(محمد معاذ لالہ عمری)
کرونا وائرس نے دنیا بھر کے طبی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور باوجود اس کے کہ اس سے صحتیاب ہوجانے والے افراد کی تعداد بھی لاکھوں میں ہیں، اس کے دیرپا اثرات بھی کم خطرناک نہیں ہیں۔
برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق نے یہ رپروٹ پیش کی ہے کہ کرونا وائرس کے بعد دماغی امراض جیسے ڈپریشن، ڈیمینشیا، اسٹروک وغیرہ کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ اس تحقیق میں 2 لاکھ 36 ہزار سے زیادہ کووڈ 19 کے مریضوں کے الیکٹرونک ہیلتھ ریکارڈز کا جائزہ لیا گیا تھا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 34 فیصد افراد کو بیماری کو شکست دینے کے بعد ذہنی اور نیورولوجیکل امراض کا تجربہ ہوا جن میں سب سے عام ذہنی بے چینی یا انزائٹی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والا ہر 3 میں سے 1 شخص پوسٹ ٹرامیٹک ڈس آرڈر (حادثے کے بعد اس کا تناؤ اور خوف)، ڈپریشن یا اینگزائٹی کا شکار ہوسکتا ہے۔
برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں کی گئی تحقیق میں 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد مریضوں کا جائزہ لیا گیا، جس میں پتہ چلا کہ کرونا وائرس کا دماغ پر براہ راست اثر ہوتا ہے، مجموعی طور پر 34 فیصد مریضوں میں 6 ماہ کے دوران اعصابی اور نفسیاتی اثرات کی تشخیص ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ 17 فیصد مریضوں میں اینزائٹی اور 14 فیصد میں موڈ میں اُتار چڑھاؤ پایا گیا، 13 فیصد افراد میں دماغی صحت میں خرابی کی پہلی بار تشخیص ہوئی۔
ماہرین کے مطابق کرونا وائرس سے صحتیاب تقریباً 15 فیصد افراد کم از کم ایک سال تک ذہنی امراض کا شکار رہیں گے جس سے وہ صحتیابی کے بعد بھی معمول کی زندگی کی طرف نہیں لوٹ سکیں گے۔
اس تحقیق کے لیے ماہرین نے سنہ 2002 کے سارس وائرس، 2012 کے مرس وائرس اور موجودہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کا جائزہ لیاہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسپتال میں داخل ہونے والے اور آئی سی یو کے مریض دماغی امراض کے خطرے کی زد پر زیادہ ہوتے ہیں۔




