بنگلور۔26/اگست۔ ریاستی جے ڈی ایس کے صدر ایچ کے کمار سوامی نے کہا ہے کہ اگر سابق وزیر جی ٹی دیوے گوڑا پارٹی چھوڑنا چاہتے ہیں تو انہیں پہلے ایم ایل اے کے عہدے سے استعفی دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں جی ٹی دیوے گوڑا کی جنتا دل چھوڑنے اور کانگریس میں شامل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایسے میں پارٹی چاہتی ہے کہ دیوے گوڑا کو پارٹی چھوڑنے کے ساتھ ساتھ ایم ایل اے کے عہدے سے استعفیٰ دینا چاہیے۔ سال 2018 کے انتخابات میں، چمندیشوری اسمبلی حلقہ کے ووٹروں نے جنتا دل ایس کے امیدوار ہونے کی وجہ سے انہیں علاقے کا عوامی نمائندہ منتخب کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے ان کی جیت کے لیے دن رات محنت کی ہے۔ ایسی صورتحال میں مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے دیوے گوڑا کو سب سے پہلے ایم ایل اے کے عہدے سے استعفی دینا چاہیے۔ اس کے بعد وہ کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کے لیے آزاد ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دیوے گوڑا گزشتہ کئی ماہ سے پارٹی میں سرگرم نہیں ہیں۔ اپنی سیاسی سہولت کے مطابق انہوں نے کبھی بی جے پی اور کبھی کانگریس کے لیڈروں سے ہاتھ ملایا ہے۔ وہ میسورو میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے حالیہ انتخابات کے دوران بھی غیر فعال تھے۔




