
حالیہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی معیشت سال 21-2020 میں 7.3 فیصد تک گر گئی ہے جو کہ آزادی کے بعد سے اب تک کی بدترین کساد بازاری ہے کیوں کہ کورونا وائرس کے لاک ڈاؤنز کی وجہ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں۔
بنگلور کی عظیم پریم جی یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق گزشتہ برس عالمی وبا کے باعث 23 کروڑ بھارتی شہری غربت کا شکار ہوئے، جس میں غریب ان افراد کو کہا گیا جو یومیہ 375 بھارتی روپے یا 5 ڈالر سے کم پر گزارا کررہے ہیں۔
سال 2020 کے اختتام پر پابندیوں میں نرمی سے سرگرمیں کی عارضی بحالی کو آگے بڑھانے میں مدد ملی تھی لیکن اپریل اور مئی میں کورونا کیسز یکدم بڑھنے کی وجہ سے یہ بہت کم عرصے ہی برقرار رہ سکی۔
بھارتی معیشت کی نگرانی کرنے والے سینٹر کے مطابق بھارت میں وبا کی دوسری لہر سے 8 ہفتوں میں ایک لاکھ 60 ہزار افراد لقمہ اجل بنے جس کی وجہ سے مزید لاک ڈاؤنز لگائے گئے اور صرف اپریل میں 73 لاکھ افراد ملازمت سے محروم ہوئے۔
مودی حکومت نے وبا کے ردِ عمل میں اب تک کسی بڑے محرک اقدامات کے اعلان سے پرہیز کیا ہے
اس کا مطلب اس ملک کے لیے مزید مشکلات ہے جہاں 90 فیصد افرادی قوت غیر رسمی سیکٹر میں بغیر کسی سماجی تحفظ کے کام کرتی ہے اور لاکھوں افراد حکومت کے ایمرجنسی راشن پروگرام کے اہل بھی نہیں۔
دوسری جانب حکومت کو بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا ہے جس میں نوبل انعام یافتہ معیشت دان ایستھر ڈوفلو اور ابھیجیت بینرجی نے بھی کمزور گھرانوں کو براہ راست نقد رقم دینے کے بجائے متاثرہ کاروبار کو قرضوں کی فراہمی پر زیادہ توجہ دینے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔



