بنگلور۔17/نومبر۔بنگلور ( ٹی ایچ جی نیوز بیورو )۔ جنتادل ایس اگلے ہفتے حالیہ اختتام پذیر دو اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخاب اور قانون ساز کونسل اور گریجویٹ حلقہ کے 4 اساتذہ کے انتخاب میں شکست پر نظرثانی کرے گا۔ پارٹی کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا، سابق چیف منسٹر ایچ ڈی کمارسوامی سمیت متعدد سینئر رہنما اگلے ہفتے دفتر جئے پرکاش نارائن بھون میں اجلاس میں شریک ہوں گے۔پارٹی کارکنان انتخابات میں پارٹی کی شرمناک کارکردگی پر ناراض ہیں۔ لہذا پارٹی کے سینئر رہنما پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرکے اعتماد بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ جنتادل ایس راجیہ سبھا کی ایک نشست کے لئے انتخابات سے دور رہیں گے۔ جب اس انتخاب کے لئے کانگریس سے حمایت کا مطالبہ کیا جائے گا، تب پارٹی اس پارٹی کے امیدوار کی حمایت کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔




