معراج شریف (اسراء)

بلقیس فاطمہ، ٹی سی ایچ، ایم اے، ایم ایڈ، بیدر

حضوراکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے آسمانی معجزات میں سے معراج کا واقعہ بہت زیادہ اہمیت کاحامل ہے۔ ہماری مادی دنیا سے بالکل ہی الگ عقل انسانی کے قیاس وگمان کی سرحدوں سے بہت زیادہ بالاتر ہے۔
معراج کادوسرانام ”اسراء“ بھی ہے۔اسراء کے معنی رات کو چلانا یا رات کو لے جانا ہے۔ چونکہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے واقعہئ معراج کو خداوند عالم نے قرآن مجید میں ”سبحن الذی اسریٰ بعدہ لیلا“ کے الفاظ سے بیان فرمایاہے۔ اسلئے معراج کانام ”اسراء“ پڑگیا۔ چونکہ حدیثوں میں معراج کاواقعہ بیان فرماتے ہوئے حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ”عَرَج می“یعنی مجھ کو اوپر چڑھایاگیا کالفظ ارشاد فرمایا۔ اسلئے اس واقعہ کانام معراج پڑا۔
احادیث و سیرت کی کتابوں میں اس واقعہ کو بہت کثیر تعداد میں صحابہ کرامؓ نے بیان کیاہے۔
٭معراج کب ہوئی؟:۔ معراج کی تاریخ، دن اورمہینہ میں بہت زیادہ اختلافات ہیں۔ لیکن اتنی بات پر بلااختلاف سب کا اتفاق ہے کہ معراج نزول وحی کے بعد اورہجرت سے پہلے کاواقعہ ہے۔ جو کہ مکہ معظمہ میں پیش آیا۔ رجب کے مہینے میں واقعہ معراج ہوا۔
معراج بحالت بیداری جسم وروح کے ساتھ صرف ایک بار ہوئی۔ جمہورصحابہ وتابعین اور فقہا محدثین نیز صوفیائے کرام کا بہی مذہب ہے کہ معراج بحالت بیداری جسم وروح کے ساتھ ہوئی۔ لہٰذا جو شخص یہ کہے کہ معراج فقط روحانی ہوئی یامعراج فقط خواب میں ہوئی۔ وہ شخص بدعتی وگمراہ اورگمراہ کن وفاسق ہے۔ جو اس طرح کی من گھڑت باتیں وغیرہ منسوب کرتاہے۔
کیا معراج میں حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خداوندتعالی ٰ کو دیکھا؟ اس مسئلہ میں سلف صالحین کااختلاف ہے۔ حضرت عائشہ ؓ اور بعض صحابہ نے فرمایاکہ معراج میں آپؐ نے اللہ تعالیٰ کو نہیں دیکھا۔ اور ان حضرات نے فرمایاکہ آپ نے خدا کو نہیں دیکھا بلکہ معراج میں حضرت جبرائیل کوان کی اصل شکل وصورت میں دیکھاکہ ان کے چھ سو پر تھے۔ مگر صحابہ کرام اور تابعین کی ایک جماعت نے یہ فرمایاکہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے سرکی آنکھوں سے اللہ تعالیٰ کو دیکھا۔ مختصر تذکرہ ئ معراج:۔ معراج کی رات آپ فرماتے ہیں کہ اس شب کو ام ہانی کے گھر میں بعدنمازعشاء سورہاتھاکہ جبرئیل نے آکے مجھ کو نیند سے اٹھایا۔ میں نے دیکھاکہ جبرائیل اورمیکائیل دونوں میرے سرہانے کھڑے ہیں اور مجھ کو نیند سے جگارہے ہیں کہ حبیب مقبول اٹھو! آج کی شب آپ کی معراج ہے۔ اور آپ ؐ کو حرم کعبہ میں لے جاکر آپؐ کے سینہء مبارک کو چاک کیا۔ اور قلب انور کو نکال کر آبِ زمزم سے دھویا۔پھرایمان وحکمت سے بھرے ہوئے ایک طشت کو آپ کے سینے میں انڈیل کر شکم کا چاک برابر کردیا۔ پھر آپ کو براق پر سوارکیا۔ اور بیت المقدس تشریف لائے۔ براق کی رفتار کی تیزی کا یہ عالم تھاکہ اسکا قدم وہاں پڑتاتھاجہاں اس کی نگاہ کی آخری حد ہوتی تھی۔ بیت المقدس پہنچ کر براق کو آپ نے اس حلقہ میں باندھ دیا۔ جس میں انبیاء علیہ السلام اپنی اپنی سواریوں کوباندھاکرتے تھے۔ پھر آپ نے تمام انیباء او ررسولوں کو دورکعت نفل جماعت سے پڑھائی۔
جب آپ یہاں سے نکلے تو جبرائیل ؑ آپؐ کو لے کر آسمان پڑچڑھے۔ پہلے آسمان پر حضر ت آدم سے، دوسرے آسمان پر حضرت یحییٰ ؑ وحضرت عیسیؑ سے ملاقاتیں ہوئیں۔ اور کچھ گفتگو بھی ہوئی۔ تیسرے آسمان میں حضرت یوسف علیہ السلام، چوتھے آسمان میں حضرت ادریس علیہ السلام، اور پانچویں آسمان میں حضرت ہارون علیہ السلام اور چھٹے آسمان پر موسیٰ علیہ السلام سے ملے۔ اور ساتویں آسماں پر پہنچے تو وہاں حضرت ابراھیم علیہ السلام سے ملاقات ہوئی۔ وہ بیت المعمور سے پیٹھ لگائے بیٹھے تھے۔ جس میں روزانہ ستر ہزار فرشتے داخل ہوتے ہیں اور کعبہ کاطواف کرتے ہیں۔ بوقت ملاقات ہر پیغمبر نے خوش آمدید ا ے پیغمبر صالح کہہ کر آپؐ کااستقبال کیا۔ پھر آپ کو جنت کی سیرکرائی گئی۔ اس کے بعد آپ ؐ سدرۃ المنتہیٰ پر پہنچے۔ اس درخت پر جب انوارِ الٰہی کاپرتو پڑا تو ایک دم اس کی صورت بدل گئی۔ اوراس میں رنگ برنگے انوارکی ایسی تجلی نظر آئی کہ بیان کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔یہاں پہنچ کر حضرت جبرائیل ؑ نے یہ کہہ کر ٹہرگئے کہ اس سے آگے میں نہیں بڑھ سکتا۔ پھر حق جل جلالہ نے آپ ؐ کو عرش کے اوپر جہاں تک اس نے چاہا بلاکر آپ کو باریاب فرمایا۔ اور خلوت گاہ راز میں نازونیاز کے وہ پیغام اداہوئے جن کی لطافت ونزاکت الفاظ کے بوجھ کو برداشت نہیں کرسکتی۔ چنانچہ قرآن مجید میں ”فا وحی الیٰ عبدہ ما اوحیٰ“ کے رمز واشارہ میں خداوندقدوس نے اس حقیقت کو بیان فرمایاہے۔
…

Latest Indian news

Popular Stories