دور جدید میں صحافت کے ذریعے قارئین کو اطلاع بہم پہنچانا اور پوری دنیا کے احوال سے انہیں باخبر کرتے ہوئے ایمانداری سے کام کرنے کی ضرورت ہے‘ جس کے ذریعہ ہم معاشرے میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔۔محمد شجاع الدین

شاہین ادارہ جات کے زیرِ اہتمام شعبہ صحافت و ذرائع ابلاغ کی جانب سے ہندوستان میں صحافت سے مطابقت کے موضوع پر ایک پروگرام کا انعقاد

بیدر۔26/نومبر۔(ٹی ایچ جی نیوز بیورو)۔شاہین گروپ آف نسٹیٹیوشنز کے زیرِ اہتمام شعبہ صحافت و ذرائع ابلاغ کی جانب سے ہندوستان میں صحافت سے مطابقت کے موضوع پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔جس میں روزنامہ منصف کے رپورٹر محمد شجاع الدین کو بطور مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔پروگرام کی ابتداء عبداللہ حسن نے بذریعہ تلاوت قرآن سے کی۔پروگرام کی صدارت سابق ڈائریکٹر میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر ارشاد خان صاحب فرمارہے تھے اور پروگرام کی نظامت کی ذمہ داری برادر شاہد میمن کے سپرد تھی۔استقبالیہ کلمات کے بعد مہمان خصوصی نے اپنی گفتگو کا آغاز کیا۔محمد شجاع الدین نے کہا کہ دور جدید میں صحافت کے میدان میں ایمانداری سے کام کرنے کی ضرورت ہے‘ جس کے ذریعہ ہم معاشرے میں تبدیلی لا سکتے ہیں میں حیثیت صحافی اپنے تجربات و خیالات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس میدان کے نشیب و فراز سے آگاہ کیا۔انہوں نے صحافت کے تعلق سے انتہائی دکھ کے ساتھ یہ بات کہی کہ آج صحافت کا معیار گرتا جا رہا ہے‘ جسکے ذمہ دار آج کے اخبارات اور اسکے قارئین ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ایک دور تھا کہ جب صحافی ہندوستانی سماج کا ایک باعزت فرد ہوتا تھا۔ آزاد قلم، حق پسند اور انصاف کے لیے آواز اٹھانے والے کا ظاہر ہے قدر و احترام تو ہوگا ہی۔ چنانچہ بھلے ہی اس دور کا صحافی پھٹے حال ہو، لیکن اس کا احترام ہوتا تھا۔میں اپنے تجربے کے سے یہ بات پوری ذمہ داری کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ مجھے کئی مرتبہ سیمینار میں شرکت کیلئے مدعو کیا جاتا اور وہاں بڑی قدر و منزلت ہوتی۔ اس دور کے صحافی کو جدوجہد کرنی پڑتی تھی۔ ایک پریس کانفرنس سے دوسری پریس کانفرنس پہنچنا اور پھر شام کو اپنی رپورٹ فائل کرنا۔ لیکن صاحب اب تو صحافت اور صحافی کی دنیا ہی بدل گئی ہے۔ صحافت اب ایک آدرش نہیں، عوام کے حقوق کی آواز نہیں، بلکہ اس دور کی صحافت ایک دھندہ ہے جیسے باقی سب دھندے ہوتے ہیں۔آج کے صحافی کو اصول، حق، انصاف پسندی جیسی باتوں سے کوئی لینا دینا نہیں۔اکیسویں صدی کے ہندوستان کا صحافی اور اس کی صحافت۔ حق، ایمان اور انصاف طاق پر۔ ٹھیکیداری اور حکومت کے جھوٹ کو سچ کرنا زندہ باد۔ لب و لباب یہ کہ آج کی صحافت ایک دھندہ اور صحافی ٹھیکیدار ہو چکا ہے۔انھوں نے آخر میں اپنے خطاب میں کہا کہ عا م طور پر صحافت کے چار مقاصد بیان کئے جاتے ہیں اول خبریں بہم پہنچانا‘ دوم عوام کی سیاسی تربیت اور رہنمائی کرنا‘سوم قارئین کے ذوقِ سلیم اور اخلاق کو نکھارنا‘چہارم عام لوگوں کی تفریح طبع کے لئے مواد فراہم کرنا، لیکن یہ جملہ کام بیک وقت سرانجام پاتے ہیں انہیں ایک دوسرے سے الگ نہیں کیاجاسکتا، خبریں بہم پہنچانا اخبارات کا اصل کام ہے جو اخبار زیادہ سے زیادہ خبریں اپنے قارئین تک پہنچاتا ہے وہ عوام میں زیادہ مقبول ہوتا ہے بشرطیکہ اس کی خبریں سچی اور قابل اعتماد ہوں خبروں کی فراہمی کے اس عمل میں ہی عام لوگوں کی اچھی یا بری تربیت بھی کی جاسکتی ہے ان کا ذوق بلند یا پست کیاجاسکتا ہے۔ ان کا اخلاق سنوارا یا بگاڑاجاسکتا ہے اخبارات جس سیاست دان کا امیج چاہیں بناسکتے ہیں اور جس کا امیج چاہیں بگاڑسکتے ہیں۔ اخبارات کا بنیادی کام اپنے قارئین کو اطلاع بہم پہنچانا اور پوری دنیا کے احوال سے انہیں باخبر رکھنا ہے دنیاکے کون سے حصے میں کیا واقعات ظہور پذیر ہورہے ہیں۔ کیا تبدیلیاں آرہی ہیں اور مختلف شعبوں میں کیا ترقیات ہورہی ہیں یہ معلوم بہتر طور پر اخبارات کے ذریعہ ہی لوگوں تک پہنچتی ہیں۔اس موقع پر جناب ڈاکٹر ارشاد خان صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ صحافت اور صحافی جب آزادی حاصل کرتے ہیں تو گویا بہت سی ذمہ داریاں بھی قبول کرلیتے ہیں ان میں سے پہلی ذمہ داری حق شناسی وحق گوئی کی ہے۔حکمرانوں کے اہم فیصلوں کی صحیح معلومات حاصل کرکے انہیں بروقت عوام تک پہنچانا دوسری ذمہ داری، جو اخبارات سرکار اور ان کے ماتحت اداروں کی سرگرمیوں سے پردہ نہیں اٹھاسکتے، وہ اپنے وجود کو باوقار طریقہ سے زیادہ دن برقرار نہیں رکھ سکتے، پریس کا فرض ہے بولنا، سیاست داں ایک مرتبہ خاموش ہوسکتا ہے لیکن پریس کی خاموشی اس کی موت کے مترادف ہے، اسی طرح صحافی کا کردار مورخ کی طرح ہوتا ہے جو حقائق کی تلاش میں سرگرداں رہتا ہے اور مستقبل کے لئے سچائی چھوڑ جاتا ہے، اسے کمزوروں، اقلیتوں اور ناداروں کے مسائل ومشکلات پر زیادہ توجہ دینی چاہئے۔ انھو ں نے کہا کہ دورِ حاضر میں بڑھتے جرائم، سماجی بے چینی اور سیاسی بدنظمی کا اگرجائزہ لیا جائے تو اس کی تہہ میں ان معلومات کا بڑا حصہ ملے گا، جو غیرذمہ دار صحافت کے وسیلہ سے عام انسانوں تک آج پہنچ رہی ہے اسی طرح اخبارات ورسائل کے صفحات پر جن نظریات وخیالات کی تبلیغ ہورہی ہے، جس تہذیب یا اس کے رسوم ورواج سے متعارف کرایاجارہا ہے اس کو فروغ حاصل ہورہا ہے۔ صحافت کے لئے کھلی فضا اور اخبارنویسوں کے لئے قلم چلانے کی آزادی بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنی کہ کسی جاندار کے لئے ہوا اور پانی ہوتے ہیں کیونکہ اس کے بغیر سلطانئی جمہور کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا، جری اور بے باک صحافت اور نظامِ عدل ہی جمہوریت کی اصل طاقت ہیں ان دونوں میں سے کسی ایک کی کمزوری سماج میں ایک خلاء پیدا کردیتی ہے یہ صحیح ہے کہ ہمارا معاشرہ آج جن اعلیٰ اقدار پر ناز کرتا ہے ان میں سے بیشتر قدروں کے لئے صحافیوں نے ہی سب سے پہلے آواز اٹھائی اور ان کو سماج میں اعتبار سے ہم کنار کرنے کیلئے کافی قربانیاں دی ہیں، لیکن آج صحافیوں میں ایسے عناصر کا غلبہ ہورہا ہے جو اپنے قلم کی طاقت ملک کی تعمیر اور قوم کے اخلاق کو سنوارنے کے بجائے انہیں نقصان پہنچانے میں صرف کررہے ہیں، لہذا ضرورت ہے کہ آج کے صحافی کو یہ یاد دلایا جائے کہ وہ سماج کا سب سے ذمہ دار فرد ہے، اس کا قلم بکاؤ نہیں آزاد ہونا چاہئے، اس کا کام پہاڑوں کے سینہ کو چیر کر نہریں نکالنا اور بارِ مخالف کا رخ پھیر دینا ہونا چاہئے اور ہر حال میں اسے اپنے قلم کے ہتھیار کا دیانت داری کے ساتھ استعمال کرنا چاہئے۔ اسی طرح وہ تعمیرانسانیت میں اپنی گوناگوں خدمات انجام دے سکتا ہے۔ آخر میں سوال جواب کا سیشن میں طلباء نے مہمانِ خصوصی محمد شجاع الدین سے صحافت کے ضمن میں سوالات کئے جس پر انھوں نے بہتر انداز میں معلومات پر مبنی جوابات دئیے۔ بعدازاں مہمان خصوصی کی گل پوشی کی گئی۔اور رسم شکریہ کے بعد اس پروگرام کا اختتام ہوا۔

Latest Indian news

Popular Stories