بیدر ضلع کی تازہ ترین خبریں

لوک آیوکت جسٹس بی. ویرپا کے دورہ بیدر کے دوران ازخود درج شکایات کی فہرست جاری

بیدر۔2/جولائی۔ کرناٹک لوک آیوکت، بنگلورو کے لوک آیوکت–2 معزز جسٹس بی. ویرپا نے 19 اور 20 جون 2026 کو دو روزہ دورہ ضلع بیدر کے دوران مختلف عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعدد معاملات میں ازخود (سوموٹو) شکایات درج کیں۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک پریس نوٹ کے مطابق، معزز اپ لوک آیوکت کے دورے کے دوران درج کی گئی ازخود شکایات کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے۔ متعلقہ حکام نے درخواست کی ہے کہ اس فہرست اور اس سے متعلق معلومات کو عوامی آگاہی کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں نمایاں طور پر شائع کیا جائے۔یہ پریس نوٹ ضلع اطلاعات و تعلقاتِ عامہ محکمہ، بیدر کے ذریعے ذرائع ابلاغ کو جاری کیا گیا ہے تاکہ عوام تک لوک آیوکت کی کارروائیوں اور عوامی مفاد کے اقدامات کی بروقت اور مستند معلومات پہنچائی جا سکیں۔

ضلع بیدر کے کسان فوری طور پر اپنی تمام اراضی کی تفصیلات FRUITS پورٹل سے منسلک کریں: محکمہ زراعت

بیدر۔2/جولائی۔ضلع بیدر کے جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت دیویکا نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ملکیت کی تمام زرعی اراضی کی تفصیلات فوری طور پر FRUITS (Farmer Registration and Unified Beneficiary Information System) پورٹل میں درج اور منسلک کرائیں، کیونکہ مرکزی حکومت کی جانب سے ہر کسان کے لیے سنٹرل فارمرس آئی ڈی (Central Farmers ID) کی تخلیق لازمی قرار دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بیدر میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 97 ہزار 49 زرعی پلاٹس موجود ہیں، جن میں سے اب تک 3 لاکھ 62 ہزار 411 پلاٹس کو FRUITS نظام سے منسلک کیا جا چکا ہے، جبکہ ایک لاکھ 17 ہزار 838 پلاٹس کی تفصیلات درج ہونا ابھی باقی ہیں۔تحصیل وار باقی ماندہ پلاٹس کی تعداد کے مطابق بسواکلیان میں 22,602، بھالکی میں 21,180، اوراد (بی) میں 14,276، بیدر میں 20,412، ہمنا آباد میں 11,829، چٹگوپہ میں 9,667، کمال نگر میں 8,035 اور ہلسور میں 3,782 پلاٹس کی تفصیلات درج کی جانی باقی ہیں۔محکمہ زراعت نے واضح کیا ہے کہ کسانوں کے لیے خشک سالی کے معاوضے، فصل بیمہ، امدادی قیمت پر زرعی پیداوار کی فروخت اور مختلف سرکاری محکموں کی رعایتی و امدادی اسکیموں سے استفادہ کرنے کے لیے FRUITS آئی ڈی (FID) میں ان کی تمام زرعی اراضی کی تفصیلات درج ہونا لازمی ہے۔ بصورت دیگر متعلقہ کسان ان سرکاری سہولتوں سے محروم ہو سکتے ہیں۔دیویکا نے کسانوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی پہانی (RTC)، آدھار کارڈ اور بینک پاس بک کی نقل کے ساتھ قریبی گرام ون (Gram One) مرکز یا اپنے علاقے کے محکمہ زراعت، باغبانی، ریشم یا محکمہ مال (ریونیو) کے دفتر سے رجوع کریں اور اپنی تمام زمینوں کی تفصیلات FRUITS پورٹل پر فوری طور پر اندراج کرائیں۔

بیدر میں ‘سَسْیہ سنتے’ اور باغبانی مانسون مہم کا آغاز، جدید طریقہ کاشت اپنانے پر زور

بیدر۔2/جولائی۔ محکمہ زراعت بیدر کی جوائنٹ ڈائریکٹر دیویکا آر نے کہا ہے کہ زراعت ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جبکہ باغبانی کا شعبہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور اسے دوگنا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے بیدر ہارٹیکلچر کالج کے مرکزی دروازے پر منعقدہ ”سَسْیہ سنتے”(پودوں کی نمائش و فروخت) اور“باغبانی مانسون مہم“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام بیدر ہارٹیکلچر کالج، باغبانی توسیعی تعلیمی یونٹ اور باگل کوٹ کی یونیورسٹی آف ہارٹیکلچرل سائنسز کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یکم سے 7 جولائی 2026 تک جاری رہنے والی اس مہم کا مقصد کسانوں کو مانسون کے موسم میں سائنسی طریقہ کاشت، پودوں کے تحفظ، جدید زرعی تکنیک اور باغبانی کے فروغ سے متعلق آگاہ کرنا ہے تاکہ بہتر پیداوار اور معیاری فصل حاصل کی جا سکے۔دیویکا آر نے کہا کہ ”سَسْیہ سنتے“ صرف پودوں کی فروخت کا مرکز نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں باغبانی کالج کی جانب سے تیار کردہ اعلیٰ معیار کے پھلدار، سجاوٹی اور ادویاتی پودے، نامیاتی زرعی مصنوعات اور ویلیو ایڈیڈ اشیاء کسانوں کو انتہائی مناسب قیمتوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر یونیورسٹی آف ہارٹیکلچرل سائنسز، بیدر کے ڈین ڈاکٹر محمد فاروق نے کہا کہ باغبانی مانسون مہم کے ذریعے معیاری پودوں کی شجرکاری، پانی کے مؤثر استعمال، ڈرپ آبپاشی، بارش کے پانی کے ذخیرے، مٹی کی صحت کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی طریقوں کے بارے میں کسانوں میں شعور بیدار کرنا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار زراعت اور بہتر آمدنی کا ہدف اسی وقت حاصل کیا جا سکتا ہے جب باغبانی کالج، محکمہ زراعت، محکمہ باغبانی، کرشی وگیان کیندر اور کسان باہمی تعاون سے کام کریں۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوان زرعی گریجویٹس پر بھی زور دیا کہ وہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کو کسانوں تک پہنچانے میں مؤثر رابطے کا کردار ادا کریں۔ہارٹیکلچر ایکسٹینشن ایجوکیشن سنٹر کے سربراہ ڈاکٹر وجے مہانتیش نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد کسانوں کو سائنسی بنیادوں پر باغبانی اختیار کرنے، تکنیکی رہنمائی حاصل کرنے اور جدید زرعی آلات و سہولیات سے استفادہ کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ضلع بیدر کے تمام کسانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ”سَسْیہ سنتے“ کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔تقریب میں مقامی کسانوں، کالج کے اساتذہ، غیر تدریسی عملے اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ہریش ٹی نے مہمانوں کا استقبال کیا، جبکہ ڈاکٹر جانہوی ڈی آر نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے اظہارِ تشکر پیش کیا۔

گرام ون مراکز کے قیام کے لیے درخواستیں طلب، بیدر ضلع میں دو مراکز قائم کیے جائیں گے


بیدر۔2/جولائی۔ حکومتِ کرناٹک کی عوامی خدمات کی اہم اسکیم سیوا سندھو کے تحت قائم کیے جانے والے گرام ون مراکز کے قیام کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ یہ اطلاع ضلع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیوانند کرالے نے ایک پریس بیان میں دی۔انہوں نے بتایا کہ گرام ون منصوبہ حکومت کی ایک اہم عوامی فلاحی اسکیم ہے، جس کا بنیادی مقصد مختلف سرکاری خدمات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ یہ منصوبہ پہلے ہی کئی مقامات پر نافذ کیا جا چکا ہے، جبکہ اب گلبرگہ ڈیوژن کی شراکت دار ایجنسی کی جانب سے باقی ماندہ مراکز کے قیام کے لیے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گرام ون مراکز کے ذریعے شہری 750 سے زائد سرکاری خدمات حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ سَکالا (Sakala) خدمات، حقِ اطلاعات قانون، بینکاری خدمات اور عوامی شکایات و مسائل سے متعلق درخواستیں بھی انہی مراکز میں قبول کی جائیں گی۔ یہ مراکز ہفتے کے تمام دن صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک عوام کو خدمات فراہم کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بیدر میں اس وقت دو گرام ون مراکز قائم کیے جانے ہیں، جن میں ایک مالیگاؤں اور دوسرا مرکندہ میں ہوگا۔دلچسپی رکھنے والے امیدوار 15 جولائی 2026 کی شام 6 بجے تک سیوا سندھو پورٹل پر”Register Here“کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے اہل امیدواروں سے مقررہ مدت کے اندر درخواستیں داخل کرنے کی اپیل کی ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories