کے ایم ڈی سی کی طرف سے اقلیتی طبقوں کے طلباء کو اریوو اسکیم کے تحت جو تعلیمی قرضہ دیا جاتا ہے وہ رواں مالی سال کے دوران90فیصد سے زیادہ گھٹا دیا گیا ہے

بنگلور۔16/فروری۔(ٹی ایچ جی نیوز بیورو)۔ کرناٹک میں کورونا وائرس کے بہانے اقلیتوں کو نقصان پہنچانے حکومت کی طرف سے بہانے بازی کر کے بجٹ میں کٹوتی کی خبروں کے درمیان ایک اور افسوسناک بات یہ سامنے آئی ہے کہ پیشہ ورانہ تعلیم کیلئے کرناٹکا مائنارٹیز ڈیولپمنٹ کارپوریشن (کے ایم ڈی سی) کی طرف سے اقلیتی طبقوں کے طلباء کو اریوو اسکیم کے تحت جو تعلیمی قرضہ دیا جاتا ہے وہ رواں مالی سال کے دوران90فیصد سے زیادہ گھٹا دیا گیا ہے اور اس کا ہونا نہ ہو نے کے برابر ہو چکا ہے-اس کی وجہ دریافت کئے جانے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا بحران کے سبب حکومت نے اس اسکیم کیلئے فنڈس مہیا نہیں کروایا- اریوو تعلیمی قرضہ اسکیم کے تحت کرناٹکا ایگزامنیشن اتھارٹی کی طرف سے کروائے جانے والے سی ای ٹی امتحان، نیشنل ایلی جبلٹی اینٹرنس ٹسٹ(نیٹ)کامیڈ -کے اور دیگرامتحانات کے ذریعے پروفیشنل کالجوں میں داخلہ لینے والے طلباء کو داخلہ فیس کی ادائیگی کیلئے کے ایم ڈی سی کی جانب سے اریوو اسکیم کے تحت قرضہ دیا جاتا ہے- سابقہ سدارامیا حکومت کے دور اقتدار میں اس اسکیم کو غیر معمولی طریقے سے آگے بڑھایا گیا اور اس سے ہزاروں کی تعداد میں طلباء نے استفادہ کیا- 2018-19کے بجٹ میں اس اسکیم کیلئے کے ایم ڈی سی کے بجٹ میں سے 108کروڑ روپیوں کی رقم مختص کی گئی تھی جبکہ2019-20کے دوران اس اسکیم کے تحت70کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی لیکن سال 2020-21کے بجٹ میں تعلیمی قرضوں کیلئے نافذ اس اسکیم کیلئے صرف10کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں – حکومت کے اس اقدام کو اقلیتوں سے اس کی دشمنی سے تعبیر کیا جا رہا ہے -ماہرین کا ماننا ہے کہ حکومت کی طرف سے جس طرح اقلیتی طبقہ کے فنڈس کو کاٹا جا رہا ہے اس سے یہی تاثر قائم ہو رہا ہے کہ اس محکمہ کی اہمیت کو کم کرنے میں کافی حد تک کامیاب ہونے کے بعد اب بی جے پی حکومت اس کی سرگرمیوں کو یا تو محدود کردینا چاہتی ہے یا ختم کردینے کیلئے بھی تیار نظر آرہی ہے-اریوو اسکیم کے فنڈس میں غیر معمولی کٹوتی کا اثر یہ سامنے آیا تو یہ پہلو بھی سامنے آیا کہ تعلیمی قرضہ نہ ملنے کے سبب پیشہ ورانہ کورسوں کیلئے منتخب بے شمار مسلم اور دیگر اقلیتی طلباء جو غریب خاندانوں سے وابستہ تھے داخلے سے محروم ہو گئے اور ان کی طرف سے جو سیٹ حاصل کی گئی بروقت فیس ادا نہ ہونے کے سبب وہ جاتی رہی، ان بچوں کی تعلیم متاثر ہو کر رہ گئی-جبکہ بعض معاملوں میں والدین نے اریوو لون نہ ملنے کے سبب دیگرذرائع سے قرضہ لے کر کافی ہنگامی حالات میں اپنے بچوں کو داخلہ دلوایا-اب یقین کے ساتھ یہ کہنا مشکل ہو چکا ہے کہ اگلے بجٹ میں حکومت کی طرف سے اس اسکیم کیلئے کتنا فنڈس مختص کیا جا تا ہے – پہلے ہی مالی بحران سے گھرے کے ایم ڈی سی کے افسروں سے اس سلسلہ میں بات کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے اس کے بارے میں کچھ بھی بتانے سے گریز کیا-

Latest Indian news

Popular Stories