منی پور کو ایک سازش کے تحت جلایا گیا۔ اے اے پی

نئی دہلی، 20 اگست (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے منی پور کی ڈبل انجن حکومت پر تشدد کو روکنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ منی پور کو ایک سازش کے تحت جلایا گیا۔اے اے پی کی چیف ترجمان پرینکا ککڑ نے منی پور فسادات کیس میں عدالتی کمیشن کو حلف نامہ کے ساتھ جمع کرائے گئے ایک آڈیو ٹیپ کا حوالہ دیتے ہوئے آج کہا کہ منی پور میں پچھلے سال 3 مئی کو فسادات شروع ہوئے تھے۔ اس کے بعد سے اب تک وہاں ہزاروں گھر جلا دیے گئے ہیں، بہت سے لوگ مارے جا چکے ہیں اور بہت سی خواتین کو ہراساں کیا گیا ہے۔ ایک سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن منی پور کی ڈبل انجن حکومت اب تک دونوں برادریوں کے درمیان تشدد کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔ جب منی پور کے حالات کو سنبھالنے میں ناکام رہنے والے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ کے استعفیٰ کے مطالبات اٹھنے لگے تو ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایوان میں کہا کہ انہیں وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ کی طرف سے مکمل سپورٹ مل رہا ہے، اس لیے ان کے استعفیٰ نہیں لیا جا رہا تھا۔ سوال یہ ہے کہ یہ کیسا تعاون تھا؟ انہیں ابھی تک کیوں نہیں ہٹایا گیا؟ اس کا جواب اب ان ٹیپس میں سامنے آرہا ہے جو حلف نامے کے ساتھ جوڈیشل کمیشن کے سامنے رکھی گئی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان ٹیپس میں منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ کی آواز ہے۔محترمہ ککڑ نے کہا کہ اس میں مسٹر این بیرن سنگھ ہنستے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ امیت شاہ نے ان سے کہا کہ ‘ارے! برین، تم بم مارتے ہو، نہیں مارنا ہے،’ جبکہ بیرن سنگھ نے کہا کہ وہ اسے خفیہ طور پر استعمال کریں گے۔ وزیر اعلیٰ دو برادریوں میں امن قائم کرنے کے بجائے چھپ کر بم مارنے کی ہدایات دے رہے ہیں۔ کیا یہی وجہ ہے کہ منی پور میں اب تک امن قائم نہیں ہو سکا؟ وزیر اعظم نے ابھی تک ایک بار بھی منی پور کا دورہ نہیں کیا ہے۔ اے اے پی لیڈر نے کہا کہ منی پور کی سچائی اس وقت سامنے آئی جب کارگل کے ایک شہید کی بیوہ کو برہنہ کرکے گھمایا گیا۔ بعد میں اس کی عصمت دری کی گئی۔ یہ ہے منی پور کی ڈبل انجن والی حکومت کا اصل چہرہ۔ کیا ان میں بیٹیوں اور عورتوں کی عزت کے حوالے سے کوئی حساسیت باقی ہے؟انہوں نے کہا کہ اسی طرح اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک نابالغ کی عصمت دری کے ملزم سوامی چنمیانند کے خلاف مقدمہ واپس لینے کا حکم دیا تھا۔ بی جے پی حکومت کٹھوعہ میں عصمت دری کے ملزم اور برج بھوشن شرن سنگھ کے ساتھ کھڑی ہوگئی تھی۔

Latest Indian news

Popular Stories