گلبرگہ میں آسمانی بجلی کا قہر، دو خواتین کی موت

گلبرگہ۔ 22 ستمبر۔ کرناٹک کے گلبرگہ ضلع کے کملاپور تعلقہ کے ناگور گاؤں میں پیر کے روز آسمانی بجلی گرنے سے دو خواتین کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کھیت میں کام کرنے والی خواتین اچانک شروع ہونے والی بارش سے بچنے کے لیے ایک درخت کے نیچے جمع ہوئی تھیں۔ پولیس کے مطابق مہلوکین کی شناخت لکشمی گٹّیدار (48) اور سائجاد بی (55) کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں زرعی مزدور تھیں۔ دوپہر کے وقت کھیت میں کام کے دوران بارش شروع ہونے پر وہ درخت کے نیچے بیٹھ کر کھانا کھانے لگی تھیں کہ اچانک درخت پر بجلی گری، جس کے نتیجے میں دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ حکام موقع پر پہنچے اور ضروری کارروائی شروع کی۔ مہاگاؤں پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے شمالی اندرونی کرناٹک کے لیے 22 ستمبر کو بھی شدید بارش کے ساتھ گرج چمک اور آسمانی بجلی کی وارننگ جاری کی ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories