کرناٹک: لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں -بی بی ایم پی چیف کمشنر

بیدر۔13/جنوری۔ بروہت بنگلورو مہانگرا پالیکے (بی بی ایم پی) کے چیف کمشنر گورو گپتا نے کہا کہ دارالحکومت میں کورونا کیسز کی زیادہ تعداد کے باوجود لاک ڈاؤن کو نافذ کرنے کے موضوع پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔انہوں نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ اس وبا کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ تاہم ابھی تک لاک ڈاؤن پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کے لیے ہر شہری کو کووڈ کے قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر شہری کو ماسک پہننے کے علاوہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنا چاہیے۔ اس کے علاوہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہیں نکلنا چاہیے۔ گورو گپتا نے کہا کہ زیادہ ہجوم والے بازاروں کو منتقل کیا جائے گا۔ تاجروں اور دکانداروں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں انفیکشن کے 21,390 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ 73فیصد مریضوں کا تعلق بنگلور سے ہے۔ ریاست میں اب تک متاثرہ کل 30,99,519 افراد میں سے 29,68,002 لوگوں نے کورونا وائرس کو شکست دی ہے۔ ان میں سے چہارشنبہ کو 1541 لوگوں کو انفیکشن سے پاک قرار دیا گیا۔ ریاست میں کوویڈ کی وجہ سے کل 38,389 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ ان میں سے چہارشنبہ کو 10 اموات کی تصدیق ہوئی۔ ان میں سے چھ اموات بنگلورو شہر میں ہوئی ہیں۔ ریاست میں فعال مریضوں کی تعداد 93,099 تک پہنچ گئی ہے۔ چہارشنبہ کو ریاست میں ٹیسٹ پازیٹیوٹی ریٹ (ٹی پی آر) 10.96 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ صحت یاب ہونے کی شرح 95.75 فیصد اور اموات کی شرح 1.23 فیصد ہے۔21,390 میں سے 15,617 معاملے صرف بنگلورو کے شہری ضلع میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ شہر میں صحت یابی کی شرح 93.25 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ متاثرہ 1334957 میں سے 1244869 صحت مند ہو چکے ہیں۔ کوویڈ کی وجہ سے کل 16,433 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ شہر میں ایکٹو کیسز کی تعداد بڑھ کر 73,654 ہو گئی ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories