بنگلور۔22/اکتوبر۔کرناٹک حکومت نے ایک ہاسٹل کے باورچی کو آر ایس ایس کے پروگرام میں شرکت پر برطرف کر دیا ہے۔ یہ کارروائی 20 اکتوبر کو ضلع پسماندہ طبقات فلاحی افسر کی شکایت کے بعد کی گئی، جس میں کہا گیا تھا کہ پرمود کمار، جو بسواکلیان کے پری میٹرک بوائز ہاسٹل میں اسسٹنٹ کک کے طور پر کام کر رہا تھا، نے آر ایس ایس کے روٹ مارچ میں حصہ لیا تھا۔اس شکایت کے بعد بسواکلیان تحصیل پسماندہ طبقات فلاحی افسر نے بیدر ضلع لیبر سروسز ملٹی پرپز کوآپریٹو سوسائٹی کے چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر کو ایک خط جاری کیا، جس میں پرمود کمار کو فوری طور پر ڈیوٹی سے فارغ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ خط میں کہا گیا کہ ”پرمود کمار ایکسٹرنل ریسورسز کے ذریعے پری میٹرک بوائز ہاسٹل میں اسسٹنٹ کک کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ قانون کے مطابق حکومت کی تنخواہ پر کام کرنے والے مستقل یا عارضی ملازمین کو کسی بھی تنظیم میں شرکت کی اجازت نہیں ہے۔”یہ کارروائی اس سے قبل پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسر پر وین کمار کے برطرف ہونے کے بعد کی گئی ہے، جنہوں نے رائچور کے لنگسگور میں آر ایس ایس کے سو سالہ جشن میں حصہ لیا تھا۔ ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں، جن میں وہ روایتی آر ایس ایس یونیفارم میں لاٹھی کے ساتھ نظر آ رہے تھے۔قبل ازیں، 16 اکتوبر کو کرناٹک کابینہ نے نئے قواعد بنانے کا فیصلہ کیا تھا، جن کا مقصد عوامی مقامات پر نجی تنظیموں، بشمول آر ایس ایس، کی سرگرمیوں کو محدود کرنا تھا۔ یہ فیصلہ 12 اکتوبر کو ریاست بھر میں آر ایس ایس کے سو سالہ جشن کے موقع پر ہونے والے پروگراموں اور روٹ مارچ کے بعد کیا گیا۔
ہاسٹل کے باورچی کو آر ایس ایس پروگرام میں شرکت پر برطرف کر دیا گیا
By y admin




