مسجد یعقوبیہ میں ایک دینی اجلاس کا انعقاد حکم ربانی کی تعمیل میں زین الحق نے جیتا ”رینجر سائیکل” انعام
(کلیم اللہ امداد،چنئی، تمل ناڈو) اولاد اللہ کی بیش بہا نعمت ہے۔اپنے جسم و جان سے زیادہ اولاد کا خیال رکھنا چاہیے۔اولاد کی اچھی تعلیم وتربیت وقت کی ایک اہم ضرورت ہے اور اسلام ہمیں اپنے بچوں کا صحیح خیال رکھنے کا حکم بھی دیتا ہے۔ اولاد کی تربیت سے پہلے ماں باپ کو خود اپنی صحیح تربیت کر لینی چاہیے کیوں کہ بچے سب سے پہلے اپنے ماں باپ کو دیکھتے، والدین جیسی نقل و حرکت کرتے ہیں بچے انہیں کو قبول کرتے ہیں اس لیے ماں باپ جب اچھے ہوں گے، نیک و صالح ہوں گے تو بچوں کی تربیت پر اس کا مثبت اثر پڑنا لازمی ہوگا۔بچوں کی تربیت قبل از ولادت سے ہی ہوجانا چاہیے، یعنی صالح زوجہ کی تلاش سے ہی بچوں کی تربیت کا پہلا مرحلہ ہوتا ہے، امام اعظم ابو حنیفہ کی شخصیت ساخت و پرداخت پر انے والدین کا تقوی و پرہیزگاری کارفرماتھی اس لئے والدین خود کو متقی و پرہیز گار بنائیں تو نیک و صالح اولاد ممکن ہے۔مذکورہ تمام باتیں مدراس یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ایم بی نیاتوار کی شام مسجد یعقوبیہ اہلحدیث میں منعقد ایک دینی اجلاس میں کہی۔ ”بچوں کی تربیت کیسے کریں؟”کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امان نے کہا کہ ہمیں اپنے نونہالوں کی اچھی نگہداشت کرنی چاہیے، اپنے صلاح ومشوروں میں انہیں بھی شامل کرنا چاہیے۔ خود سے اپنے بچوں کو دور نہیں رکھنا چاہیے۔انہیں دین سے مسجد سے قریب رکھنا چاہیے تاکہ ان کی بہتر تربیت ہوسکے۔
اس سے قبل مسجد یعقوبیہ کے چیف امام وخطیب مولانا کلیم اللہ امداد تیمی نے بھی خطاب کیا، ان کا موضوع ”بچے ہمارے مستقبل ہیں ” تھا۔مولانا تیمی نے اپنے پرمغز خطاب میں کہا کہ بچے ہی ہمارے مستقبل ہیں۔ روپیوں پیسوں اور مال و زر سے کہیں زیادہ ہم لوگوں کو اپنے ان مستقبل کو سنوارنا چاہیے، قوم کا فیوچر انہیں سے وابستہ ہے۔ مولانا موصوف نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ یہی ہمارے بچے کل دین اسلام کی خدمت کریں گے، یہی بچے ہماری مسجدوں کو آباد کریں گے، ہمارے بعد یہی بچے ہماری مسجدوں کے نمازی بنیں گے۔ اس لیے ان کو اچھی سے اچھی تربیت اور تعلیم دونوں دینے کی ضرورت ہے اگر یہ نیک ہو گئے تو ان کا بھی مستقبل اچھا ہو جائے گا اور ہم ماں باپ کا بھی فیوچر تابندہ ہو جائے گا۔انہوں نے دوران خطاب یہ بھی کہا کہ بچوں کو نہ مارا جائے، مسجدوں میں بچے اگر شور و غل کریں تو ان کے ساتھ عفو درگزر کا معاملہ رکھا جائے۔کیوں کہ ابتدائی عمر میں ہی اگر یہ مسجدوں سے دور ہوگئے تو پھر آگے چل بہت دشواری ہوسکتی ہے۔
بعد ازاں مہمان خصوصی ڈاکٹر امان اللہ ایم بی کے ہاتھوں سے ”انعامات ماہ رمضان المبارک ”کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔رمضان میں پنج وقتہ نمازوں کی سب سے زیادہ پابندی کرنے والے پندرہ ممتاز بچوں کو گراں قدر ہدائے عطا کیے گیے جب کہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ننہے مصلی زین الحق بن ضیاء الحق کو مسجد کی جانب سے ”رینجر سائیکل” انعام میں دی گئی، دوسری پوزیشن ریحان مشتاق شریف اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے چھوٹے مصلی ریان بن محمد اسحاق کوبھی خصوصی تشجیعی انعامات سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی رمضان میں سب سے زیادہ مسجد کی خدمت کرنے والے چھ نمایاں بچوں کو بھی انعام میڈل کی شکل میں دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ واضح رہے کہ بچوں میں بیداری لانے کے لیے مسجد یعقوبیہ میں وقتا فوقتا ایسے ہی پروگرام منعقد کیے جاتے رہتے ہیں تاکہ قوم کے نونہالوں کا رشتہ مسجد سے جڑار رہے اور دنیا و آخرت کی بھلائیوں سے بھی یہ ہمکنار ہو سکیں۔اسی کے ساتھ ناظم جلسہ حافظ اسداللہ عتیق عمری نے تمام حضرات و خواتین کے شکریہ کے ساتھ اس پروقار مجلس کے اختتام کا اعلان فرمایا۔




