ایس ایس ایل سی امتحان میں تھرڈ لینگویج کے لیے مارکس نظام ختم، اب صرف گریڈنگ ہوگی

بیدر۔ 28/مارچ۔ریاست کرناٹک کے وزیر برائے اسکولی تعلیم و خواندگی مدھو بنگارپا نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ تعلیمی سال سے ایس ایس ایل سی (دسویں جماعت) کے امتحان میں تھرڈ لنگویج کے لیے مارکس کے نظام کو ختم کرکے گریڈنگ سسٹم نافذ کیا جائے گا، جس کا طلبہ کے مجموعی نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔انہوں نے بتایا کہ اب تک ایس ایس ایل سی امتحان میں مجموعی طور پر 625 نشانات مقرر تھے جن میں تھرڈ لنگویج کے 100 نشانات بھی شامل ہوتے تھے، تاہم نئے فیصلے کے تحت اب مجموعی نشانات 525 رہ جائیں گے۔مدھو بنگارپا نے کہا کہ اس تبدیلی کو اسمبلی اجلاس کے بعد نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اسمبلی اجلاس گزشتہ روز اختتام پذیر ہوا جس کے بعد آج صبح انہوں نے وزیر اعلیٰ سدارامیا سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ متعدد مواقع پر دو زبانوں کی پالیسی کا ذکر کرچکے ہیں۔ اسی تناظر میں آئندہ کسی پالیسی فیصلے تک تیسری زبان کا امتحان صرف گریڈنگ کی بنیاد پر لیا جائے گا۔وزیر تعلیم نے وضاحت کی کہ پہلے تھرڈ لنگویج کے لیے مختص 100 نشانات اب گریڈ کی صورت میں دیے جائیں گے اور انہیں حتمی نتیجہ میں شمار نہیں کیا جائے گا، تاہم طلبہ کے لیے امتحان میں شرکت لازمی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں صرف ہندی ہی تھرڈ لنگویج کے طور پر نہیں پڑھائی جاتی بلکہ مختلف زبانیں شامل ہیں۔ کرناٹک میں بعض کنڑ تنظیموں اور سماجی کارکنوں کی جانب سے ہندی کے مبینہ نفاذ پر اعتراضات بھی سامنے آئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر کنڑ بولنے والے طلبہ کے لیے ہندی پڑھنا اور لکھنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے یہ فیصلہ طلبہ پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔مدھو بنگارپا نے مزید کہا کہ اس مرحلے پر تھرڈ لنگویج کو مکمل طور پر ختم کرنا اساتذہ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق کرناٹک میں تقریباً 13 سے 14 زبانیں تھرڈ لنگویجکے طور پر پڑھائی جاتی ہیں جن میں ہندی، تمل، تیلگو، سنسکرت، مراٹھی، تولو اور دیگر زبانیں شامل ہیں۔نئے نظام کے تحت تیسری زبان کے امتحان میں طلبہ کو اے، بی، سی یا ڈی گریڈ دیے جائیں گے اور اس میں پاس یا فیل کی درجہ بندی نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گریڈ طلبہ کی مجموعی کارکردگی پر اثر انداز نہیں ہوں گے، لیکن امتحان میں شریک ہونا لازمی ہوگا۔دو زبانوں کی پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے سوال پر وزیر نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ اس نوعیت کے فیصلے حکومت، کابینہ اور اسمبلی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔انہوں نے گزشتہ سال کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً ایک لاکھ چونسٹھ ہزار طلبہ تھرڈ لنگویج کے امتحان میں ناکائے تھے جن میں ایک لاکھ اڑتالیس ہزار طلبہ ہندی میں ناکام قرار پائے۔ ان کے مطابق یہ صورتحال طلبہ پر پڑنے والے دباؤ کو ظاہر کرتی ہے اور ممکن ہے کہ اس دباؤ نے دیگر مضامین میں ان کی کارکردگی کو بھی متاثر کیا ہو۔

Latest Indian news

Popular Stories