بیدر۔ 21 / ستمبر ۔ کرناٹک اسٹیٹ اسکول ایگزامینیشن اینڈ اسیسمنٹ بورڈ (KSEAB) نے تعلیمی سال 2025-26 کے لیے ایس ایس ایل سی (سیکنڈری اسکول لیونگ سرٹیفکیٹ) اور دوم پی یو سی (پری یونیورسٹی کورس) امتحانات کا عبوری شیڈول جاری کردیا ہے۔ طلبہ اور ان کے والدین کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ 20 ستمبر سے 9 اکتوبر 2025 تک اس امتحانی جدول پر اپنے اعتراضات پیش کرسکتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق، اگر بورڈ کو اعتراضات معقول اور درست ثابت ہوں تو ایک نیا امتحانی شیڈول جاری کیا جائے گا۔ اعتراضات بورڈ کے چیئرمین کو بذریعہ ای میل [email protected] ارسال کرنے کے ساتھ ساتھ ایک پرنٹ شدہ نقل بذریعہ ڈاک درج ذیل پتے پر بھی روانہ کرنا ضروری ہے:
چیئرمین، کرناٹک اسٹیٹ اسکول ایگزامینیشن اینڈ اسیسمنٹ بورڈ، ششم کراس، ملیشورم، بنگلورو-560003۔
واضح رہے کہ مقررہ تاریخ یعنی 9 اکتوبر کے بعد موصول ہونے والے اعتراضات کسی بھی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر شیڈول کا مطالعہ کرکے اپنی رائے یا اعتراض بروقت جمع کرائیں۔
بشکریہ این ڈی ٹی وی




