پچھلے ماہ کیے گئے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر طیاروں سے حملہ کر دیا ہے۔ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کو ایک مہینہ بھی نہیں ہوا تھا کہ اسرائیل نے اس کی خلاف ورزی کر دی۔
غیرملکی خبررساں ادارے ‘اے پی’ کے مطابق گزشتہ ماہ ہونے والی جنگ بندی کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر فلسطین پر جنگی طیاروں سے حملے شروع کردیے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ فضائی حملے حماس کے ٹھکانے پر کیے گئے جہاں وہ تل ابیب پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصان سے متعلق تفصیلات تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔
منگل کے روز سیکڑوں انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی نوجوانوں نے مشرقی بیت المقدس یروشلم میں طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے مارچ کیا اور عرب مخالف نعرے لگائے۔
کہا جارہا ہے کہ اس کے بعد ایک مرتبہ پھر تشدد کو ہوا ملی ہے۔
غزہ میں فلسطینیوں نے جنوبی اسرائیل میں آگ لگانے والے غبارے چھوڑے جس سے کم سے کم 10 مقامات پر معمولی آگ لگ گئی۔
فلسطینی مارچ اشتعال انگیزی قرار دیا اور حماس نے فلسطینیوں سے پریڈ کی ‘مزاحمت’ کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایک موقع پر کئی درجن اسرائیلی نوجوانوں نے ہوا میں ہاتھ لہراتے ہوئے نعرہ لگایا کہ ‘عربوں کی موت ہو’ ایک اور عرب مخالف نعرے میں انہوں نے چیخ کر کہا کہ ‘تمہارے گاؤں کو نذر آتش کریں’۔
دوسری جانب اسرائیل کے وزیر خارجہ نے مارچ کی مذمت کی اور کہا کہ جو اسرائیلی مظاہرین جو نسل پرستی پر مبنی نعرے لگارہےہیں دراصل وہ اسرائیلی لوگوں کے لیے ندامت کا باعث بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ان انتہاپسندوں کی وجہ سے اسرائیلی کا پرچم نفرت اور نسل پرستی کی علامت بن چکا ہے جو کہ ناقابل فہم اور نظر انداز ہے۔




