
محمد اعظم شاہد
کرناٹک اسمبلی کے حالیہ سرمائی سیشن کے آخری دن 18 دسمبر 2025 کو ایک اہم بل اپوزیشن بی جے پی کی مخالفت اور ہنگامہ آرائیوں کے درمیان منظورکرلیا گیا- نفرت انگیز تقاریر (hate speech) اورنفرت پر مبنی جرائم (hate Crimes) کی روک تھام کیلئے ایک مؤثر قانون کے نفاذ کیلئے انسداد نفرت انگیز تقاریر وجرائم بل 2025 کی منظوری کے بعد گورنر سے منظوری موصول ہونے پر یہ قانون نافذ العمل ہوجائے گا- ملک کی دیگر ریاستوں میں جس طرح فرقہ پرست عناصر مذہبی منافرت کے ذریعہ عوامی امن کیلئے خطرہ پیدا کرچکے ہیں اور اب بھی کررہے ہیں – ایسا ماحول ریاست کرناٹک میں خصوصی طورپر بی جے پی کے اقتدار کے دوران زور پکڑتا گیا-جب مفاد پرست ہندو توا ایجنڈا کمزور پاتا نظر آیا اور بی جے پی اقتدار سے محروم ہوگئی تب آر ایس ایس کی منظم حکمت عملی کے زیر اثر بی جے پی اور اس کی ذیلی تنظیمیں مذہب کے نام پر نفرت انگیز تقاریر کے ذریعہ نفرت پر مبنی جرائم جیسے ہجومی تشدد، ماب لنچنگ وغیرہ کرکے امن میں خلل ڈالنے کی کوششیں کرتے رہی ہیں – ملک کے آئین میں نفرت انگیز تقاریر اور اظہارِ خیال کی آزادی کے غلط استعمال کی روک تھام کیلئے قوانین طے ہیں – سال 2023 میں نفرت آمیز تقاریر کی روک تھام کیلئے پارلیمان میں BNS Act بھارتیہ نیائے سنہتا انسدادجرائم قانون منظور ہوا، جو اگلے سال 2024 جولائی سے لاگو بھی ہوچکا ہے، باوجود اس قانون کے ملک بھر میں اندھا دھند اشتعال انگیز بیان بازی اور نفرتوں کو مذہب کے نام پر بڑھاوا دینے کی تقاریر کا چلن زور پکڑتا ہی جارہا ہے -کرناٹک میں برسراقتدار کانگریس حکومت نفرت انگیز تقاریر اور نفرت پر مبنی جرائم کے رجحان پر قابو پانے کی کوششوں میں رہی- بالآخر ماہِ دسمبر میں کرناٹک اسمبلی اور کونسل میں انسداد نفرت انگیز تقاریر اور جرائم کے خلاف تاریخی بل منظور ہوگیا -بتایا گیا ہے کہ اس بل کا مقصد ایسے جرائم کو روکنا ہے جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتے ہیں یا مذہب، ذات یا برادری کی بنیاد پر افراد کو نشانہ بناتے ہیں – بی جے پی کی سخت مخالفت اور احتجاج کے درمیان اسمبلی میں مذکورہ بل پیش کرتے ہوئے ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے بحث کے دوران وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ یہ بل نفرت انگیز تقاریر اورجرائم کے پھیلاؤ، اشاعت یا فروغ کو روکنے کیلئے لایا گیا ہے جو ان افراد، گروہوں، اداروں کے خلاف معاشرے میں انتشار پیدا کرتے ہیں -یہ بل ایسے جرائم کیلئے سزا دینے اور متاثرین کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کیلئے لایا گیا ہے -حکومت نے مذکورہ بل سے متعلق اپنا غیرجانبدارانہ موقف بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ قانون نہ صرف مجرموں کو سزا دینے کیلئے بلکہ پورے کرناٹک میں ذمہ دارانہ اظہارِ خیال اور فرقہ وارانہ رواداری کی ثقافت کو فروغ دینے کا بھی ارادہ رکھتا ہے -غور طلب نکتہ یہ ہے کہ کرناٹک اسمبلی میں یہ بل ایسے وقت میں منظورکیا گیا ہے جب نفرت انگیز زبان کے استعمال پر ملک گیر سطح پر بحث جاری ہے -کرناٹک کے اس اقدام کو دیگر ریاستوں کے لئے ایک ممکنہ نمونے کے طورپر دیکھا جارہا ہے، جو ہیٹ کرائم (نفرت پر مبنی جرائم) سے نمٹنے کیلئے سخت قوانین پر غورکررہی ہیں –
مذکورہ بل پر کرناٹک اسمبلی میں بی جے پی کے اپوزیشن لیڈر نے اپنا احتجاج جتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس بل اور نئے قانون کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے – یہ قانون سیاسی نفرت کا بدلہ لینے کیلئے لایا گیا ہے اور اس قانون کے نفاذ سے پولیس ہٹلر بن جائے گی- یہ قانون آزادیئ اظہاراور پریس کے خلاف ہے- یہ قانون اپوزیشن جماعتوں کو ختم کرنے کیلئے لایا گیا ہے-کانگریس اپنے ووٹ بینک کی سیاست کیلئے یہ قانون لارہی ہے -اسی لئے ہم اس کے مخالف ہیں – نفرت سے نپٹنے کیلئے بی این ایس میں بہت سے قوانین موجود ہیں – ایسے میں نفرت انگیز تقاریر اور نفرت کی سیاست پر پابندی کے لئے کسی قانون کی ضرورت نہیں ہے- اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ یہ نیا قانون پریس اور اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے نافذ کیا جارہا ہے-یہ قانون اقتدار والوں کیلئے ہتھیار بنے گا- الزامات کا جال بچھاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پولیس کو پیسہ اکٹھا کرنے اور ہٹلر جیسا برتاؤ کرنے میں مدد ملے گی- اس لئے کہ اس نئے قانون کے تحت کسی کو بھی اور جس طرح چاہے گرفتار کیا جاسکے گا- اس لئے ایک نئے جیل کی ضرورت بھی پڑے گی- بل میں شامل اہم نکات شرپسندوں کیلئے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں -اس لئے کہ بل میں کہا گیا ہے کہ یہ نفرت انگیز تقریر کے پھیلاؤ، اشاعت اور پرچارکو روکنے کا بل ہے -کسی بھی شخص زندہ یا مردہ یا افراد کے گھروں کے خلاف نفرت یا نفرت کے جذبات کو بھڑکانے کے ارادہ سے کیا گیا، شائع یا نشر کیا گیا، کسی بھی متعصبانہ مفاد کو آگے بڑھاتے ہو ئے نفرت انگیز تقریر کے طور پر درج نہیں کی جاتی ہے -مذہب، نسل، ذات یا برادری، جنس، رجحان، جائے پیدائش اور رہائش کی جگہ، زبان، معذوری یا قبیلے کی بنیاد پر کسی بھی تعصب کو نفرت انگیز تقریر کے طورپر درجہ بندی کی جاتی ہے -اس بل میں جو نیا قانون بننے والا ہے، کہا گیا ہے کہ پہلی بار نفرت انگیز تقاریر اور نفرت انگیز جرائم کی سزا کم از کم ایک سال اور زیادہ سے زیادہ سات سال قید اور پچاس ہزار روپئے جرمانہ ہے- تاہم بار بار جرم کرنے پر کم سے کم دو سال اور زیادہ سے زیادہ سات سال قید اور ایک لاکھ روپئے جرمانہ کی سزا ہوسکتی ہے -سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ اگر نفرت انگیز تقاریر کا مقدمہ درج کیا جاتا ہے تو یہ ایک ناقابل ضمانت مقدمہ ہے اور نفرت انگیز تقاریر کا مقدمہ فرسٹ کلاس جوڈیشیل مجسٹریٹ کے ذریعہ چلایا جانا چاہئے- کوئی بھی پولیس آفیسر جو ایگزی کیٹیو مجسٹریٹ یا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے درجے سے نیچے نہیں ہے، اطلاع ملنے پر نفرت انگیز تقاریر کے معاملات کی تحقیقات کرسکتا ہے اور ایکٹ (قانون) کے تحت کارروائی کرسکتا ہے -اس مذکورہ قانون میں شرپسندوں پر قانونی گرفت مضبوط ہوگی- اور ہندتوا تنظیمیں خاص کر بی جے پی اور اس کی ذیلی تنظیمیں جو مذہب کے نام پر نفرت کا پرچار کرنے میں سب سے آگے رہی ہیں – خصوصیت کے ساتھ مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز تقاریر کے ذریعہ فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دیتے ہیں اور جہاں بی جے پی اوران کے ہم نواؤں کی حکومتیں قائم ہیں وہاں قانونی کارروائی سے یہ آسانی سے بچ نکلتے ہیں – اورکھلے عام اپنی کارستانیوں پر اثرات پھرتے ہیں – اسی لئے اب کرناٹک میں بی جے پی اورکئی بنیاد پرست ہندوتنظیموں نے ریاستی گورنر اور صدرجمہوریہ کو میمورنڈم پیش کرکے اصرار کیا ہے کہ یہ بل کو نامنطور کردیا جائے – کیونکہ یہ بل ملک کے آئین میں دئے گئے مراعات بالخصوص اظہارِ خیال کی آزادی کے خلاف ہے – نفرتوں کو مذہبی منافرت سے بھڑکانے اور عدم رواداری کا ماحول پیدا کرنے والے عناصر اپنی نام نہاد کرتوتوں پر پابندی لگتے دیکھ کر چراغ پا ہورہے ہیں -آئے دن بیان بازی زوروں پر ہے کہ انسداد نفرت آمیز تقاریر بل دراصل مذہبی آزادی اور اظہارخیال کی آزادی کے خلاف ہے- ایسا لگ رہا ہے کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والے ہی نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام بل کے خلاف صف آرائی کرنے لگے ہیں -عین ممکن ہے کہ گورنرکرناٹک اور صدر جمہوریہ کے ذرائع سے اس بل پر نئے اعتراضات قائم ہوں گے – مگر یہ بل اس اعتبار سے بھی تاریخی اہمیت کی حامل ہے کہ بے لگام اوربے دھڑک زہرافشانی کرنے والے فرقہ پرستوں کی زبانوں پر مہر لگوانے کا مؤثر اور منظم قانون عمل میں آئے گا اور رواداری کے ماحول کی سلامتی یقینی بن جائے گی-
:




