راہل کا پلٹ واربہار میں "ووٹرادھیکار یاترا” کا آغاز

محمد اعظم شاہد

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف (اپوزیشن لیڈر)راہل گاندھی نے نئی دہلی میں 7؍اگست 2025 کو اپنی پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن کی نااہلی اور جانبدارانہ رویہ پرحیرت انگیز انکشافات کیےتھے۔ الیکشن کمیشن، جو ملک کا آئینی ادارہ ہے، جس کی غیر جانبدارانہ کارکردگی ہونی چاہئے تھی۔ مگر ووٹ چوری کے الزامات اور الیکشن کمیشن کی بھاجپا سے ساجھے داری کا حوالہ پیش کرتے ہوئے راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن کے دوغلے معیارات پر کئی سوالات اٹھائے۔ ملک بھر میںEC کی کارکردگی اوربھاجپا سے اس کی ملی بھگت سے متعلق عوام میں شکوک وشبہات بڑھنے لگے۔ الیکشن کمیشن نے راہل گاندھی کو اپنے عائد کردہ الزامات پرحلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔8؍اگست 2025بنگلورمیں ’’ووٹ ہمارا حق‘ ‘ریلی سے مخاطب ہوکر راہل نے کہاتھا ووٹ چوری ووٹروں کے بنیادی حقوق کے خلاف چھیڑ چھاڑ اورجمہوریت کی توہین ہے۔ الیکشن کمیشن سے اپنے قائم کردہ سوالات پرمدلل جواب طلب کرتے ہوئے راہل نے کہاتھا کہ جب پارلیمان میں حلف اٹھایا ہے توپھر الگ سے حلف نامہ داخل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ملک میں کانگریس کے ساتھ تمام سیاسی اپوزیشن پارٹیاں جو انڈیا بلاک میں شامل ہیں۔ ان سب نے الیکشن کمیشن کی بے ضابطگی اور بے قاعدگیوں پر سوالات اٹھائے۔ میڈیا اور باشعور شہریوں میں الیکشن کمیشن پر ووٹ چوری کے الزامات پر بحث ہوتی رہی۔ پورے ثبوتوں کے ساتھ کرناٹک میں بنگلور سینٹرل کے ایک اسمبلی حلقہ میں ہوئی ووٹوں کی ہیرا پھیری اور گھپلے کے اعداد وشمارعوام کے روبرو راہل گاندھی نے پیش کیے ۔ حکمران بھاجپا کے ارکان پارلیمان کانگریس کو موقع پرست کہتے الیکشن کمیشن پر لگائے الزامات کو بے بنیاد قراردیا۔ اس دوران ملک کی عدالت عالیہ سپریم کورٹ نے ریاست بہار میں ووٹرلسٹ کی گہری خصوصی نظر ثانیSIR کے تحت 65لاکھ ووٹروں کے نام جہاں حذف کئے گئے ہیں جن میں22لاکھ ووٹروں کو مرحومین (فوت شدہ ) قراردے دیاگیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو14؍اگست 2005کو احکامات جاری کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے حذف شدہ ووٹرلسٹ شائع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی آزمائشی گھڑیوں میں اکا دکا بھاجپا کے طرفدار اس کی حمایت کرتے رہے۔ اپوزیشن نے چاروں سمت اس کے خلاف مورچہ کھول رکھاہے۔ ان کا ماننا ہے کہ الیکشن کمیشن کوئی بھی عرضی پر کوئی معلومات فراہم کرنے سے قاصر رہا ہے اور بے جا قوانین کے حوالے دے کر غیر منطقی بہانے بنا تا رہا ہے۔

بہار میں جہاں الیکشن کمیشن کی جانب سے پہلے مرحلے میں ووٹرلسٹ سے ناموں کے اخراج کا سلسلہ چل پڑا ہے۔ سیاسی پارٹیوں کی قائدین اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی کے درمیان راہل گاندھی نے بہار میں16؍اگست 2025سے ’’ووٹرادھیکار یاترا‘‘ کا آغاز کیا ہے۔16دنوں پر مشتمل یہ یاترا بہارکے25؍اضلاع سے گزرے گی۔ ایک ہزار تین سو کلو میٹر کی مسافت طے کرتے ہوئے یکم ستمبرکو انڈیا بلاک کے تمام نمائندہ قائدین شریک ہوں گے اور پٹنہ میں اس یاترا کا اختتام عمل میں آئے گا۔ بہارکے شہرسہسرام سے شروع ہونے والی اس یاترا میں عوام کے روبرو راہل گاندھی جمہوریت کی بقا کے لیے ووٹ کی طاقت کی حفاظت کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے جانبدارانہ رویہ کا پردہ فاش کررہے ہیں۔و وٹوں کے معاملے میں ہیرا پھیری کے سبب کس طرح ووٹروں کے بنیادی آئینی حق کے ساتھ الیکشن کمیشن کھلواڑ کررہا ہے ،اس پہلو پر راہل ووٹروں سے مخاطب ہیں۔ راشٹریہ جنتادل، جو کانگریس کا اتحادی ہے وہ اس یاترا میں اپنے اہم قائدین لالو پرساد یادو ، تیجسوی یادو اوردیگر کے ساتھ شامل ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ اس سال اکتوبرمیں ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کا ووٹرلسٹ سے ووٹروں کے ناموں کابڑے پیمانے پر اخراج کے پس منظر میں راہل گاندھی کا الیکشن کمیشن کے خلاف کھلا مورچہ اور یہ یاترا بہار میں بھاجپا اوراس کی ہم نوا جنتادل یو کی موجودگی کے لئے نئے چیلنجز کھڑا کرنے میں کامیاب ہوگی۔ راہل کی ملک بھر میں بھارت جوڑو یاترا نے کامیاب نتائج سے کانگریس کو ہمکنار کروایاتھا۔ عوام کا امڈتا ہجوم اشارہ دے رہاتھا کہ 2024کے لوک سبھا انتخابات میں مودی اوربھاجپا کا صفایا ہوجائے گا۔ اوپنین پول اور ایگزٹ پول کے برعکس بھاجپا دوبارہ ٹی ڈی پی اورجے ڈی یو کی بیساکھیوں سے اقتدار پرلوٹ آئی۔ بھاجپا کی گرتی ساکھ اور مودی کی مقبولیت میں ہورہی کمی انتخابی تشہیر کے دوران دیکھی گئی تھی۔ مگر نتائج حیرت انگیز طور پر بھاجپا کی موافقت میں رہے۔ گویا بھاجپا کے خلاف اقتدار مخالف لہر ہی نہیں تھی۔
اتوار 17؍اگست 2025جس دن بہارکے سہسرام میں ’’ووٹر ادھیکار یاترا‘‘ شروع ہونے والی تھی عین اسی وقت الیکشن کمیشن نے اپنی پریس کانفرنس میں راہل گاندھی کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سات دِنوں کے اندر اپنے الزامات کا ثبوت پیش کریں اور حلف نامہ داخل کریں ورنہ ملک سے معافی مانگیں۔ اپنے دفاع میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے بتایا کہ ووٹرلسٹ میں غلطیاں ممکن ہیں لیکن ووٹ چوری کا اِلزام آئین کی توہین ہے۔ میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا اطمینان بخش جواب دینے کی بجائے موصوف نے اس طرح کی تاویلات پیش کیں کہ وہ (EC) نردوش (بے قصور) ادارہ ہے۔ ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کےلیےEC چٹان کی طرح کھڑا ہوا ہے۔ وہ نہ اپوزیشن کے ساتھ ہے اور نہ ہی برسر اقتدار پارٹی کے۔ کرناٹک اورمہاراشٹرا کے ووٹرلسٹ جب جاری کئے گئے ان پر اعتراضات بروقت نہیں آئے تھے۔ چیف الیکشن نے اپنی تاویلات پیش کرکے بتایا کہ الیکشن کے دوران کی ویڈیو گرافی فراہم کرنا اچت (ٹھیک) نہیں ہے کیونکہ خواتین کی شرکت کو راز میں رکھنا چاہئے۔ جہاں الزامات ہیں کہ ایک ووٹر کا نام ایک ہی حلقہ میں کئی بار درج ہے اور دیگر ریاستوں میں بھی شامل ہے۔ اِس پرکہاگیا کہ ایسا ممکن ہے مگر گوکہ یہ جرم ہے۔ جن مکانات کا پتہ صفر ہے اس پر دلیل یہ پیش کی گئی کہ مہاجر مزدورطبقہ کا کوئی مکان نہیں ہوتا ،اس لیےپتہ صفر لکھا جاتا ہے۔EC کی پریس کانفرنس کا دن اور وقت اس طرح منصوبہ بند طریقے سے طے کیاگیا کہ ’ووٹرادھیکاریاترا‘ سے عوام کا دھیان ہٹ جائے۔ مجموعی طورپرجس پریس کانفرنس کا ECنے اعلان کیاتھا وہ رسمی پریس کانفرنس ثابت ہوگی، جس میں سیاسی بازیگری کی طرح بیان بازی کی گئی۔
جن حالات سے ملک دوچار ہے یہاں سب کچھ بلا جھجھک وہ سب کچھ ہوتا رہا ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے آر ایس ایس پر پابندی لگانے کی سفارش کی تھی اور اس تنظیم کی ملک مخالف کارکردگیوں پر سخت نکتہ چینی کی تھی۔مگر ان دنوں بھاجپا سردار پٹیل کو اپنا ہم نوا ثابت کرتے ہوئے انھیں ہتھیانے کی کوشش کررہی ہے۔اور حد تو یہ ہوئی کہ وزیر اعظم مودی نے چند دن قبل یوم آزادی کی تقریبات کے دوران لال قلعہ کی فصیل سے ملک کو مخاطب کرتے ہوئے آر ایس ایس کی تعریف و توصیف کرکے اس تنظیم کی صد سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ آر ایس ایس نے چند دن قبل اشارہ دیا تھا کہ 75 سال کی عمر میں بھاجپا کے سیاستدانوں (نمائندوں) کو عوامی زندگی سے سبکدوشی حاصل کرلینی چاہیئےتاکہ نوجوانوں کو موقع ملے۔آر ایس ایس کے تئیں مودی کا تحسین آمیز رویہ شاید اپنی کرسی کا بچاؤ رہا ہوگا۔ابھی ابھی یہ خبریںعام ہیں کہ مہاراشٹرا کے گورنر جنھیں تمل ناڈو کا مودی کہا جاتا ہے اور جو آر ایس ایس کے ہم نوا رہے ہیں ان کا نام مودی نے نائب صدر جمہوریہ کے لیے طے کیا ہے۔ اس اقدام کے پیچھے کارفرما مقاصد کیا ہوں گے یہ واضح ہے ہی۔دیکھا جارہا ہے کہ سرکاری محکموں کا استعمال کس طرح بی جے پی کی مرکزی سرکار کررہی ہے۔ وہ اب باعث حیرت نہیں ہے۔ تمل ناڈو میں ڈی ایم کے ،کے وزیر اور اس کے بیٹے کے گھر پر انفورسمینٹ ڈپارٹمنٹ EDکا چھاپہ بتاتا ہے کہ جہاں بی جے پی کی مخالفت ہو وہاں ہر طرح کے سرکاری احکامات روبہ عمل نظر آتے ہیں۔
ووٹ چوری کے الزامات کے پیش نظربی جے پی کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ 2024 لوک سبھا انتخابات کے دوران چھ ایسے لوک سبھا کے حلقے ہیں جہاں نقلی یا فرضی ووٹر لسٹ سے کانگریس اور سماج وادی پارٹی کامیاب ہوئی ہیں۔ اس وزیر پر ECسے اب تک حلف نامہ داخل کرنے کی کوئی کاروائئی نہیں ہوئی ہے۔مگر نشانے پر کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اس دوران کہا ہے کہ اتر پردیش میں حالیہ اسمبلی انتخابات سے جڑے تنازعات کے سلسلے میں ان کی پارٹی نے 18 ہزار حلف نامے الیکشن کمیشن میں داخل کیے تھے۔اب تک کوئی کاروائی نہیں ہوئی۔

Latest Indian news

Popular Stories