از قلم : عرفان افضل
جب بھی تعلیم کی بات کی جاتی ہے اکثر ہمارے ذہنوں میں اردو تعلیم یا سرکاری اردو مدارس کی خستہ حالی یا سرکاری تنخواہوں پر راج کرنے والے اساتذہ کا ہی ذکر ہوتا ہے۔ یہ بات بھی درست ہے کہ کل ملا کر محبانِ اردو اور ملت و قوم کا درد رکھنے والے دانشوران و سیاست دان اور دیگر معزز احباب بھی اس کے پورے پورے ذمہ دار ہیں۔ سرکاری مدارس بالخصوص اردو مدارس کا صرف رونا ہی رویا جاتا ہے لیکن اس کے تعلق سے کوئی ٹھوس اقدامات یا لائحہ عمل آج تک تیار نہیں ہوا اور نہ ہی ہمارے قوم و ملت کے ذمہ دار احباب نے بھی اس تعلق سے کوئی پیش رفت کی ہے۔ اکثر بس یہی کہا جاتا ہے کہ ہم تمام کو ایسا کرنا ہے یا ویسا کرنا ہے ہم یہ کر دیں گے یا وہ کر دیں گے لیکن جب ان کے عملی تدبیر کا جائزہ لیں تو بس صفر ہی نظر آتا ہے۔
اصل مقصد کام کرنے والوں کی نیت اور طریقہ کار کا سوال ہے۔ ہمارے پاس مدارس دو قسم کی ہیں ایک سرکاری اور دوسرا غیر سرکاری۔ سرکاری مدرسہ اردو، کنڑ اور دیگر زبانوں کو ہو سکتے ہیں لیکن تمام میں داخلہ کی قید 5 سال یا اس سے زائد ہی ہونی لازمی ہے۔ یعنی اگر آپ کا بچہ 4 سال کا ذہین بھی ہے تو سرکاری مدرسہ میں اسے داخلہ نہیں دیا جا سکتا۔ دوسری جانب غیر سرکاری مدرسہ یہ بھی اردو (کرناٹک میں بالکل نہ کے برابر)، انگریزی (تقریباً %90)، کنڑا (اردو مدرسہ سے کہیں زیادہ) اور دیگر زبانوں کے بھی ہو سکتے ہیں یہاں داخلہ کی کوئی قید نہیں کچھ غیر سرکاری مدرسہ میں 2 سال کی عمر میں بھی بچوں کا داخلہ ہو جاتا ہے یعنی 2 یا 3 سال کی عمر میں بچہ غیر سرکاری مدرسہ میں twinkle twinkle little star یا Jhonny Jhonny yes papa یا اسی طرح کی نظمیں سیکھ لیتا ہے۔ وہ بچہ ہر روز آٹو یا اسکول بس سے مدرسہ جاتا ہے۔ اس مدرسہ میں سال میں دو یا تین بار بچوں کے لئے خصوصی ثقافتی یا ادبی پروگراموں کا انعقاد بڑے زور و شور سے کیا جاتا ہے۔ جہاں کئی بار بچوں کی حوصلہ افزائی کے پروگرام منعقد ہوتے ہیں۔ ارے ہاں یہاں سال میں ایک بار کھیلوں کے مقابلے اور سیر و سیاحت (پکنک) کا بھی اہتمام ہوتا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ پوری کاروائی کے لئے درکار رقم آپ سے ہی اصول کرنے کے بعد ہی کی جاتی ہیں۔ یہاں کتابوں کے لئے فیس، امتحان کے لئے فیس ارے ہاں سیر و سیاحت کے لئے بھی فیس حتی کہ حوصلے افزائی کے پروگرام کے لئے بھی آپ کے ہی جیب پر بوجھ ڈالا جاتا ہے۔ اس سے کسی والدین یا سرپرست کو کوئی پریشانی نہیں کوئی تکلیف نہیں۔ بلکہ یہ احباب کوشش ایسی کرتے ہیں کہ ہمارے بچہ کا بڑے سے بڑے اسکول میں داخلہ ہو جہاں ہمارے پڑوس کیا خاندان میں کوئی نہ گیا ہو۔ جب ان سے کہا جائے بچہ کی مادری زبان اردو ہے اور آپ اسے غیر مادری زبان میں کیوں پڑھا رہے ہیں تو آسان جواب ملتا ہے۔ اردو پڑھنے سے نوکری یا ملازمت نہیں ملتی جیسے کہ سبھی غیر اردو پڑھنے والوں کو ملازمت مل چکی ہے۔ بات ایسی کرتے ہیں گویا انگریزی اسکول میں پڑھنے سے ان کے بچہ کو کسی بڑی کمپنی یا سرکاری ملازمت طے ہے۔ اب سرکاری مدرسہ کی بات کریں یہاں اول تو 5 سال سے قبل داخلہ ہی ممنوع ہے تو کون والدین ہوں گے جو اپنے بچوں کو 2 سال غیر سرکاری مدرسہ جہاں کا ماحول اور معاشرہ رنگین و خوبصورت ہو وہاں پڑھانے کے بعد پرانی سی خستہ حالات عمارت، جس کا روغن ہوئے ہی کئی عرصہ ہوا ہو اور جہاں بیٹھنے کے لئے پاک کرسیاں یا بینچ نہیں جہاں بچوں کا خیر مقدم کرنے کے لئے کوئی استاد یا معلمہ نہیں، جہاں بچوں سے تلخ لہجہ میں بات کی جاتی ہوں وہاں اپنے بچوں کو کیوں بھیجیں گے۔ بات تو درست ہے لیکن یہ صرف ایک پہلو ہے۔ اس کا دوسرا پہلو بہت خوشگوار اور حسین ہے جس کی جانب توجہ مبذول کروانا اس تحریر کا مقصد ہے۔ دوسرا پہلو یہ ہے کہ اگر ہم سرکاری مدرسہ میں ہی 3 سال کی عمر میں پری پرائمری تعلیم کا نظام شروع کریں تو بہت سی باتیں ہوسکتی ہیں۔ اب چوں کہ سرکاری مدرسہ میں عمر کی قید 5 ہے تو کیوں نہ یس۔ڈی۔یم۔سی اور وہ احباب جنہیں الله نے ماشا الله خوب نوازا ہے وہ تمام مل کر اس سرکاری مدرسہ میں پری پرائمری تعلیم کے لئے اپنی ذاتی خرچ پر ایک یا دو استاد یا معلمہ کا اہتمام کریں اور یا کوئی چاند پر جانے یا سورج کی پیمائش ناپنے جیسا کوئی عمل ہے۔ 1 یا 2 استاد یا معلمہ کی تنخواہیں ہم اگر 10000 بھی کردیں تو ماہانہ ایک معلمہ کے لئے 10000 اور 2 کے لئے 20000 کی ہی ضرورت ہوگی جو محلہ کے مالدار یا صاحبِ استطاعت احباب کے لئے کوئی مشکل نہیں۔ اب دیکھیں 3 سال کی عمر میں جب یہ بچہ یا بچی سرکاری مدرسہ میں جائیں گے تو ان کو twinkle twinkle سے پہلے *لب پہ آتی دعا بن کے تمنا میری* سکھائی جائے گی اور بچہ *پرندے کی فریاد* کے ساتھ ساتھ ادب و تمیز بھی سیکھیں گے۔ دیکھیں اس سے ایک تو ہمارے وہ نوجوان جو بے روزگار ہیں وہ مستقل روزگار ملنے تک یہاں اپنی خدمات انجام دے سکتے یا اسی کو مستقل روزگار بھی بنا سکتے ہیں اب یہ تنخواہ بھی حسبِ ضرورت طے ہو کہ جہاں یہ اردو مدرسہ چل رہا ہے وہاں کے احباب ملکر ایک مشت رقم طے کریں۔ ان سب میں سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ سرکاری مدرسہ کی پہلی جماعت میں پہلے جہاں بمشکل 10 سے 15 بچے ہی داخلہ لیتے تھے وہاں اس پری پرائمری کی وجہ سے کم از کم 40 تا 50 طلباء آجائیں گے۔ اور یہ تجربہ دیکھا اور ثابت شدہ ہے۔ ان کے علاؤہ ہمارے مسلم منتظمین (مینجمنٹ) کے ماتحت چلنے والے مدارس کی حالتِ زار پر بھی ایک روشنی ڈالنا واجب ہے۔ اس بات سے کسی کو انکار نہیں ہے کہ ہمارے قوم میں الحمد الله دولت کی کمی نہیں ہے لیکن ہمارے مسلم منتظم (مینجمنٹ) اسکولوں کی حالات سے بھی ہمیں باخبر ہونا چاہئیے یعنی وہ اسکول جن کے پاس مستقل آمدنی کا ذریعہ ہے یا جن کو بڑے لوگوں سے ماہانہ یا سالانہ رقم ملتی ہے ان کے لئے کوئی تکلیف کی بات نہیں لیکن وہ اسکول یا مدارس جن کا مستقبل کوئی آمدنی نہیں ان کا پرسان حال کون۔ ان مدارس یا اسکول کی حالت سرکاری مدرسوں سے بھی بری ہوتی ہے۔ میں کچھ اسکولوں کی تعلق سے جانتا ہوں جو کم فیس یا کچھ بچوں سے بنا فیس کے اسکول تو چلا رہے ہیں لیکن ان کی مستقل آمدنی نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنی اسکول کو اور آگے چلانے یا ترقی دینے سے قاصر ہیں۔ یہ نہیں کہ وہ احباب کوشش نہیں کر رہے ہیں لیکن خودداری کی وجہ سے وہ کھل کر سامنے نہین آتے۔ کیوں نہ ہم ان مدارس یا اسکولوں کاجائزہ لیں اور ان کی ضروریات پر توجہ مرکوز کریں۔ کیوں نہ ماہانہ یا سالانہ ایک مشت رقم ہم اسکولوں کو دیں تاکہ وہ اسکول کو اور معیاری بنا سکیں تاکہ وہ اسکولوں میں ضرورت مند طلباء کا زیادہ سے زیادہ داخلہ کروا سکیں تاکہ اُمتِ مسلمہ میں جاہلوں اور بے ادبوں کی بجائے پڑھے لکھوں اور سمجھدار نسل کی نشو و نما ہو۔ اور یہ بالکل ممکن ہے۔ میرے پاس کئی مثالیں جہاں ان اسکولوں کو مالی امداد کی بہت ضرورت ہے اس لئے کہ وہ اپنےطور حتیٰ الامکان کوشش کر رہے ہیں۔ جیسے بیجاپور، الند – گلبرگہ، یادگیر، ، بنگلور، میسور اور چکبالاپور ان کے علاؤہ بھی اور بہت جگہ ہوں گے جہاں کی مسلم مینجمنٹ اسکولوں کو ہماری ضرورت ہے۔ اگر ہم ہماری کمائی کا کچھ حصہ یہاں شرف کرتے ہیں تو یقین مانیں ہم مضبوط تعلیمی قلعوں کو تیار کر رہے ہیں۔ اس بات سے بھی انکار نہیں کچھ احباب مدراس، مسجد یا عربی مدرسوں کے نام پر دھوکے سے رقم یکجا کر رہے ہیں۔ ہم ان تمام پر بھی لگام لگا سکتے ہیں۔ وہ اس طرح کے رقم ہم خود جاکر دیں یا اس مدرسہ یا اسکول میں جو کمی ہے یا کتنی رقم درکار ہے معلوم کر کے وہی کام ہم خود کروائیں تو یہ دھاندلی اور دھوکہ بازی رک سکتی ہے۔ اگر ہمیں موقع نہیں تو ہم کچھ مقامی احباب ملکر ایک صاحب کو امیر بنائیں اور وہ اس کاروائی کی نگرانی بھی کرے اور دیگر تمام سے رقوم جمع فرما کر اس کام کو تکمیل تک پہنچائے۔ یہاں یہ بھی ضروری ہے کہ امیر صاحب ہر ماہ بدلتے رہیں تاکہ جتنے احباب نے مل کر یہ ذمہ داری قبول کی ہے وہ تمام بھی اس کاروائی کا حصہ بھی بنیں اور کام کو بحسن خوبی سر انجام دے ںسکیں۔ ابھی شعبان المعظم اور پھر رمضان المبارک کا مقدس مہینے عنقریب آجائیں گے۔ اس سے پہلے خدا کی رضا کے لئے ایسے اسکول اور اردو مدرسوں کے تعلق سے معلومات حاصل کریں اور ان کو مضبوط بنائیں۔
یقین جانیں اگر ہم نے سرکاری مدرسہ میں پری پرائمری کا مستقل نظام بنا دیا تو یہ مدرسے ان شا الله بچ جائیں گے اور یہاں سے طلباء کا بے وجہ انخلاء (ڈراپ آؤٹ) بھی کافی حد تک رک جائے گا۔ اور ہمارے مسلم مینجمنٹ اسکولوں پر ہم توجہ دیں تو یقین مانیں یہ آئندہ ہمارے مسلم بچوں کے لئے تعلیمی قلعہ کا کام کریں گے۔ "جب جاگے تب سویرا” اگر ہم آج بھی یہ سلسلہ شروع کریں تو ان شا الله انقلاب برپا ہو سکتا ہے۔




