بائیڈن حکومت میں مسلمان اہم عہدوں پر فائز !

امریکی صدر جوبائیڈن اپنے چند کارناموں کی وجہ سے مسلم دنیا میں اپنی الگ پہچان بنا رہے ہیں۔ جیسا کہ حالیہ دنوں میں بائیڈن کے تعلق سے یہ بات سرخیوں میں نظر آرہی ہے کہ وہ امریکہ میں اہم عہدوں پر مسلمانوں کا تقرر کر رہے ہیں۔ جیسا کہ حال ہی میں "راشد حسین” کو بین الاقوامی مذہبی آزادی کا سفیر بنایا گیا ہے۔ وہ بھارتی نژاد امریکی شہری ہیں۔ اس سے پہلے ایک ہندوستانی نزاد خاتون "عذراضیا” کو امریکہ کی نئی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے جمہوریت اور انسانی حقوق بنایا گیا تھا۔

راشد حسین کو بین الاقوامی مذہبی آزادی کے سفیر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ راشد حسین ایسے پہلے مسلمان ہیں جو مذہبی آزادی کے شعبے میں امریکی سفارتی امور کی قیادت کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راشد حسین اس وقت قومی سلامتی کونسل میں شراکت داری اور عالمی مصروفیات کے ڈائریکٹر ہیں۔ اس سے قبل وہ محکمہ انصاف کے قومی سلامتی ڈویژن میں سینئر وکیل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اوباما انتظامیہ کے دوران راشد اسلامی تعاون کی تنظیم (OIC) کے لیے امریکی خصوصی ایلچی، انسداد دہشت گردی کے اسٹریٹجک کمیونیکیشنز اور ڈپٹی ایسوسی ایٹ وائٹ ہاؤس کونسل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

راشد حسین نے بطور ایلچی کثیرالجہتی تنظیموں جیسے اسلامی تعاون تنظیم، اقوام متحدہ، غیر ملکی حکومتوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ساتھ تعلیم، کاروبار، صحت، بین الاقوامی سلامتی، سائنس اور ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے کے لئے کام کیا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق خضر خان کو امریکی کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی کا کمشنر مقرر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکی مسلم خضر خان نے گزشتہ صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن کی نامزدگی کی تائید کی تھی۔ (ایجنسی ان پٹ )

Latest Indian news

Popular Stories

error: Content is protected !!