کرناٹک: فش پروسیسنگ یونٹ میں بڑا حادثہ، ٹینک میں گرنے والے مزدور کو بچانے کے باوجود دم گھٹنے سے پانچ کی موت

بیدر۔18/اپریل۔ کرناٹک کے منگلورو میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ فش پروسیسنگ یونٹ میں دم گھٹنے سے 5 مزدور جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کے بعد انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ منگلورو کے پولس کمشنر این ششی کمار نے یہ اطلاع دی۔پولیس کمشنر نے کہا کہ یہ واقعہ منگلورو کے اسپیشل اکنامک زون (SEZ) میں شری الکا ایل ایل پی میں واقع فش پروسیسنگ یونٹ میں پیش آیا۔ حادثہ کل شام کا بتایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مزدور کچرا اٹھانے والے ٹینک کے اندر گرا اور بے ہوش ہوگیا۔ان کا مزید کہنا تھا، ‘ٹینک میں گرنے والے مزدور کو بچانے کے لیے مزید سات مزدور نیچے اترے۔ نیچے اترتے ہی باقی کارکن بھی بے ہوش ہوگئے۔ کسی طرح تمام مزدوروں کو ٹینک سے نکال کر اے جے اسپتال لے جایا گیا۔ گزشتہ رات تین مزدور دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔ پیر کی صبح مزید دو مزدوروں کی موت ہو گئی۔تمام مزدور مغربی بنگال کے رہنے والے تھے۔ متوفی کی عمر 20 سے 22 سال کے درمیان تھی۔ باقی تین مزدور اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں منیجر اور سپروائزر کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 304 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پروڈکشن منیجر روبی جوزف، ایریا منیجر کبیر گاڈے اور سپروائزرز محمد انور اور فاروق کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے کہا کہ یہ بہت سنگین مسئلہ ہے کیونکہ پانچ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

Latest Indian news

Popular Stories