13 نومبر کو مختلف دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہے گی
بیدر ۔ 11 / نومبر ۔ راجیشور (بسوکلیان سب ڈیوژن) کے تحت آنے والے 110/33-11 کے وی سب اسٹیشن میں ہنگامی مرمتی کام کے باعث 13 نومبر 2025 کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کئی دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔ محکمہ کے مطابق راجیشور 110 کے وی سب اسٹیشن سے منسلک 11 کے وی ہنمنت واڑی، گوگا، وائن یارڈ، راجولہ، تڈولہ، کووڈیال، راجیشور، یرباگ، پنڈراگیر، اسلام پور اور دیہی علاقوں میں بجلی بند رہے گی۔ اس کے علاوہ، شمسی توانائی کے پیداواری یونٹ آئی پی پی 11 کے وی این ٹی پی پی سولر اور 110 کے وی وردھا سولر پاور لائن پر بھی سپلائی متاثر ہوگی۔ اس سلسلے میں ہمنا آباد 220 کے وی ریسیونگ اسٹیشن کے ایگزیکٹیو انجینئر (آپریشن) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کی بندش کے دوران تعاون کریں۔
ڈپٹی کمشنر شلپا شرما کل “یکجہتی واک” پروگرام کے حوالے سے پریس کانفرنس کریں گی
بیدر۔ 11 / نومبر ۔ ڈپٹی کمشنر شلپا شرما 12 نومبر 2025 کو صبح 10:30 بجے ضلعی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گی، جس میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں سالگرہ کی تکمیل کے موقع پر “یکجہتی واک” پروگرام کے متعلق تفصیلات بیان کی جائیں گی۔ اس موقع پر تمام میڈیا نمائندگان سے شرکت کی درخواست کی گئی ہے۔
بیدر میں ماہر امراضِ قلب کے تقرر کے لیے درخواستیں مطلوب
بیدر۔ 11 / نومبر ۔ ضلع صحت و خاندانی بہبود کے حکام نے اطلاع دی ہے کہ تعلیمی سال 2025-26 کے لیے این۔ایچ۔ایم (قومی صحت مشن) اسکیم کے تحت برِمس تدریسی اسپتال کے امراضِ قلب کے شعبے میں ماہرِ قلب (Cardiologist) کے عہدے پر تقرری کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اہل امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی درخواستیں 15 نومبر تک شخصی طور پر یا ای میل ([email protected]) کے ذریعے دفترِ صحت و خاندانی بہبود، این۔ایچ۔ایم شعبہ، بیدر میں، دفتری اوقات کے دوران جمع کرائیں۔ درخواست کے ساتھ تعلیمی اسناد و دیگر ضروری دستاویزات کی خود تصدیق شدہ نقول اور حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر منسلک کرنا لازمی ہے۔ مزید معلومات کے لیے امیدوار این۔ایچ۔ایم یونٹ بیدر سے رجوع کرسکتے ہیں یا فون نمبر 9449843100 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
تعلیم کے ساتھ اخلاقی اقدار اپنانا لازمی ہے۔ بلیرام
بیدر۔ 11 / نومبر۔اقلیتی بہبود محکمہ کے ضلعی افسر بلیرام کُشال راؤ نے کہا کہ اگر بچے تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار کو اپنائیں تو ہی وہ بہتر شہری بن سکتے ہیں۔ وہ منگل کے روز مولانا ابوالکلام آزادؒ کی یومِ پیدائش کے موقع پر منائے جانے والے قومی یومِ تعلیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جو ڈاکٹر اے۔پی۔جے عبد الکلام اقامتی اسکول، کپلّاپور-A میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے مولانا آزادؒ کی تعلیم اور آزادیٔ ہند میں خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف حصولِ علم نہیں بلکہ انسان سازی ہے۔ قومی یومِ تعلیم کے تحت اقلیتی بہبود کے زیرِ انتظام مختلف اسکولوں میں تعلیمی آگہی پیدا کرنے کے لیے ریلیاں اور متعدد مقابلے منعقد کیے گئے۔ اسکول سطح پر اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کے درمیان ضلعی سطح کے مقابلے کرائے گئے اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں اقلیتی اداروں کے اسکول و کالجوں کے طلبہ و طالبات کے علاوہ اساتذہ و دیگر معززین بھی موجود تھے




