75 ہزار کروڑ روپے کی ’گرہا لکشمی‘ اسکیم پر سوالات، سی اے جی آڈٹ کے بعد کرناٹک کی سیاست میں ہلچل
بیدر۔25/جون۔ کرناٹک حکومت کی خواتین کے لیے شروع کی گئی اہم فلاحی اسکیم ”گروہا لکشمی“ ایک بار پھر سیاسی بحث کا مرکز بن گئی ہے۔ تقریباً 75 ہزار کروڑ روپے مالیت کی اس اسکیم کے حوالے سے مبینہ طور پر کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی آڈٹ رپورٹ میں مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کیے جانے کے بعد ریاست کی سیاست میں نئی گرما گرمی پیدا ہوگئی ہے۔اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے معاملے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ریاستی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف آر اشوک نے دعویٰ کیا ہے کہ سی اے جی آڈٹ نے کانگریس حکومت کے طرزِ حکمرانی اور انتظامی خامیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔آر اشوک نے کہا کہ عوامی خزانے سے ہزاروں کروڑ روپے خرچ کیے جانے والی اسکیم میں اگر مالی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں تو اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق سی اے جی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔دوسری جانب کانگریس حکومت نے ان الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ گروہا لکشمی اسکیم میں کسی قسم کا گھوٹالہ یا بدعنوانی نہیں ہوئی ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاست بھر میں مستحقین کے ریکارڈ کی جانچ اور تصدیق کے لیے ایک جامع سروے جاری ہے تاکہ اگر کہیں غیر مستحق افراد اسکیم سے فائدہ اٹھا رہے ہوں تو ان کی نشاندہی کر کے فہرست کو درست کیا جا سکے۔حکومت کے مطابق یہ عمل انتظامی شفافیت اور مستحق خواتین تک اسکیم کے فوائد کی مؤثر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے اور اسے کسی بھی طرح مالی بدعنوانی سے جوڑنا درست نہیں ہوگا۔وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بھی اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ”گروہا لکشمی“ ریاستی حکومت کی ایک فلیگ شپ اور عوام دوست اسکیم ہے، جس کے ذریعے لاکھوں خواتین کو مالی سہارا فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسکیم کو کسی بھی صورت میں بند نہیں کیا جائے گا اور اس کا نفاذ بدستور جاری رہے گا۔سیاسی مبصرین کے مطابق سی اے جی آڈٹ کے بعد اٹھنے والے سوالات آنے والے دنوں میں کرناٹک کی سیاست میں ایک اہم موضوع بن سکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب کانگریس حکومت اپنی مختلف ضمانتی اور فلاحی اسکیموں کو اپنی بڑی کامیابی کے طور پر پیش کر رہی ہے، جبکہ اپوزیشن ان اسکیموں کی شفافیت اور مالیاتی نظم و نسق پر مسلسل سوالات اٹھا رہی ہے۔واضح رہے کہ ”گروہا لکشمی“ اسکیم کانگریس حکومت کی اہم ضمانتی اسکیموں میں شامل ہے، جس کے تحت ریاست کی مستحق خواتین کو ماہانہ مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اس اسکیم سے لاکھوں خواتین مستفید ہو رہی ہیں اور حکومت اسے خواتین کی معاشی خودمختاری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتی ہے۔
بنگلورو میں سیاسی ریلی کے باعث NEET امیدواروں کی پریشانی، کئی طلبہ امتحان سے محروم؛ معاملہ سیاسی رنگ اختیار کر گی
بیدر۔25/جون۔کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں نیٹ (NEET-UG) کے دوبارہ منعقدہ امتحان کے دوران شدید ٹریفک جام اور سڑکوں کی بندش کے باعث متعدد طلبہ کو امتحانی مراکز تک پہنچنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کم از کم تین طلبہ امتحان میں شرکت سے ہی محروم رہ گئے۔ اس واقعے نے اب سیاسی رخ اختیار کر لیا ہے اور کانگریس و بی جے پی کے درمیان الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔والدین اور طلبہ نے الزام عائد کیا ہے کہ کانگریس کی ایک بڑی ریلی کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر غیر معمولی ٹریفک جام پیدا ہو گیا، جس کے نتیجے میں کئی امیدوار وقت پر اپنے امتحانی مراکز تک نہیں پہنچ سکے۔ اس صورتحال نے طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ میں شدید بے چینی پیدا کر دی۔ملک بھر میں تقریباً 22 لاکھ طلبہ نے نیٹ یو جی کے دوبارہ امتحان میں شرکت کی۔ یہ امتحان ایک ماہ قبل منعقدہ امتحان کے بعد دوبارہ لیا گیا، کیونکہ پہلے امتحان کے دوران پرچہ لیک ہونے کے الزامات سامنے آئے تھے، جس کے بعد بعض امیدواروں کے لیے دوبارہ امتحان کا انعقاد کیا گیا۔امتحان دوپہر 2 بجے شروع ہونا تھا جبکہ امیدواروں کو کم از کم آدھا گھنٹہ قبل امتحانی مراکز میں حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم بنگلورو کی سڑکوں پر ٹریفک کی غیر معمولی صورتحال کے باعث وقت گزرتے ہی والدین اور طلبہ کی پریشانی میں اضافہ ہوتا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق کئی والدین اپنے بچوں کو بروقت امتحانی مراکز تک پہنچانے کے لیے دو پہیہ گاڑیوں پر تیزی سے سفر کرتے نظر آئے۔ بعض افراد نے ٹریفک جام سے بچنے کے لیے اپنی اسکوٹروں کو فٹ پاتھوں پر بھی چلایا۔ اس دوران کئی مقامات پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھنے میں آئیں۔متاثرہ طلبہ کے والدین کا کہنا ہے کہ امتحان جیسے اہم موقع پر انتظامیہ کو ٹریفک کے مؤثر انتظامات کرنے چاہیے تھے تاکہ کسی امیدوار کا مستقبل متاثر نہ ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے طلبہ کے معاملے پر ہمدردانہ غور کیا جائے جو اپنی غلطی کے بغیر امتحان سے محروم رہ گئے۔دوسری جانب اس واقعے نے سیاسی تنازع کی شکل اختیار کر لی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں کو طلبہ کے مستقبل پر ترجیح دی گئی۔ بی جے پی قائدین نے کہا کہ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث طلبہ کو نقصان اٹھانا پڑا۔کانگریس نے تاہم ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال کی مکمل جانچ کی جائے گی اور حقائق سامنے آنے کے بعد ہی کوئی نتیجہ اخذ کیا جانا چاہیے۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اس معاملے کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں طلبہ، والدین اور سماجی کارکنوں نے انتظامیہ سے جواب طلب کرتے ہوئے امتحانات کے دن سیاسی اجتماعات اور بڑے پروگراموں کے بہتر انتظام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کرناٹک حکومت کا بڑا انتظامی اقدام، ’پرجا سیوا محکمہ‘ قائم؛ عوامی خدمات ایک ہی چھتری تلے جمع
بیدر۔25/جون۔( کرناٹک حکومت نے عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر، شفاف اور تیز رفتار بنانے کے مقصد سے ایک اہم انتظامی اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے نیا ”پرجا سیوا محکمہ“ قائم کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی قیادت والی حکومت نے شہری خدمات سے متعلق تین اہم شعبوں کو یکجا کرکے یہ نیا محکمہ تشکیل دیا ہے۔ریاستی کابینہ نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد 24 جون کو سرکاری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے محکمہ کے قیام کو باضابطہ شکل دی گئی۔نئے محکمہ کو ریاست بھر میں عوامی شکایات کے ازالے، انتظامی اصلاحات، سرکاری طریقہ کار کو آسان بنانے اور شہری خدمات کی فراہمی کے لیے مرکزی یا نوڈل ایجنسی کی حیثیت دی گئی ہے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ مختلف شعبوں کو ایک ہی انتظامی ڈھانچے کے تحت لانے سے عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی اور خدمات کی فراہمی مزید مؤثر ہوگی۔انتظامی تنظیمِ نو کے تحت ایڈمنسٹریٹو ریفارمز وِنگ (انتظامی اصلاحات شعبہ)،پبلک گریوینسز ڈیوژن (عوامی شکایات شعبہ) اورسکالا مشن کو ضم کرکے ”پرجا سیوا محکمہ“ میں شامل کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق نیا محکمہ حکومت کے اہم عوامی رابطہ اور خدماتی پروگراموں، خصوصاً جناسپندنا اورسکالا کی نگرانی بھی کرے گا۔ اس کا بنیادی مقصد عوامی شکایات اور مختلف خدمات سے متعلق درخواستوں کے بروقت اور مقررہ مدت کے اندر ازالے کو یقینی بنانا ہے۔حکومت نے نئے انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنانے کے لیے 73 عہدوں کی منظوری بھی دی ہے۔ ضم کیے گئے تمام شعبوں کے افسران اور ملازمین کو ایک ہی انتظامی نظام کے تحت لایا جائے گا تاکہ کام کاج میں بہتر ہم آہنگی پیدا ہو سکے۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مختلف محکموں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا، غیر ضروری دفتری تاخیر میں کمی آئے گی اور عوام کو سرکاری خدمات کے حصول میں درپیش مشکلات کم ہوں گی۔حکام کے مطابق اس تنظیمِ نو کا بنیادی مقصد حکمرانی کے نظام میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی ضروریات کے تئیں فوری ردعمل کو فروغ دینا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں اور سرکاری دفاتر کے درمیان رابطے کو آسان اور مؤثر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ”پرجا سیوا محکمہ“ اپنے مقاصد کے مطابق کام کرنے میں کامیاب رہا تو یہ ریاست میں عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے اور شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے اور غیر ضروری تاخیر سے بڑی حد تک نجات مل سکتی ہے۔
بسواکلیان ہندو کنونشن کو مشروط اجازت، ادروشیہ کداسدھیشور سوامی کے خطاب پر پابندی
بیدر۔25/جون۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے بیدر ضلع کے بسواکلیان میں 28 جون کو منعقد ہونے والے مجوزہ ”بسوادی شیوا شرن برہت ہندو سماویش“ کے انعقاد کی مشروط اجازت دے دی ہے، تاہم عدالت نے کانیری مٹھ کے سربراہ شری ادروشیہ کداسدھیشور سوامی جی کو تقریب سے خطاب کرنے یا کسی دوسرے کے ذریعے اپنا پیغام پہنچانے سے روک دیا ہے۔ گلبرگہ بنچ کے جسٹس ایس آر کرشن کمار نے چہارشنبہ کے روز مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے کنونشن کے انعقاد کی اجازت دی اور اس کے لیے 14 شرائط عائد کیں۔ عدالت نے پروگرام میں زیادہ سے زیادہ 2,500 افراد کی شرکت کی حد مقرر کی ہے۔عدالت نے اسی روز مجوزہ شوبھا یاترا (جلوس) نکالنے کی بھی اجازت نہیں دی اور واضح کیا کہ ادروشیہ کداسدھیشور سوامی نہ تو تقریب میں خطاب کر سکیں گے اور نہ ہی کسی دوسرے شخص کے ذریعے اپنا پیغام شرکاء تک پہنچا سکیں گے۔یہ کنونشن بسوادی شیوا شرنوں کے نام پر بساواکلیان میں منعقد کیا جا رہا ہے اور اس کی سرپرستی کانیری کے ادروشیہ کداسدھیشور سوامی کر رہے ہیں۔کنونشن آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر گنڈپا ریڈی نے تحصیلدار دتاتریہ گادا کے اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس میں انہوں نے امن و امان کی ممکنہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے پروگرام کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ہائی کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پروگرام کے انعقاد کی اجازت دیتے ہوئے سخت شرائط عائد کیں تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔




