کمظرف !

احساس نایاب شیموگہ

وہ مر رہا تھا…
اس لئے نہیں کہ اسے کوئی جان لیوا بیماری تھی، یا وہ بسترِ مرگ پر پڑا تھا۔
وہ مر رہا تھا اپنے گھریلو حالات سے، لوگوں کے رویوں سے، اور اس خوف سے کہ کہیں وہ واقعی میں مر نہ جائے۔
دراصل اس کا دل سیاہ ہورہا تھا،
ڈاکٹرس کی زبان میں اسے دل کی بیماری تھی۔
ڈاکٹر نے فوری علاج کا مشورہ دیا تھا، یہ کہہ کر کہ تاخیر جان لیوا ہوسکتی ہے۔
مگر گھریلو حالات اور مالی تنگی اس کے قدموں میں زنجیر بنی ہوئی تھی۔۔۔
وہ مدد کی آس لئے کئی دروازوں پر گیا۔
کسی نے نظریں چرا لیں، کسی نے بہانے بنا دئیے، اور کچھ ایسے بھی تھے جنہوں نے مدد کے بدلے گواہ اور ضامن مانگ لئے۔
جہاں گواہ اور ضامن کی بات آئی، وہاں اس کی عزت نفس کو دھچکا لگا۔
وہ اندر سے ٹوٹ گیا تھا۔
اسی ٹوٹے ہوئے لمحے میں اسے فضا کا خیال آیا…
وہ امید کی ایک آخری کرن لے کر فضا کے پاس پہنچا اور اپنی ساری روداد سنا دی۔
اس دوران اُس کی آنکھوں میں عجیب سی بےچینی تھی، وہ بات کرتے ہوئے بار بار نظریں چرا لیتا تھا، جیسے دل میں کوئی ان کہی تلخی چھپی ہو۔۔۔۔
فضا نے پہلے عذر پیش کرتے ہوئے انکار کردیا، مگر اس کی حالت اور اس کی آنکھوں سے بہتے آنسو دیکھ کر فضا کا دل پگھل گیا۔۔۔
دراصل فضا ان لوگوں میں سے تھی جو کسی کا درد دیکھ کر خود کو الگ نہیں رکھ سکتی تھی، اس نے اللہ کی رضا کے لئے اس کی مدد کر دی
اس انداز میں کہ اس کی عزتِ نفس بھی سلامت رہے۔
علاج ہوا، اور وہ صحت یاب ہو گیا۔
آہستہ آہستہ زندگی پٹری پر آنے لگی، گھریلو حالات بھی سنبھلنے لگے۔۔۔
وقت گزرتا گیا۔
ایک دن فضا ایک تقریب میں جا رہی تھی،لوگوں کی نظریں آج کچھ عجیب سی تھیں، جیسے کوئی ان کہی بات فضا میں تیر رہی ہو، مگر وہ سمجھ نہ سکی۔۔۔
لوگ آپس میں سرگوشیاں کر رہے تھے، اور کچھ نظریں فضا پر ٹھہر کر فوراً ہٹ جاتی تھیں۔
اسی تقریب میں وہ بھی موجود تھا…
اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ کھڑا، بار بار فضا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کسی سے فون پر بات کر رہا تھا، جیسے کسی آنے والے لمحے کا بےچینی سے انتظار ہو۔۔۔۔
اتنے میں فضا کے موبائل کی گھنٹی بجی، اسکرین پر گھر کا نمبر تھا۔
اس نے کال رسیو کی تو دوسری طرف سے امی کی سہمی ہوئی آواز سنائی دی ۔۔۔۔
فضا… جلدی سے گھر آ جاؤ…
کچھ لوگ آئے ہوئے ہیں… کہتے ہیں انکم ٹیکس آفیسر ہیں…
یہ سنتے ہی فضا کے قدموں تلے سے زمین سرک گئی۔۔۔
وہ تیزی سے تقریب سے نکلنے لگی تو عین سامنے وہی شخص کھڑا تھا۔
فضا کو دیکھ کر اس کے لبوں پر ایک تیکھی سی مسکراہٹ ابھری اور اس نے سلام کیا۔
فضا نے جلدی میں وعلیکم السلام کہا، نظریں جھکائیں اور بغیر رکے آگے بڑھ گئی، پھر جا کر گاڑی میں بیٹھ گئی۔۔۔
کچھ ہی دیر میں وہ گھر پہنچ گئی۔
انکم ٹیکس کے افسران گھر میں موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کسی نے اس کے خلاف خفیہ شکایت درج کروائی ہے۔
فضا پریشانی کے عالم میں اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اور جائیداد کے کاغذات دکھا رہی تھی کہ اچانک ایک افسر کا چہرہ اسے جانا پہچانا سا لگا۔
یہ وہی شخص تھا، جسے وہ کئی بار اس کے ساتھ دیکھ چکی تھی۔
فضا کچھ دیر حیرت سے اس کے چہرے کو دیکھتی رہی۔
دل و دماغ میں سوالوں کا طوفان اٹھ رہا تھا۔
کیا یہ سب کچھ اسی نے کیا ؟؟
کیا واقعی وہ میرے ساتھ ایسا کر سکتا ہے ؟؟؟
جب دنیا نے اسے نظر انداز کیا تھا، تب میں نے اس کی مدد کی تھی…
کیا ہمدردی کا یہی صلہ ہے ؟؟؟
نہیں… وہ ایسا نہیں کر سکتا۔
آخر وہ ایسا کیوں کرے گا ؟؟؟
میں نے تو اس کا کچھ نہیں بگاڑا…
فضا خود کو بدگمانی سے روک رہی تھی، اپنے دل کو سمجھا رہی تھی۔
آج وہ خود ہی سوال، خود ہی جواب بن چکی تھی۔
اتنے میں اس افسر کے موبائل کی گھنٹی بجی۔۔۔۔ اس نے فون اٹھایا…
اسکرین پر وہی جانا پہچانا نام چمک رہا تھا
” کمظرف”
اور فضا خاموش کھڑی رہ گئی۔
اسے اپنے سارے سوالوں کے جواب مل گئے تھے…
اس دن فضا کو معلوم ہوا کہ بیماری دل کی نہیں تھی… ظرف کی تھی۔
اور بعض لوگ صحت یاب ہونے کے بعد بھی اپنے ظرف کی بیماری سے کبھی ٹھیک نہیں ہوتے۔”
اُسے یہ بھی سمجھ آگیا کہ لوگ اسے کمظرف کیوں کہتے ہیں۔
” یقینا بعض دل بیماری سے نہیں، کمظرفی سے سیاہ ہوتے ہیں۔۔۔

Latest Indian news

Popular Stories