بیدر کی تازہ ترین خبریں

بیدر میں اداروں کو اسٹریٹ ڈاگ سروے کا حکم

  • بیدر۔ 20 / نومبر ۔بیدر میونسپل کارپوریشن  نے اپنے حدود میں واقع تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں، اسپتالوں، اسپورٹس کامپلیکس، بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن کے ذمہ داروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس رِٹ پٹیشن نمبر 5/2025 کے مطابق اپنے احاطے میں موجود تمام آوارہ کتوں کی تعداد کا فوری سروے کرکے رپورٹ جمع کرائیں۔ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے واضح کیا کہ ادارے اپنے کیمپس میں آوارہ کتوں کے داخلے کی روک تھام، ان کے مسائل پر قابو پانے اور شہری مقامی ادارے کے ساتھ کتے منتقل کرنے کے عمل میں مکمل تعاون کریں۔ اس سلسلے میں ایک ذمہ دار ملازم کو بطور نگران افسر مقرر کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ اگر ادارہ اپنے احاطے میں دوبارہ کتوں کے رہنے کی اجازت دیتا ہے، تو ان کی منتقلی کا خرچ ادارے سے وصول کیا جائے گا۔ عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اوراد (بی) میں آوارہ کتوں کی گنتی کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت

  • بیدر۔ 20 / نومبر ۔ اوراد (بی) ٹاؤن پنچایت نے اپنے دائرۂ اختیار میں واقع تمام سرکاری و نجی اسپتالوں، اسپورٹس کامپلیکس اور بس اسٹانڈوں کے ذمہ داروں کو سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس رِٹ پٹیشن نمبر 5/2025 کی روشنی میں احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے احاطے میں آوارہ کتوں کی موجودگی کا جائزہ لے کر ان کی تعداد کا تحریری ریکارڈ بمعہ ثبوت فوری طور پر دفترِ پنچایت میں جمع کرائیں۔ ٹاؤن پنچایت حکام نے مزید ہدایت دی کہ ادارے اپنے کیمپس میں کتوں کی افزائش اور مسائل کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات کریں، اور ایک ذمہ دار ملازم کو اس امر کی نگرانی کیلئے مقرر کریں، جس کی خصوصی تفصیلات اور رابطہ نمبر بھی پنچایت کو فراہم کرنا لازم ہوگا۔ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق اگر کسی ادارے کے احاطے میں دوبارہ آوارہ کتوں کی رہائش پائی گئی، تو ان کی منتقلی کا خرچ متعلقہ ادارے سے وصول کیا جائے گا اور حکم عدولی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی

بھالکی میں جذام کی بروقت تشخیص کیلئے خصوصی تربیتی پروگرام

  • بیدر۔ 20 / نومبر ۔ ضلع انتظامیہ، ضلع پنچایت اور محکمۂ صحت و خاندانی فلاح کے اشتراک سے 24 نومبر تا 9 دسمبر 2025 تک کوڑھ (لیپروسی) کی تلاش و تشخیص کی خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ اسی سلسلے میں بھالکی تعلقہ پنچایت کے اجلاس ہال میں چہارشنبہ کے روز آشاکارکنوں اور ٹیم سپروائزرز کیلئے تربیتی پروگرام منعقد ہوا، جس کی صدارت تعلقہ میڈیکل افسر ڈاکٹر رَوی کلاشیٹی نے کی۔ڈاکٹر رَوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفید، تامبے رنگ یا بے حس دھبّے، چکنی جلد، جسم پر گومڑ یا ہاتھ پاؤں میں سن ہونا اور دھبّوں کی جگہ بال جھڑ جانا کوڑھ کی اہم علامات ہیں۔ انہوں نے تأکید کی کہ متاثرہ افراد کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آتے ہوئے انہیں مناسب رہنمائی اور فوری علاج فراہم کیا جائے، تاکہ مرض ابتدا ہی میں پکڑا جائے اور ملٹی ڈرگ تھراپی سے مریض مکمل طور پر صحت یاب ہوسکے۔محکمۂ صحت کے افسر ویرشیٹی چنشیٹی نے بتایا کہ کوڑھ ایک عام جراثیمی مرض ہے جو کسی بددعا یا گناہ کی وجہ سے نہیں آتا، بلکہ مائیکوبیکٹریم لیپری نامی جراثیم سے پھیلتا ہے، جو متاثرہ شخص کی چھینک یا کھانسی سے ہوا میں شامل ہوکر دوسروں تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماری سے گھبرانے کے بجائے اسے چھپائے بغیر فوری طبی مراکز سے رجوع کرنا چاہیے۔ تربیت میں مزید ہدایت دی گئی کہ ہر تفتیشی ٹیم میں ایک مرد اور ایک خاتون کارکن ہونا ضروری ہے، جو گھر گھر جاکر تمام افراد کا چرم (اسکن) معائنہ کریں۔ پروگرام میں ڈاکٹر رینوکا برادر، چندرشیکھر، بسوراج، راجکمار بھوسلے، ایمانویل اور دیگر افسران شریک رہے۔

بیدر میں خواتین کو ہراسانی کے خلاف شکایت کیلئے مقامی کمیٹی فعال، SHe-Box پر تفصیلات اپ لوڈ کرنا لازمی

  • بیدر۔  20 / نومبر۔ کارِ مقام پر خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی کی روک تھام، ممانعت اور ازالہ سے متعلق 2013 کے قانون پر موثر عمل درآمد کے مقصد سے مرکزی حکومت نے SHe-Box پورٹل کا آغاز کیا ہے، جو تمام سرکاری، نجی، عوامی، تنظیمی یا غیر تنظیمی اداروں میں کام کرنے والی ہر خاتون کو شکایت درج کرنے اور اس کی پیش رفت جانچنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے واضح کیا کہ بیدر ضلع کی تمام وہ سرکاری و نجی ادارے جن میں 10 یا اس سے زیادہ ملازمین کام کر رہے ہیں، وہ لازمی طور پر اپنی اندرونی شکایت کمیٹی (ICC) کی تفصیلات SHe-Box پورٹلhttps://shebox.wcd.gov.in پر اپ لوڈ کریں، بصورتِ دیگر سپریم کورٹ کے احکام کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ مزید بتایا گیا کہ غیر منظم شعبہ، گھریلو ملازماؤں، یا ایسے ادارے جہاں 10 سے کم ملازمین موجود ہوں، وہاں ہراسانی کی شکایات کیلئے ضلع میں LCC (لوکل کمپلینٹ کمیٹی) تشکیل دی گئی ہے۔ کسی بھی قسم کی ہراسانی کی صورت میں متاثرہ خواتین ڈپٹی کمشنر دفتر میں قائم LCC کمیٹی سے رجوع کرسکتی ہیں۔ مزید معلومات کیلئے خواتین و اطفال بہبود  کے محکمہ کے دفتر، میلور بیدر سے 9980702545 اور 8310032095 پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

بیدر کے مختلف علاقوں میں 22 نومبر کو بجلی بند رہے گی

بیدر۔  20 / نومبر۔ بیدر شہر کے ہبسی کوٹے 110/11 کے وی سب اسٹیشن سے منسلک بجلی لائنوں کی ہنگامی مرمت کے سبب 22 نومبر 2025 کو صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔ جن فیڈروں میں کام ہوگا ان میں 11 کے وی گننلی، مالیگاؤں، چٹہ، نرسِما ہژھرنا، شاہ پور، محمود گاواں، درگاہ پورہ، اشٹور، ایس ٹی پی، شاردہ ڈوڈی سولار اور ویدشری سولار شامل ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں گننلی، مالیگاؤں، چٹہ، نرسِمہا جھرنا، شاہ پور، محمود گاواں، درگاہ پورہ، اشٹور اور آس پاس کے دیہات شامل ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ جیسکام نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

23 نومبر کو بیدر کے متعدد علاقوں میں بجلی معطل رہے گی

بیدر۔ 20 /  نومبر ۔ چدری 110/11 کے وی سب اسٹیشن سے متعلق بجلی لائنوں کی مرمت کے باعث 23 نومبر 2025 کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کئی علاقوں میں بجلی بند رہے گی۔متاثرہ فیڈروں میں املاپور، چدری، ایئر فورس، شہر، گرونگر، سدھارتھ، مَنگل پیٹ، گُمپا، فیض پورہ ، بسوانگر، گاندھی گنج، میلور، کے ای بی کوارٹرز، رام پور کالونی، نِسَرگ اور واسُو اسپتال و بریمس فیڈرز شامل ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں املاپور، چدری، گرونگر، سدھارتھ کالونی، منگل پیٹ، گمپا، فیض پورہ، بسوانگر، گاندھی گنج، میلور، رام پور کالونی اور قریبی بستیاں شامل ہیں۔ محکمہ جسکام نے عوام سے مرمتی کام کیلئے مکمل تعاون کی گزارش کی ہے۔

بیدر میں جدید برقی آلات کی نمائش، وزیرِ ضلع  نگران کے ہاتھوں افتتاح

بیدر۔ 20 /  نومبر ۔ بیدر تعلقہ کے بدھیرا میں سورج الیکٹریکلز اینڈ کمپنی میں جدید ترین برقی مصنوعات کی نمائش اور افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کا افتتاح ضلع کے نگراں وزیر ایشور کھنڈرے نے انجام دیا۔ وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کے فروغ سے ضلع کی معاشی ترقی کو نئی سمت ملے گی اور مقامی سطح پر برقی سازوسامان کی تیاری سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سورج الیکٹریکلز اینڈ کمپنی اپنی اعلیٰ معیار اور جدید مصنوعات کی وجہ سے نمایاں مقام حاصل کر رہی ہے۔نمائش میں ایل ای ڈی بلب، الیکٹریکل ٹیپ، پیکیجنگ بی او پی پی ماسکنگ ٹیپ، پی وی سی الیکٹریکل بینڈ سمیت کئی جدید آلات کو پیش کیا گیا۔ کمپنی کے سربراہ محمد شفیع الدین نے نمائش کی اہمیت اور کمپنی کی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر معزز شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

گنے کی قیمت 2950 روپے فی ٹن مقرر: کسانوں نے احتجاج واپس لیا

بیدر۔ 20 /  نومبر ۔ گنے کی امدادی قیمت میں اضافے کے مطالبے پر گزشتہ ایک ہفتے سے جاری کسانوں کا احتجاج آج پُر امن طور پر ختم ہوگیا۔  ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، ضلع پولیس سربراہ پردیپ گُنٹی اور کسان قائدین کی موجودگی میں منعقدہ اجلاس میں ریاستی وزیرِ جنگلات، حیاتیاتی علوم و ماحولیات اور ضلع انچارج وزیر ایشور بی.  کھنڈرے  نے موبائل اسپیکر کے ذریعے کسانوں سے بات کرتے ہوئے مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیر نے بتایا کہ مل مالکان کو راضی کر کے فی ٹن 2850 روپے کی قیمت پر مزید 50 روپے اضافہ منظور کروایا گیا ہے، جس سے نئی قیمت 2900 روپے طے ہوئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے پہلے سے اعلان کردہ 50 روپے حکومتی امداد شامل کرنے کے بعد مجموعی رقم 2950 روپے فی ٹن کسانوں کو فراہم کی جائے گی۔ اس یقین دہانی پر کسان قائدین نے احتجاج ختم کرنے کی رضا مندی ظاہر کی۔ وزیر ایشور کھنڈرے نے کسانوں کے اس فیصلے کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے کہا کہ گزشتہ آٹھ دنوں سے جاری احتجاج کو کسان قائدین نے خوش اسلوبی سے واپس لے لیا ہے۔ کسانوں نے چند مطالبات بھی پیش کیے ہیں، جن میں بیدر میں شوگر ریسرچ سینٹر کے قیام کی درخواست شامل ہے، جس کی تجویز حکومت کو ارسال کی جائے گی۔ ہر شوگر فیکٹری میں ریکوری ریٹ کی جانچ کے لیے ڈگری کالج کے کیمسٹری اساتذہ کی ایک ٹیم مقرر کی جائے گی، جب کہ کسان ہر پندرہ دن میں فیکٹری کا دورہ کر کے ریکوری کی نگرانی بھی کرسکیں گے۔ اس موقع پر محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹر پروین برگل سمیت کئی کسان قائدین موجود تھے۔

  • Delete

Latest Indian news

Popular Stories