حکومت کو ذات پات کے حساب سے مردم شماری کی رپورٹ پیش کرنے کی ہمت پیدا کرنا چاہئے: وشوناتھ’ سال 2015 میں اس ریاست گیر سروے پر 162 کروڑ خرچ ہوئے

بنگلور۔5/فروری۔(ٹی ایچ جی نیوزبیورو)۔ قانون ساز کونسل میں بی جے پی کے ممبر اے ایچ وشوناتھ نے اپنی ہی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ریاست میں پسماندہ طبقات کمیشن کی ذات پات کی مردم شماری کی رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کی ہمت پیدا کرنا چاہئے۔ وقفہ سوالات کے دوران ممبر کے پی ننجوڑی کے جواب میں پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر کوٹہ سرینواس پجاری نے کہا کہ پسماندہ طبقات کمیشن نے ابھی تک ریاستی حکومت کو رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔ اس پر وشواناتھ نے کہا کہ سال 2015 میں کئے گئے اس ریاست گیر سروے پر 162 کروڑ روپئے خرچ ہوئے تھے۔ اس سے قبل سدارامیا اور پھر کمارسوامی حکومت نے ایوان میں رپورٹ پیش کرنے کی جرا ء ت نہیں کی تھی۔ موجودہ حکومت کو یہ رپورٹ ایوان میں پیش کرنا چاہئے۔ ایسا کرنے سے ریاست کی مختلف برادریوں کے ساتھ معاشرتی انصاف کیا جائے گا۔اس سے قبل وزیر کوٹا سرینواس پجاری نے ایوان کو بتایا کہ حکومت ریاست میں وشواکرما برادری کی آبادی سے واقف نہیں ہے۔ ریاست میں سال 2015 میں ذات پات کے مطابق سروے کیا گیا ہے۔ اس طرح کی معلومات تبھی حاصل کی جاسکتی ہیں جب یہ رپورٹ پیش کی جائے گی۔ کے پی ننجوڑی وزیر کے اس جواب سے متفق نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے پچھلے پانچ سالوں میں متعدد بار یہ سوال کیا لیکن کسی بھی حکومت کے دور میں کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ اس مدت کے دوران متعدد دیگر ممبران نے کے پی ننجوڑی کے اس رپورٹ کو ایوان میں رکھنے کے مطالبے کی حمایت کی۔بی جے پی کے اے ایچ وشوناتھ نے کے پی ننجوڑی کے مطالبے کی حمایت کی اور ریاستی حکومت کو ایک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔پجاری نے کہا کہ وہ جلد ہی اس معاملے پر چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا اور ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن کے چیئرمین جئے پرکاش ہیگڈے سے بات کریں گے۔

Latest Indian news

Popular Stories