بیدر میں قومی پلس پولیو مہم کی تشہیری گاڑیوں کی ریلی کا آغاز
بیدر۔20/دسمبر۔ قومی پلس پولیو پروگرام کے تحت 21 سے 24 دسمبر تک جاری رہنے والی مہم کے سلسلے میں ہفتہ کے روز بیدر میں تشہیری گاڑیوں کی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ضلع صحت و خاندانی بہبود افسران کے دفتر سے اس ریلی کو ضلع کی نوڈل افسر ڈاکٹر اندومتی کامشیٹی نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اندومتی کامشیٹی نے بتایا کہ ضلع میں دیہی اور شہری علاقوں کو ملا کر 0 سے 5 سال کی عمر کے 2,13,372 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن بچوں کی پہلی مرحلے میں ویکسینیشن رہ جائے گی، ان تک پہنچنے کے لیے مجموعی طور پر 3,35,347 گھروں کا دورہ کیا جائے گا تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے محفوظ رہنے سے محروم نہ رہے۔ضلع صحت و خاندانی بہبود افسر ڈاکٹر دھیانیشور نیرگوڑے نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیو مہم کے لیے کل 1,077 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پولیو بوتھس پر 0 سے 5 سال کے تمام بچوں کو لازمی طور پر پولیو کے دو قطرے پلائیں اور جو بچے رہ جائیں، ان تک گھروں پر جا کر ٹیموں کے ذریعے ویکسینیشن کرائی جائے۔ضلع آر سی ایچ افسر ڈاکٹر شِو شنکر بھت مرگے نے کہا کہ قومی پلس پولیو پروگرام چار روزہ مہم ہے اور اس میں تمام والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے قریبی پولیو بوتھ پر بچوں کو ضرور ویکسین پلائیں تاکہ بچوں کو معذوری سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم میں مختلف محکموں جیسے خواتین و اطفال بہبود، تعلیم، بجلی بورڈ، پولیس، پنچایت راج، آر ٹی او، کے ایس آر ٹی سی، بلدیہ، اقلیتی بہبود، محنت و روزگار، روٹری کلب، آئی اے پی اور آئی ایم اے کے تعاون سے یہ پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ان تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ چاہے بچوں کو پہلے بھی پولیو کے قطرے پلائے گئے ہوں، اس مہم کے دوران دوبارہ قطرے ضرور پلائیں۔اس موقع پر متعدد ڈاکٹرس، ضلعی و تعلقہ صحت افسران، آر سی ایچ شعبہ کے عملے اور بیدر شہر کے مختلف صحت مراکز کے ڈاکٹرز و ملازمین بڑی تعداد میں موجود تھے۔
وزیر ایشور بی کھنڈرے کل بیدر میں قومی پلس پولیو مہم کا افتتاح کریں گے
بیدر۔20/دسمبر۔ریاستی وزیر جنگلات، ماحولیات و حیاتیات اور بیدر ضلع کے انچارج وزیر ایشور بی کھنڈرے اتوار 21 دسمبر کو صبح 8 بجے بیدر کے گاوان چوک (اولڈ سٹی) میں واقع“اوئسٹر اسکول آف ایکسی لینس”میں ضلع سطح پر قومی پلس پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔اس موقع پر 0 سے 5 سال کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ضلع انتظامیہ، ضلع پنچایت اور محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران، بشمول ضلع صحت و خاندانی بہبود افسر اور محکمہ صحت کے تمام پروگرام افسران اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہ اطلاع ضلع صحت و خاندانی بہبود افسر نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے دی ہے۔
اوراد سب ڈیوژن میں 22 دسمبر کو بجلی کی عارضی بندش
بیدر۔20/دسمبر۔اوراد سب ڈیوژن کے کمل نگر سیکشن کے تحت آنے والے علاقوں میں 22 دسمبر 2025 کو بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔ کمل نگر 33/11 کے وی سب اسٹیشن سے منسلک 11 کے وی ایکسپریس، اسٹون کریشر، ہورندی آئی پی، کالگاپور این جے وائی اور سونال آئی پی فیڈرز میں صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک بجلی بند رہے گی۔محکمہ بجلی کے مطابق یہ بندش تکنیکی وجوہات اور ضروری دیکھ بھال کے کام کے سبب کی جا رہی ہے۔ بیدر آپریشن و مینٹیننس ڈیوژن کے ایگزیکٹو انجینئر (بجلی) نے متعلقہ علاقوں کے صارفین سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
قومی لوک عدالت میں 46 ہزار سے زائد مقدمات نمٹائے گئے، 21 کروڑ سے زیادہ کی رقم فریقین کو حاصل: جسٹس ایس بی رحمان
بیدر۔20/دسمبر۔ 13 دسمبر کو منعقد ہونے والی قومی لوک عدالت کے دوران بیدر ضلع بھر میں مجموعی طور پر 46,116 مقدمات خوش اسلوبی سے نمٹا دیے گئے، جس کے نتیجے میں فریقین کو کل 21,92,14,606 روپے کی رقم بطور تصفیہ اور معاوضہ فراہم کی گئی۔ یہ جانکاری ضلع پرنسپل و سیشن جج اور بیدر ضلع لیگل سروس اتھارٹی کے چیئرمین جسٹس ایس بی رحمان نے دی۔وہ ہفتہ کے روز ضلع لیگل سروس اتھارٹی کے اجلاس ہال میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کی مختلف عدالتوں میں زیر التوا 13,902 مقدمات کا فیصلہ لوک عدالت کے ذریعے کیا گیا، جن کے تحت فریقین کو 13,41,40,509 روپے کی وصولی اور معاوضہ حاصل ہوا۔ اس کے علاوہ 32,214 قبل از دعویٰ (پری لٹیگیشن) مقدمات بھی نمٹائے گئے، جن میں فریقین کو 8,50,74,097 روپے کی رقم فراہم کی گئی۔جسٹس ایس بی رحمن نے بتایا کہ ضلع بھر میں منعقدہ اس لوک عدالت کے دوران ازدواجی تنازعات بھی خوش اسلوبی سے حل کیے گئے اور باہمی مفاہمت کے ذریعے 9 جوڑوں کو دوبارہ ایک دوسرے کے قریب لایا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالتوں میں طویل عرصے سے زیر التوا 13 پرانے مقدمات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس لوک عدالت سے ضلع کے مقدمات سے وابستہ فریقین کو نمایاں فائدہ پہنچا ہے اور آئندہ منعقد ہونے والی لوک عدالتوں سے زیادہ سے زیادہ لوگ استفادہ کریں، یہی ان کی اپیل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں میں مقدمات کے بوجھ کو کم کرنے اور تنازعات کو سنگین شکل اختیار کرنے سے پہلے ہی حل کرنے کے لیے مختلف محکموں میں قبل از دعویٰ مرحلے پر مفاہمت (سیٹلمنٹ) اور ثالثی (میڈی ایشن) کے ذریعے مسائل کے حل کی یہ ایک مؤثر اور مثبت کوشش ہے۔ اس سے نہ صرف عوام کو جلد انصاف ملتا ہے بلکہ عدالتوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ میں بھی کمی آتی ہے۔جسٹس رحمان نے یہ بھی اعلان کیا کہ بیدر تعلقہ کے ایک گاؤں کو منتخب کر کے وہاں کے عوامی مسائل کی نشاندہی کی جائے گی اور انہیں سرکاری سہولیات اور قانونی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے بڑے پیمانے پر قانونی بیداری اور امدادی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی تاریخ معزز ہائی کورٹ کے ججوں سے مشاورت کے بعد طے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلع کے مختلف محکموں کا تعاون اور اشتراک نہایت اہم ہوگا۔اس موقع پر سینئر سول جج اور ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کے رکن سیکریٹری پرکاش ارجن بنسوڈے نے کہا کہ یہ دیہی عوام کے لیے ایک بہترین موقع ہوگا، جہاں وہ اپنی مشکلات کو وہیں حل کرا سکیں گے اور حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں اور قانونی امداد سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔پریس کانفرنس کے دوران ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کے افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔




