کرناٹک حکومت کو ذات پات کی مردم شماری کرانے کا کوئی حق نہیں: جوشی

بیدر۔24/نومبر۔ مرکزی پارلیمانی امور، کوئلہ اور کانوں کے وزیر پرہلاد جوشی نے جمعہ کو کہا کہ کرناٹک حکومت کو ذات پات کی مردم شماری کرانے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جوشی نے کہا کہ ذات پات کی مردم شماری کرانے کا کام مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے۔کرناٹک حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کے کام کو انجام دے گی۔وزیر نے کہا، ”کانگریس حکومت کے اندر ذات پات کی مردم شماری کے معاملے پر بہت زیادہ اختلافات ہیں۔ کانگریس کے اندر کنفیوژن پھیلی ہوئی ہے اور اس کا اثر گورننس پر پڑے گا۔پسماندہ طبقات کمیشن کے چیئرمین نے ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اصل بلیو پرنٹ غائب ہو گیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور کانگریس کے سینئر لیڈر شمانور شیواشنکرپا ذات پات کی مردم شماری کے خلاف ہیں۔ چیف منسٹر سدارامیا کچھ ایم ایل اے کو آگے کر کے اس معاملے پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لوگوں کے مفاد میں حکمرانی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔”جوشی نے کہا چیف منسٹرسدارامیا کانگریس میں گروہ بندی کر رہے ہیں۔ انہوں نے 20 ایم ایل اے کو دورے پر بھیجا ہے۔ بہت سے ایم ایل اے بیرون ملک دورے پر بھی ہیں۔ وہ کنفیوژن پیدا کر رہے ہیں، جو کہ سمجھداری اور درست نہیں ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories