم کے لیے بے لوث خدمت نے مجھے اس تنظیم کی طرف متوجہ کیا۔ میں نے کبھی کسی آر ایس ایس کارکن کو ذاتی مفاد کا خواہاں نہیں پایا۔ میری نظر میں دنیا میں کوئی اور تنظیم ایسی نہیں جو وطن کے لیے اس قدر خلوص اور جانفشانی کے ساتھ کام کرے۔” جیکب تھامس نے مزید کہا کہ دورانِ ملازمت بھی ان کا آر ایس ایس کے ساتھ تعلق قائم رہا۔ اب انہوں نے تنظیم کو اپنی خدمات بطور مستقل پراچارک پیش کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، اور یہ فیصلہ آر ایس ایس پر منحصر ہے کہ وہ ان کی خدمات کو کس طرح بروئے کار لاتی ہے۔
بہ شکریہ دی نیو انڈین ایکسپریس




