ہندوستانی مسلمانوں کو الجھایا جاتا رہا ہے

محمد اعظم شاہد

ملک کی تحریک آزادی میں دیگر ہم وطنوں کے ساتھ ہندوستانی مسلمانوں کا کردار اور قربانیاں ناقابل فراموش رہی ہیں – حصول آزادی کے بعد جدید ہندوستان کی تعمیروتشکیل میں بھی ان کی شمولیت اور خدمات لائق تحسین رہی ہیں – یہ اور بات ہے کہ ملک کی تاریخ میں ان روشن پہلوؤں اور خدمات کو فراموش کرنے کی منصوبہ بند کوششیں جاری ہیں -مسلمانوں کی ملک میں وراثت،خدمات اور شناخت کو یکسر نظر انداز کرنے کا مجرمانہ طرز عمل حکومتِ وقت کی جانب سے اپنایا جارہا ہے- تنگ نظر اور فرقہ واریت سے ہم آہنگ ملک کی ریاستوں میں بھی صوبائی حکومتوں نے مسلمانوں کے خلاف منصوبہ بند محاذ کھول رکھا ہے – شمالی ہند میں کئی ریاستوں میں بشمول دلی میں ناجائز اور غیرقانون تعمیرات کے الزام میں مسلمانوں کے مکان اور دکانیں مسمار کی گئیں اوریہاں تک کہ مساجد پر بھی بلڈوزر چلائے گئے – مسلمانوں کے ساتھ ہورہے جانبدارانہ مظالم اور حق تلفی کے خلاف ہورہے مظاہروں میں شامل مسلمانوں پر مقدمے دائرکئے گئے- ان کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا – ظلم وستم کے ایسے ایسے حربے استعمال کئے گئے کہ تحفظ فراہم کرنے کی بجائے مقامی پولیس بھی حکومتوں کے اشاروں پر ہر طرح کی اذیت باقاعدہ مسلمانوں کو دیتی رہی – انصاف کیلئے بلند ہونے والی حق پسند غیرمسلم آوازوں کو بھی فراموش کیا جاتا رہا ہے -اپنے ہی وطن میں مسلمانوں کو ہندودشمن، وطن دشمن،غیرقانونی طورپر ملک میں داخل ہونے والے درانداز یا گھس پیٹئے کہا گیا – میاں، کبھی ملا یا کٹھ ملا کہا گیا – ان کے (مسلمانوں) لباس، رہن سہن، کھانے پینے، تجارت، معاشرت، عبادات، مساجد اذان، حجاب، داڑھی،ٹوپی، جیسے معاملات پر مسلمانوں کو الجھایا جاتا رہا ہے – ان کی دل آزاری کھلے عام کی جاتی رہی ان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جاتا رہا-کبھی ان کو مین اسٹریم سے الگ رکھنے کی باتیں ہوتی ہیں – سازشیں رچی جاتی ہیں -توکبھی مسلمانوں میں ہی درجہ بندی کی باتیں کی جاتی ہیں – مسلمانوں میں پسماندگی کے خاتمے کیلئے پسماندہ مسلمانوں کی فلاح وبہبودکیلئے موسمی ہمدردیاں اوربیانات کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے –
مسلمانوں کی اپنے وطن سے محبت پر کئی بار ملک کے ٹھیکیداروں کا سوال کھڑے کرتے ہیں -ان کی وطن دوستی اور حب الوطنی کو مشکوک سمجھاجاتا ہے – صرف ایک مذہب کے پیروکار(ہندو) کو وطن کے وفادار قراردیا جاتا ہے -ہندوتوا، ہندوراشٹرا کے بیانیہ کو ہر شعبہئ حیات میں برتا جارہا ہے – مسلمانوں کی معاشی، تعلیمی اورسماجی ترقی کیلئے مواقع تنگ کئے جاتے رہے ہیں -جن ریاستوں میں معاشی،سماجی اور تعلیمی سروے (تجزیہ) کی بنیاد پر مدلل طورپر یہاں مسلمانوں کو ریزرویشن دیا گیا تھا تاکہ تعلیمی وسرکاری ملازمتوں میں ان (مسلمانوں) کے تناسب میں اضافے ہوسکے- وہاں ان ریاستوں میں حکومت کی تبدیلی کے بعد بی جے پی جب اقتدار پر آتی ہے وہاں اس ریزرویشن کو ختم کرنے کی کامیاب کوششیں کی جاتی ہیں – سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس کا نعرہ ایک طرف بڑے زور وشور سے لگایا جاتا رہا ہے – مگریہ نعرہ ہر بار جملہ بازی اورکھوکھلا مسلمانوں کے ساتھ ہورہے رویہ سے واضح ہوتا رہا ہے -بغیر کسی گناہ یا جرم کے ارتکاب کے مسلمانوں کو ہراساں کیا جاتا رہا ہے -انہیں ستایا جاتا رہا ہے – ان کے ساتھ تجارتی بائیکاٹ کی آواز اٹھتی ہے – مسلمانوں کی دکانوں پر ان کا نام اور شناخت ظاہر کرنے کا شرانگریز مطالبہ ہوتا ہے – جو جس کے جی میں آئے وہ بے لگام مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اور نفرت آمیز بیانات دیتا ہے -متعصب پسند تقاریر کرتا ہے – مسلمانوں کی مذہبی شناخت اور عائلی مسائل پر بے تکی باتیں کرتا ہے – مسلمانوں کی شادی، بچوں کی ولادت،طلاق،اوقاف پرتنازعات کھڑے کئے جاتے ہیں -تو کبھی مسلم پرسنل لاء کو غیرآئینی قرار دیا جاتا ہے – یونیفارم سیول کوڈ کا مسلمانوں پر اطلاق کی دہائی دی جاتی ہے – کبھی شہریت قانون میں ترمیم کی آڑمیں سی اے اے اور این آر سی تنازعہ شروع ہوتا ہے – مسلمانوں کو اپنے ہی وطن میں اجنبی اورغیر ثابت کرنے کی مذموم کوششیں ہوتی ہیں – ایس آئی آر کے نام پر ہزاروں لاکھوں نام مسلمانوں کے ووٹرلسٹ سے حذف کئے جاتے ہیں -یہ کہتے ہوئے کہ جو نام ووٹر لسٹ سے نکالے گئے ہیں ان کے پاس درست متعلقہ دستاویزات موجود نہیں ہیں – قابل توجہ پہلو یہ بھی ہے کہ عام مسلمان جن شہروں میں جن علاقوں میں رہائش پذیر ہیں ان علاقوں میں شہری سہولیات بلدی اداروں کی جانبداری کے باعث معقول اور مطلوبہ طورپر فراہم نہیں کی جاتیں -جب یہ سطور لکھ رہا ہوں تو اردو کے مقبول شاعر منور راناؔ کو وہ تبصرہ یاد آرہا ہے جو انہوں نے ایک مرتبہ کہاتھاکہ ملک بھر میں مسلمانوں کے محلے اور اردو زبان کے حالات ایک ہی جیسے ہیں – یعنی جانبداری اور تعصب پسندی دونوں معاملات میں ایک جیسی ہے – چونکہ اردو زبان ملک میں کثرت سے مسلمانوں میں بولی جاتی ہے -اسی لئے اس زبان کے ساتھ بے نیازی، غفلت اوربے توجہی حکومت کی جانب سے چاہے مرکز میں ہو یا ریاستوں میں مسلسل برتی جاتی رہی ہے – اردو کے ملک گیر کردارکو بھی نظرانداز کرتے ہوئے اس کو (اردوکو) محض مسلمانوں اوردینی مدارس اور دہشت گردوں (مسلمانوں سے مراد) کی زبان کہا جاتا رہا ہے –
ہندوستانی مسلمان اپنی اپنی وابستگی کی بنیاد پر دنیا کے کسی بھی حصہ میں مسلمانوں کے ساتھ ہورہی حلق تلفی، ناانصافی اور ظلم وستم پر اپنا احتجاج درج کرواتے رہے ہیں -غزہ کے فلسطینیوں پر ہورہے اسرائیل اور امریکہ کے مشترکہ حملے اور دہشت گردانہ مظالم پر ہندوستانی مسلمانوں نے مزاحمت میں جلوس اور مظاہروں کا اہتمام کرنا چاہا-مگر ملک میں مرکزی حکومت جو اسرائیل کی طرفدار ہے اس نے اس پر پابندی عائد کردی- تمام ریاستی حکومتوں کو بھی یہ باور کروایا گیا کہ مسلمانوں کو اسرائیل وامریکہ کی مذمت اور مزاحمت کی اجازت نہ دی جائے -یعنی بنیادی حقوق آزادی پر بندشیں لگوائی جاتی رہی ہیں – اسی طرح ایران پر جنگی دہشت گرد اسرائیل اور امریکہ کے جنگی حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر ہندوستان میں مسلمانوں کی جانب سے جلوس اور مظاہروں پر بھی پابندی لگائی گئی – گوکہ کرناٹک میں ریاستی حکومت کانگریس کی ہے مگر بنگلور میں ایرانی رہنما آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر مذمتی جلوس نکالا گیا جس پر مقامی پولیس نے مقدمہ دائر کرنے کا اشارہ دیا ہے –
ایک مرتبہ ایک مسلم سینئر صحافی نے مجھ سے گفتگو کے دوران کہاتھاکہ اردو صحافت میں مسلمانوں کے مسال اور ان کی محرومیوں کا تذکرہ بار بار کیا جاتا ہے – ان مسائل سے نمٹنے اور اپنے خول سے باہر آنے کا لائحہ عمل اور آگے کا راستہ اس پہلو پر بات ہی نہیں ہوتی – مگر مثبت طورپر مسلمانوں کی صورتحال اور انہیں جن مسائل کا سامنا ہے وہ کم ازکم تعلیم یافتہ طبقہ اس پہلو سے آگاہ رہے گا تو ممکنہ طورپر وہ عام مسلمان جو اپنے روزانہ معمولات میں مشغول ہے اس سے اس کی زبان اور لہجے میں مختصراً حالات کے بارے میں جاسکے گا – تاکہ وہ باخبر اور محتاط رہ سکے۔

Latest Indian news

Popular Stories