حالات بدلیں،نئی تبدیلیاں رونما ہوں

محمد اعظم شاہد

سال اچھا یا برا کہاں ہوتا ہے؟وقت کے دھارے کے ساتھ شب و روز حسب معمول گزر جاتے ہیں۔ ہر سال وہ انسان ہی ہوتے ہیں،جو اپنے لیے اور انسانیت کے لیے اچھے یا برے حالات پیدا کرلیتے ہیں۔ اپنی کرنی بھول کر لوگ سال کو اچھا یا برا کہنے کی ہر بار بھول کرتے ہیں۔ویسے قدرتی آفات جیسے سیلاب،طغیانی،زلزلہ،آندھی اور قحط ان سب میں بھی انسان کی حرص وہوس کارفرما رہتی ہے۔ زمین پر کسی کی ضروریات کے مطابق بنائی گئی ہے۔مگر یہ ہر کسی کے لالچ و حرص کو کہاں پورا کرسکتی ہے۔ جس طرح انسان بسر کرتا ہے ویسے ہی حالات سے دو چار رہتا ہے۔جیسی کرنی ویسی بھرنی۔ سال بدل جاتا ہے۔گزرا سال تاریخ کا حصہ بن جاتا ہے۔گزرے سال کے رخصت ہونے اورنئے سال کی آمد پر نئی امیدوں کے چراغ روشن کیے جاتے ہیں۔ نیا سال گزرے سال سے بہتر ہو یہی سب کی تمناہوتی ہے۔ یہ بھی فطفی رویہ ہے کہ گزرے سال کے حالات،واقعات،محرکات،مثبت و منفی اثرات،زندگی میں ہوئی اتھل پتھل پر ایک تجزیاتی نظر ڈالی جاتی ہے۔مصروف زمانے کے پاس اگر وقت ہے تو گزرے وقت کا محاسبہ کیا جاتا ہے۔ ورنہ وہی صبح ہوئی،شام آئی،رات ہوئی وہی معمول اپنی روش پر چلتا رہتا ہے۔آیئے ایک نظر گزرے سال عالمی اور قومی سطح پر رونما ہوئے حالات اور واقعات پر اس امید سے ڈالیں کہ کل سے ہمارا ٓج بہتر ہو۔ اور یہ دُنیا انسانوں کے لیے انسانیت کے لیے ہوش مند،امن پسند اور محفوظ ثابت ہو۔
غزہ اور یوکرین میں جاری بربریت،لبنان اور شام میں اسرائیلی مداخلت،امریکہ کی دوغلی پالیسی،اسلامی ممالک کی بے حسی،بنگلہ دیش اور شام میں عوامی مخالفت جیسے واقعات بتاتے ہیں کہ عالمی امن کو ہر سمت خطرہ لاحق ہے۔ طاقتور ممالک کا کمزور ممالک پر جبر اور استحصال برابر جاری ہے۔ دفاع کے نام پر اسلحہ کی تیاری پر زخیرہ اندوزی(تخفیف اسلحہ)امن عالم کے لیے خطرناک بتایا جاتا ہے۔اقوام متحدہ اس اہم نکتہ کی دہائی دیتا رہا۔ مگرتمام ممالک اپنے دفاع کے لیے اسلحہ جمع کرنے کے جنون میں مبتلا رہے ہیں۔ اس ضمن میں امریکہ کہتا کچھ اور کرتا کچھ اور ہی ہے۔اس نے گویا پوری دنیا میں امن کا ٹھیکہ لے رکھا ہے۔اسرائیل کی حمایت کرتے اس نے غزہ میں تباہی مچائی۔اسرائیل کے وحشیانہ اور نسل کشی حملوں کے باعث تاحال 46ہزار فلسطینی غزہ میں شہید ہوچکے ہیں۔ ایک لاکھ دس ہزار کے آس پاس غزہ کے مکیں زخمی حال میں سسک رہے ہیں۔ تادم تحریرغزہ میں ِ جو حملوں سے اب تک محفوظ اسپتال باقی رہ گئے تھے،اُن پر بھی انتقامی حملے ہورہے ہیں۔ اسپتالوں میں نومولود بچے ٹھٹھرتی سردی میں جاں بحق ہورہے ہیں اور امریکہ ایک طرف جنگ بندی کے لیے ثالثی کردار اور صلح کی باتیں کرتا ہے،دوسری جانب اس نے اسرائیل کی مستقل حمایت کرنے دفاعی اور سرمایہ کی تائید کرنے میں کوئی کمی نہیں کی ہے۔ ستم ظریفی بھی دیکھیئے نو منتخب صد امریکہ ڈونالڈٹرمپ نے جنگ بندی کی جو باتیں کررہا تھا اب اس نے نیاراگ چھیڑا ہے کہ اس کے اقتدار سنبھالتے سے پہلے حماس اسرائیلی یرغمالوں کو غیر مشروط طور پر رہا کردے ورنہ وہ(ٹرمپ) غزہ کو جہنم بناد ے گا۔زندگی غزہ میں اجیرن بناد ی گئی ہے۔اقوام متحدہ اورعالمی عدالت برائے انصاف اپنے فیصلے سنا کر بس خاموش ہوگئے ہیں۔ غزہ کی طرح یوکرین میں بھی حالات شکستہ ہیں۔ لبنان اور شام میں بھی اسرائیل کی اجارہ داری نے حالات بگاڑ رکھے ہیں۔عالمی سطح پر طاقتور ممالک امن کے نام پر کھلواڑ کررہے ہیں۔
سرسری طور پر ایک نظر وطن عزیز کے حالات پر ڈالتے ہیں۔ 2024کے لوک سبھا انتخابات سے قبل این ڈی اے سے راست مقابلے کے لیے بشمول کانگریس تمام ہم نوا پارٹیوں نے انڈیا اتحا کا محاذ بنایا۔ اب کی بار چار سو پار کا تکبرانہ نعرہ لگانے والے مودی کو نتیش کمار اور چندر بابو نائیڈو کی بیساکھیوں کے سہارے حکومت بنانی پڑی۔ آپسی اختلافات کے باوجود انڈیا اتحاد کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے اپنی لاج رکھ لی۔ راہل گاندھی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر ابھرے اور برسر اقتدار حکومت کی کوتاہیوں کو مدلل طور پر آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔ مگر مودی کے غرور میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔ منی پور جلتا رہا۔ مودی کی حکومت آنکھیں چراتی رہی۔کانگریس اپنی کھوئی ساکھ کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوششوں میں ہے۔ مگر اندرونی معاملات کو سلجھانے پر پوری طرح کامیاب نظر نہیں آتی۔ اب پرینکا گاندھی بھی لوک سبھا میں داخل ہوگئیں اور اپنی موجودگی کا برابر احساس بھی دلارہی ہیں۔ آر ایس ایس اپنا الگ ہی راگ الاپتی رہتی ہے،مگر بی جے پی مذہب کی سیاست میں نئے نئے ریکارڈس قائم کررہی ہے۔مودی نے رام مندر کی آدھی ادھوری تعمیر کے باوجود اس کا شاندار افتتاح کروایا تاکہ لوک سبھا الیکشن میں اس کا بھرپور فائدہ حاصل کیا جائے۔مگر ایسا ہونہ سکا۔ ایودھیا میں بی جے پی کا امیدوار سماج وادی پارٹی کے امیدوار سے بری طرح شکست سے دوچار ہوا۔ یو پی میں یوگی راج کے رنگ کو پورے ملک میں لاگو کرنے بی جے پی منصوبے بناتی رہی۔ مسلمانوں کو ہراساں کرنے،بلڈوزر سیاست کا حربہ استعمال کیا گیا۔ مذہب کے نام پر یو پی میں فسادات ہوتے رہے۔ کانوڑ یاترا کے دوران یوپی اور اتر کھنڈ حکومتوں نے دکانوں اور ہوٹلوں کے آگے اپنا نام اور پہچان ظاہر کرنے والی تختیاں لگانے کا فرمان جاری کردیا۔ بالخصوص یو پی میں مساجد کے اندر مندر تلاش کرنے کا رجحان زور پکڑتا گیا۔ مسلمانوں کے ساتھ عدم رواداری کے سلوک کو عام کرنے نئی مشکلات پیدا کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ مگر سپریم کورٹ کے بروقت مداخلت،فیصلے اور احکامات کے باعث حالات قابو میں آنے لگے۔ورنہ حالات اس قدر بگڑ سکتے تھے کہ رواداری اور ہم آہنگی خاتمے کے در پر پہنچ گئی تھی۔ جون میں مرکز میں این ڈی اے سرکار بننے کے بعد ہریانہ اور کشمیر میں اسمبلی الیکشن ہوئے۔ کانگریس کے آپسی معاملات کے باعث جیتنے والی بازی اس نے ہاری۔کشمیر میں این سی اور کانگریس کے اتحاد کی جیت ہوئی۔ عمر عبداللہ کی قیادت میں تشکیل شدہ حکومت نے اپنی پہلی کابینہ میٹنگ میں آرٹیکل 370کو بحال کرنے کا فیصلہ لیا۔ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابا ت میں این ڈی کی کامیابی پر شکوک ظاہر کیے جارہے ہیں۔
ملک کے آئین پر ’یوم آئین‘کے موقع پر کانگریس اور این ڈی اے حکومت کے درمیان نوک جھونک ہوتی رہی۔ گزشتہ برسوں میں شہریت قانون بل کے تنازعہ کو جس طرح گرمایا گیا تھا۔اسی طرح یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کا ہنگامہ بھی چلتا رہا۔ وقف ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش ہوئی۔ملک بھر میں مخالفت ہوئی۔ مجوزہ بل کی آڑ میں مسلمانوں کو بے وقعت کرنے کی سازش اس کو مانا گیا۔ مسلم پرسنل لا بورڈ اور جمعیت العلمائے ہند نے قومی سطح پر مسلمانوں میں بیداری لانے اور اجتماعی طور پر مجوزہ بل کی مخالفت کی تلقین کی۔ امبیڈ کر سے متعلق امیت شاہ کے ریمارک پر کافی ہنگامہ ہوا۔ بی جے پی ذہنیت کے کئی ہندو سوامیوں نے کرناٹک اور دیگر مقامات پر مسلمانوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرکے سیاسی طور پر اچھوت بنانے کے مذموم بیانات دیتے رہے۔مجموعی اعتبار سے ملک میں مسلمانوں کو غیر ثابت کرنے کی سازشیں رچی جاتی رہیں۔مگر بی جے پی قیادت حسب روایت تماشہ دیکھتی رہ گئی۔سال2024میں ملک کی اہم شخصیات جیسے رتن ٹاٹا،ذاکر حسین،ڈاکٹر من موہن سنگھ،شیام بنیگل وغیرہ ہم سے رخصت ہوئے۔ ملک کے معاشی مسائل جیسے مہنگامی،بے روزگاری،افراط زر،پیداوار میں کمی پہلے کی طرح برقرار رہے۔ کسان اپنے مطالبات منوانے اس سال بھی احتجاج کرتے رہے مگر مرکزی حکومت آنکھ کان بند کیے کسان کے ساتھ بے نیازی اور بے توجہی کا معاملہ کرتی رہی۔ ایسے کئی معاملات ہیں جن پر توجہ نہیں دی گئی۔کیا اب بھی وہی بے توجہی برقرار رہے گی۔یا پھر نئی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ یہ سب کچھ منحصرہے، نئے سال پر نہیں مگر ہمارے آس پاس کے ماحول پر اور فیصلے کرنے والوں پر۔اور فیصلوں سے دوچار ہونے والوں پر٭٭٭

Latest Indian news

Popular Stories