"اوہ خدایا، میں تو وہیل کے منھ میں ہوں” ایک شخص جس کو وہیل نے نگلنے کے بعد اگل دیا !

دنیا میں آئے دن ایسے عجیب و غریب واقعات پیش آتے ہیں جن کو قبول کرنا ایک لمحے کے لیے ناممکن نظر آتا ہے ایسے ہی واقعات میں سے ایک واقعہ امریکہ کے مائیکل پیکرڈ نامی شخص کا ہے جس کو جمعہ کے روز تیراکی کے دوران ہمپ بیک وہیل نے نگل لیا تھا اور پھر اگل بھی دیا۔ واقعہ بہت ہی عجیب و غریب ہے خود مائیکل کو اس بات پر یقین نہیں آرہا کہ وہ وہیل مچھلی کے منہ میں جا کر واپس آ چکے ہیں۔

مائیکل پیکرڈ کا کہنا ہے کہ وہ میساچوسٹس کے شہر پرنس ٹاؤن کے ساحلی علاقے میں جس وقت غوطہ خوری کر رہے تھے اس وقت ایک وہیل نے اُنھیں 30 سے 40 سیکنڈ کے لیے نگل لیا۔اس کے بعد اُس نے پیکرڈ کو اگل دیا اور مبینہ طور پر صرف اُن کا گھٹنا ہی اپنی جگہ سے ہلا ہے۔

ہمپ بیک وہیلز 50 فٹ تک لمبی اور 36 ٹن تک وزنی ہو سکتی ہیں۔ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے مطابق اُن کی عالمی تعداد 60 ہزار کے قریب ہے۔

پیکرڈ نے بتایا کہ وہ اور اُن کے ساتھی اپنی کشتی میں جمعے کے روز سمندر میں گئے تھے جب موسم نہایت صاف تھا اور 20 فٹ گہرائی تک پانی نظر آ رہا تھا۔ اُنھوں نے مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ غوطہ خوری کا لباس پہننے کے بعد جب اُنھوں نے پانی میں چھلانگ لگائی تو اُنھیں ‘زبردست جھٹکے کا احساس ہوا اور پھر اندھیرا چھا گیا۔’ اُنھیں لگا کہ اُن پر اسی علاقے میں عام گھومنے والی کسی گریٹ وائٹ شارک نے حملہ کر دیا ہے ‘اور پھر میں نے آس پاس محسوس کیا تو احساس ہوا کہ دانت موجود نہیں ہیں۔’ ‘اور پھر میں نے سوچا کہ اوہ خدایا، میں تو وہیل کے منھ میں ہوں اور وہ مجھے نگلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بس یہ میرا آخری وقت ہے اور میں مرنے والا ہوں۔’
پیکرڈ کہتے ہیں کہ وہ اپنی اہلیہ اور 12 اور 15 سال کے دو بچوں کے بارے میں سوچنے لگے۔ ‘پھر اچانک وہ سطح پر آئی اور اس نے اپنا سر ہلانا شروع کر دیا۔’
پیکرڈ کہتے ہیں کہ مجھے اس نے ہوا میں اچھال دیا اور میں پانی میں آ کر گرا۔ میں آزاد ہو گیا تھا اور بس وہاں تیرتا رہا۔ مجھے یقین نہیں آ رہا تھا، اور میں یہ بتانے کے لیے آج یہاں موجود ہوں۔‘ پھر اُن کے پریشان اور گھبرائے ہوئے ساتھیوں نے اُنھیں واپس کشتی پر کھینچ لیا۔ جس کے بعد انہیں علاج کے لئے ہسپتال میں بھی داخل کیا گیا ۔
صحافیوں نے ہسپتال سے فارغ کیے جانے کے بعد اس عجیب و غریب کہانی کا انٹرویو خود پیکرڈ سے لیا۔

نوٹ: ایک ماہر نے مقامی اخبار کیپ کوڈ ٹائمز کو بتایا کہ آج تک یہ سننے میں نہیں آیا کہ کسی وہیل نے کسی انسان کو نگل لیا ہو۔

Latest Indian news

Popular Stories

error: Content is protected !!