کیا بارش رومانی ہے؟؟

ریحان حیدر -بلہاری

اکثر لوگوں کو لگتا ہے، بارش بے حد رومانی ہے
رم جھم،ٹپ ٹپ، موسیقی کی، دنیا یہ دیوانی ہے

مانا بارش بھیگے جسموں اندر آگ لگاتی ہے
بنجر،ودوا دھرتی کی یہ سونی مانگ سجاتی ہے

اس کے ہی دم سے تو ان کھیتوں میں اب ہریالی ہے
دلہن جیسے پھولوں کے گالوں پر سرخی لالی ہے

برکھا رانی کی تالوں نے بچپن میں بھی نچایا تھا
ندیوں نہروں کی چاہت نے،امی سے پٹوایا تھا

کاغذ کی کشتی چلا کر ہم،جیک سپیرو بنتے تھے
بھجیوں کی ضد کرتے تھے، چولہے پر بھٹے بھنتے تھے

اونی چادر کی باہوں میں،سردی سے راحت ہوتی تھی
پردے میں بیٹھے سورج سے، گرمی کی چاہت ہوتی تھی

یہ پل، یہ لمحے سارے،ہم سب کی پیاری یادیں ہیں
لیکن ساون سے وابستہ، کتنی ہی فریادیں ہیں!

اونچے محلوں سے دیکھو تو, بارش رحمت ہی رحمت ہے
جس کی ہیکچی چھت اس کے دل میں وحشت ہی وحشت ہے

میگھا کی چاہت سے جس پل، ساگر کا من بھر جاتا ہے
وہ موجوں کو بے دردی سے واپس ہی لوٹ آتا ہے

کچھ بوندیں غصے سے جل کر واپس اوپر جاتی ہیں
باہوں کو بادل کی تھامے,امبر میں گم ہو جاتی ہیں

زخموں کی ماری کچھ بوندیں یوں دہشت پھیلاتی ہیں
سیلابوں کی صورت میں لاشوں کے جال بچھاتی ہیں

بارش کی لرزش نے جانے, کتنے گھر بے اولاد کیے
کتنی ماؤں کی جانیں لیں, کتنے جیون برباد کیے!

روزی چھینی لاکھوں کی, فصلوں کو بھی تاراج کیاہے
سچے کسانوں کو اس نے,پھرکتنوں کا محتاج کیاہے

ڈینگو جیسی بیماری کو گودی میں لے کر پالے ہیں
بربادی کے الزاموں سے منہ پھیرے ہیں، ٹالے ہیں!!

مفلس لوگوں کے ساون کی لوگو اتنی کہانی ہے
”چیخیں سننا مشکل ہے پر رونے میں آسانی ہے”

غربت کے ماروں کو جس ساون سے اتنی پریشانی ہے
دنیا دیوانی حیدر کہے یہ بارش رومانی ہے!

Latest Indian news

Popular Stories