بیدر کی تازہ ترین خبریں

ریاستی اطلاعاتی کمشنر رُدرنّا ہرتی کوٹے کا 29 نومبر کو ضلع بیدر کا دورہ

بیدر۔  25 /  نومبر ۔ ریاستی اطلاعاتی کمشنر رُدرنّا ہرتی کوٹے 29 نومبر کو ضلع بیدر کے دورے پر ہوں گے۔ وہ صبح 11 بجے ضلع پنچایت ہال میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ میں شرکت کریں گے۔ بعد ازاں دوپہر 1 سے 2 بجے تک اسی مقام پر پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔کمشنر دوپہر 3 بجے بیدر سے روانہ ہوں گے۔ اس سلسلے میں اطلاعاتی کمشنر کے پرسنل اسسٹنٹ نے یہ اطلاع دی۔

28 نومبر کو بی۔اے سی نرسنگ کی بچی ہوئی نشستوں کی واك اِن داخلہ مہم

ببیدر۔  25 /  نومبر ۔ کرناٹک ایگزام اتھارٹی کی جانب سے 26 – 2025  کے آخری دور کی کونسلنگ کے بعد سرکاری نرسنگ کالجوں میں بی۔اے سی (نرسنگ) کی 23 نشستیں خالی رہ گئی ہیں۔ ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن بنگلورو کے احکامات کے مطابق ان نشستوں کو واك اِن آف لائن کونسلنگ کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔ اہل امیدوار 28 نومبر 2025 کو صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک اپنے تمام اصل اسناد اور دو عدد فوٹو کاپی سیٹ کے ساتھ بیدر کے برمس نرسنگ کالج و اسپتال کے احاطے میں منعقدہ واك اِن داخلہ میں حاضر ہوں۔ یہ اطلاع برمس نرسنگ کالج کے پرنسپل نے دی۔

چانکیہ ایڈمنسٹریٹو ٹریننگ اسکیم کے لیے آن لائن درخواستیں مطلوب

ببیدر۔  25 /  نومبر ۔ کرناٹک ریاست کے باصلاحیت برہمن فارغ التحصیل نوجوانوں کے لیے ’’چانکیہ ایڈمنسٹریٹو ٹریننگ اسکیم‘‘ کے تحت آئی اے ایس اور کے اے ایس سمیت سول سروس امتحانات کی تیاری کے لیے تربیتی فیس کی ادائیگی پر زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ روپے کی ڈی بی ٹی واپسی فراہم کی جائے گی۔اس سہولت سے استفادہ کرنے کے خواہشمند امیدوار مقررہ ویب پورٹل کے ذریعے درخواست داخل کر سکتے ہیں۔ آن لائن درخواستیں 15 دسمبر 2025 کو شام 5 بجے تک جمع کی جا سکتی ہیں۔مزید معلومات کے لیے فون نمبرات: 918029605888+ اور 918762249230+ پر یا ضلع اسکل ڈیولپمنٹ آفس، نوآباد بیدر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

ڈپلومہ اِن کو آپریٹو مینجمنٹ کورس کے لیے درخواستیں مطلوب

ببیدر۔  25 /  نومبر ۔ کرناٹک اسٹیٹ کوآپریٹو فیڈریشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے کہ کوآپریٹو اداروں، کوآپریٹو محکمے اور کوآپریٹو آڈٹ محکمے کے ملازمین، نیز نجی امیدواروں کے لیے ’’ڈپلومہ اِن کوآپریٹو مینجمنٹ‘‘ کا چھ ماہ (180 دن) کا تربیتی کورس جنوری 2026 سے گلبرگہ میں شروع کیا جا رہا ہے۔ اہل امیدواروں کے لیے کم از کم تعلیمی اہلیت ایس ایس ایل سی یا مساوی امتحان میں کامیابی مقرر کی گئی ہے۔ ایس ایس ایل سی میں ناکام لیکن ایک سال سے زائد عرصے سے کوآپریٹو اداروں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین بھی اہل ہوں گے۔ تربیت کے دوران امیدواروں کو ماہانہ 500 روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بیروزگار درج فہرست ذات/درج فہرست قبائل کے امیدواروں کے لیے اسی مدت کا خصوصی ڈپلومہ کورس بھی رکھا گیا ہے، جس میں انہیں 600 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ اس زمرے کے امیدوار اپنی درخواستیں ضلع کوآپریٹو یونینز یا متعلقہ بینکوں کے مینیجنگ ڈائریکٹرز کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 30 سال مقرر ہے۔ درخواست فارم اور پروسپیکٹس گلبرگہ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ یا اس کے دائرہ کار میں آنے والی ضلعی کوآپریٹو یونینوں (بیدر، ھلبرگہ، یادگیر، رائچور، کوپل، ہوسپیٹ) سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ پرُ شدہ درخواستیں 31 دسمبر 2025 تک پرنسپل،کرناٹک انسٹی ٹیوٹ آف کوآپریٹو مینجمنٹ، آدرش نگر، پرگتی کالونی، سیڑم روڈ، گلبرگہ–585105 کے پتے پر ارسال کی جائیں۔ رابطہ نمبرات: 245340  08472 / 99167 26886 / 97423 07153 / 91139 16753۔ پراوقات ِ کار رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لیے تمام فلاحی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے: ڈپٹی کمشنر شلپا شرما

بیدر۔  25 /  نومبر ۔ ضلع بیدر کی ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لیے مختص تمام سہولیات اور مراعات کو مقررہ ضابطوں کے مطابق بروقت فراہم کیا جائے۔وہ منگل کے روز ڈپٹی کمشنر دفتر کے میٹنگ ہال میں منعقدہ ایس سی ایس پی/ٹی ایس پی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی، صفائی کارکن/مینول اسکیوینجر مانیٹرنگ کمیٹی اور ایس سی/ایس ٹی (مظالم کی روک تھام) قواعد 1995 کے تحت ضلع سطحی بیداری و نگران کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایس سی ایس پی اور ٹی ایس پی اسکیموں کے تحت تمام متعلقہ محکمے اپنے کام سو فیصد مکمل کریں اور سڑک، پینے کا پانی، بیت الخلا، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیحی بنیاد پر یقینی بنائیں۔ انہوں نے صفائی کارکنوں اور مینول اسکیوینجرز کے لیے رہائش کی تعمیر، طبی جانچ، ضروری سہولیات اور دورانِ ڈیوٹی لازماً ماسک و دستانے فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی۔ مظالم کے متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ درج فہرست ذات و قبائل پر ہونے والے مظالم کے معاملات میں فوری کارروائی کی جائے اور سابقہ کسی بھی کیس کی امداد یا تصفیہ التوا میں نہ رہے۔یکم اگست 2025 سے 15 نومبر 2025 تک ایس سی/ایس ٹی مظالم کے 7 مقدمات درج ہوئے جن میں 4 جاہلی/نسلی گالی گلوچ، 1 پوکسو، 1 قتل اور 1 عصمت دری کا کیس شامل ہے، جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10 ہے۔ ان واقعات میں بیدر تعلقہ میں 3 جاہلی گالی گلوچ اور 1 پوکسو، بھالکی میں 1 جاہلی گالی گلوج، کمال نگر میں 1 قتل اور ہمنا آباد میں 1 عصمت دری کا مقدمہ درج ہوا۔ ان کیسوں کے لیے مجموعی طور پر 26 لاکھ 25 ہزار روپے معاوضہ منظور کیا جا چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ایس سی/ایس ٹی مظالم کو مؤثر طریقے سے روکنے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے جاری ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کو بہتر سطح پر نافذ کرنا لازمی ہے۔ اجلاس میں سی ای او ضلع پنچایت ڈاکٹر گِریش بدولے، ایڈیشنل ایس پی چندرکانت پجاری، پروبیشنری آئی اے ایس افسر رمیا رنگناتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر سماجی فلاح یوگیش ایس بی، مختلف تعلقہ جات کے تحصیلدار اور محکمہ جاتی افسران موجود تھے۔

ضلع انچارج وزیر ایشور بی.  کھنڈرے آج بیدر کے دورے پر

بیدر۔  25 /  نومبر ۔  ریاستی وزیر برائے جنگلات، حیاتیاتی علوم و ماحولیات اور ضلع بیدر کے انچارج وزیر ایشور بی. کھنڈرے آج 26 نومبر کو ضلع بیدر میں مختلف سرکاری و عوامی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ وزیر صبح 10 بجے بیدر کے پووجیہ چنا بسوا پٹہ دیورورنگ مندر میں منعقدہ یومِ دستور تقریب میں شرکت کریں گے۔ دوپہر 12 سے 1 بجے تک بیدر پتریکا بھون میں "انو بھو منٹپ اُتسو” کے سلسلے میں پریس کانفرنس کریں گے۔ بعد ازاں دوپہر 1 سے 4 بجے تک مختلف مقامی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ شام 4 بجے "نمّا کرناٹک سینے” کے ضلعی دفتر کے افتتاح میں شامل ہوں گے۔ شام 5 بجے کرناٹک فارمیسی کالج بیدر میں ہونے والے "کنڑا ثقافتی اُتسو” میں شرکت کریں گے۔ اسی روز شام 6 بجے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سرکل بیدر میں منعقدہ 77ویں یومِ منظوریٔ دستور کی عظیم عوامی تقریب میں شامل ہوں گے۔ وزیر شام 7 بجے بیدر سے سڑک راستے بھالکی روانہ ہو کر وہیں قیام کریں گے۔ یہ تفصیلات وزیر کے پرسنل سکریٹری نے فراہم کیں۔

کمٹھانہ میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر قانونی آگہی پروگرام

بیدر۔  25 /  نومبر ۔خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر کمٹھانہ گاؤں میں ضلع لیگل سروسز اتھارٹی، ضلع وکلاء ایسوسی ایشن اور محکمہ خواتین و اطفال کی مشترکہ میزبانی میں قانونی آگہی اور تعاون پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا افتتاح سینئر سول جج اور ضلع لیگل سروسز اتھارٹی کے ممبر سکریٹری، پرکاش ارجن بنسوڈے نے پودے کی آبیاری  کریں گے اور اس موقع پر خواتین کے تحفظ، حقوق اور تشدد کے خاتمے کے موضوع پر خطاب کیا۔ اجلاس کی صدارت ضلع منصوبہ بندی افسر شری کانت نے کی۔ محکمہ خواتین و اطفال کی شاردہ این۔ کلملکر نے خواتین کے حقوق اور ان کی بہبود سے متعلق نکات پیش کیے۔ بطور مقرر وکیل بی. کرشنپّا نے ضلع لیگل سروسز اتھارٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی قانونی سہولیات اور مفت قانونی معاونت پر روشنی ڈالی۔ پروگرام میں محکمہ خواتین و اطفال کے عملے، لیگل سروسز اتھارٹی کے کارکنان، تمام آنگن واڑی کارکنوں، معاونات اور گاوں کے دیگر افراد نے شرکت کی۔

بسواکلیان میں دکانوں اور ’بسوا گنجن‘ گودام کا کھلا عوامی نیلام

بیدر۔  25 /  نومبر ۔  بسواکلیان تعلقہ کی پرائمری ایگریکلچر کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی کے احاطے میں قائم نئی دکانیں اور ’بسوا گنجن‘ گودام عوامی نیلام کے ذریعے کرایہ پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے افراد 8 سے 15 دسمبر 2025 کے درمیان صبح 10 بجے تک سوسائٹی کے نام ڈیمانڈ ڈرافٹ یا نقد میں 25,000 روپے زرِ ضمانت جمع کرا کے رسید حاصل کریں اور نیلام میں حصہ لے سکتے ہیں۔ نیلام جیتنے والے امیدوار کو نیلامی کے دن ہی بولی کی رقم کا 25 فیصد جمع کرنا ہوگا، جبکہ باقی رقم تین دن کے اندر ادا کرنا ضروری ہوگا۔ مقررہ مدت میں بقایا رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں جمع شدہ ضمانتی رقم ضبط کر لی جائے گی۔ سوسائٹی نے واضح کیا کہ موہن شاپ، مدیا شاپ اور کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی سے وابستہ افراد کے علاوہ تمام افراد اس نیلام میں حصہ لے سکتے ہیں۔

کرناٹک میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی مخالفت شدت اختیار کر گئی ،  مختلف برادریوں کی سخت تنبیہ

بیدر۔  25 /  نومبر ۔  ریاست میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی افواہوں نے سیاسی فضا کو شدید گرم کر دیا ہے، جبکہ مختلف پسماندہ اور محروم طبقات کی تنظیموں نے واضح طور پر متنبہ کیا ہے کہ اگر سدارامیا کو منصبِ وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے کی کوشش کی گئی تو ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج اور بے چینی پیدا ہوگی۔ ضلع پتریکا بھون بیدر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شوشیت سماجی ایکتا کے صدر بسوراج مالگے نے کہا کہ کانتا راجو رپورٹ کو پسِ پشت ڈالنے اور وزیراعلیٰ سدارامیا کو ہٹانے کی منظم کوششیں بعض ’’پٹّہ بھدرا‘‘ گروہوں کی جانب سے کی جا رہی ہیں، اور اس ساری صورتحال کے ذمہ دار ڈی کے شیوکمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں محروم طبقات، دلتوں اور پسماندہ برادریوں کی آبادی کے مطابق ریزرویشن کے لیے جو سروے کرایا گیا تھا، وہی بعض طاقتوں کو ناگوار گزرا ہے۔ بسوراج مالگے نے واضح کیا کہ سدارامیا کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے ہی دلتوں اور محروم طبقات نے کانگریس کو ووٹ دیا تھا۔ ’’سدارامیا نے 16 بار بجٹ پیش کر کے مالی نظم و ضبط ثابت کیا اور ’سب کے لیے برابر مواقع‘ کا اصول اپنایا۔ ایسے قائد کو ہٹانے کی کوشش کی گئی تو پوری ریاست میں شدید تحریکیں چھڑ جائیں گی،‘‘ انہوں نے خبردار کیا۔ سرویجنک سنودھن سنرکشنا سمیتی کے ریاستی جنرل سیکریٹری انیل کمار بیلدار نے کہا کہ ریاست اس وقت ’’منواد‘‘ اور دستور کے درمیان کشمکش کا سامنا کر رہی ہے۔ عوام نے پانچ سال تک سدارامیا کو وزیراعلیٰ کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے ووٹ دیا ہے، اب انہیں ہٹانا مکمل طور پر ایک سوچی سمجھی سازش اور ریاست میں افراتفری پھیلانے کا ہتھکنڈہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر تبدیلی ناگزیر ہو تو کانگریس ہائی کمان کسی دلت قائد کو وزیراعلیٰ بنایا جائے تاکہ موجودہ بحران ختم ہو سکے۔ دلت سنگھرش سمیتی کے قائد رمیش ڈاکولگی نے کہا کہ اگر کانگریس 2028 میں دوبارہ اقتدار چاہتی ہے تو سدارامیا کو ہی وزیراعلیٰ برقرار رکھنا ہوگا، بصورتِ دیگر بہار کی طرز پر کانگریس کو ریاست میں بھی سخت نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔کرناٹک اسٹیٹ اوبی سی یونین کے صدر ڈاکٹر راج شیکھر سیڑم کر نے بھی واضح اعلان کیا کہ اگر اوبی سی لیڈر سدارامیا کو ہٹایا گیا تو ان کی تنظیم بڑے پیمانے پر تحریک چلائے گی۔ پریس کانفرنس میں تاناجی سگر، تکارام چمکوڈ ، سبھاش ہمّل پورے، شیلندر ہبارے، شانت کمار، راج کمار، پُنڈلِک راؤ اور پردیپ ناٹیکار سمیت متعدد قائدین موجود تھے۔

Latest Indian news

Popular Stories