حجاب معاملہ پر کھرگے نے بی جے پی کو نشانہ بنایا

بیدر۔11/فروری۔کرناٹک کے اڈپی سے شروع ہوا حجاب تنازعہ ہائی کورٹ، سپریم کورٹ سے ہوتا ہوا پارلیمنٹ تک پہنچ گیا ہے۔ جمعہ کو راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر و کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے نے اس تنازعہ پر حکومت کو نشانہ بنایا۔ کھرگے نے کہا کہ کرناٹک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لیے حکومت اور خاص طور پر بی جے پی کے اراکین ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ریاستوں میں انتخابات ہیں اور بی جے پی حجاب تنازعہ کے ذریعے اس کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔کھرگے نے کہا کہ پی ایم مودی راجیہ سبھا میں موجود تھے۔ ہم نے مہنگائی، بے روزگاری، کسان، جی ڈی پی، قومی سلامتی اور اتحاد کے مسائل اٹھائے، لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ پی ایم نے بجائے ان مسائل پر کانگریس پر تنقید کی۔ انہوں نے پارلیمنٹ کا وقت ضائع کیا۔ انہوں نے یہاں بھی اپنی انتخابی مہم جاری رکھی۔

Latest Indian news

Popular Stories