محمداعظم شاہد
4مئی 2026ء کے انتخابی نتائج پر سب کی توجہ مرکوز رہی۔پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے نتائج کسی حد تک حیران کن ثابت ہوئے۔ مغربی بنگال میں وزیر اعلیٰ ممتابنرجی کی ٹی ایم سی کا پندرہ سالہ اقتدار کا خاتمہ ہوگیا۔ پچھلے پانچ سالوں سے بی جے پی مغربی بنگال کو ہتھیانے اوراپنے قابو میں کرنے پورے سیاسی ممکنہ ہتھکنڈے استعمال کرتی رہی۔ایس آئی آر کی مخالفت ممتا بنرجی کرتی رہیں،مگر الیکشن کمیشن جو مودی حکومت کے اشاروں پر کام کرتا رہا ہے، اس آئینی سرکاری ادارے پر جتنے بھی بے قاعدگیوں کے سوالات اٹھے ان تمام بے قاعدگیوں کو مودی کی بی جے پی حکومت کی حمایت حاصل رہی۔ بی جے پی، ایس آئی آر کو جمہوریت کی بقا سے جوڑ کر کہتی رہی کہ مغربی بنگال میں غیر قانونی اور درانداز ووٹروں کی بھر مارہے، اس لئے 27لاکھ ووٹروں کے نام ووٹرلسٹ سے نکال دیئے گئے۔ اس اقدام کے ساتھ گویا اشارہ مل گیا تھا کہ بی جے پی کا کمل مغربی بنگال میں کھل کررہے گا۔ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ مسلسل مغربی بنگال میں اپنے دوروں کے دوران ہندوتوا کا کارڈ کھیلتے رہے اور ہندو مسلم تفریقات کو بڑھاوا دیتے رہے۔ آر ایس ایس کے قوم پرست نظریات کو بی جے پی بتدریج پورے ملک میں عملی طو رپر لاگو کرتی رہی ہے۔ وندے ماترم گیت کے ڈیڑھ سو سالہ تقریبات جو کولکتہ میں بی جے پی نے عالیشان پیمانے پر منعقد کرکے یہ ثابت کرنے کی کامیاب کوشش کی تھی کہ بھارت میں ہندوؤں کے لئے ہی جگہ ہے،باقی تمام مذاہب کے لوگ اجنبی ہیں، غیر ہیں۔یعنی ہندو ووٹ کو متحد کرنے اور مذہب کے نام پر پولرائیزیشن کیلئے کوششیں شدت کے ساتھ ہوئی ہیں اور کسی بھی طرح ممتا کی ٹی ایم سی کا سیاسی صفایا کرنے منصوبہ بند طو رپر الیکشن کمیشن کی ساجھے داری کے ساتھ کوششیں کی گئیں۔تقریباً 2لاکھ 50ہزار نیم فوجی اہلکار مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوران تعینات کئے گئے۔ اس اقدام کو وزیر اعظم نے بھی سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں 93فیصد پولنگ اپنے آپ میں ایک تاریخی واقعہ ہے، جبکہ لوگ بے خوف ہوکر محفوظ ماحول میں ووٹ کرنے آئے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی جو بی جے پی کی پالیسیوں اور ریاستوں کے ساتھ اس کے رویہ پر نکتہ چینی کرنے والی جرأت مند قائد تھیں۔ مودی اور امیت شاہ کو ممتا نے ہمیشہ ان کی کارستانیوں پر آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ سمجھا جارہا تھا کہ مرکز میں ممتا اپوزیشن سیاست میں اپنا نمایاں رول نبھائیں گی، مگر ان کی (ممتا کی) اپنی ہی ریاست میں اپنی پارٹی کی شکست سے بی جے پی نازاں وفرحاں ہے۔ خود وزیر اعظم مغربی بنگال اور پدوچیری میں این ڈی اے بالخصوص بی جے پی کی غیر معمولی کامیابی پر لن ترانیاں کرتے دیکھے اور سنے گئے ہیں۔ مودی نے کہا ہے کہ بنگال کی جیت کے بعد گنگوتری (اتراکھنڈ) سے گنگا ساگر (مغربی بنگال) تک کمل کی حکمرانی ہے، جس طرح ہریانہ اور بہار میں مذہب کی سیاست کو اپناتے ہوئے بی جے پی نے پولرائزیشن (ووٹوں کا بٹوارہ مذہب کے نام پر) کو یقینی بنایا،اسی طرح مغربی بنگال کے سرخ رنگ کو زعفرانی رنگ میں رنگنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ گنگا ندی کی سراہنا کرتے ہوئے مودی کل فتح کے جشن میں کہتے رہے کہ گنگا ماں کا آشیرواد انہیں حاصل ہے۔ اس لئے گنگا جہاں جہاں بہتی ہے وہاں کمل کھل رہا ہے۔ ملک کا اہم متحدہ اپوزیشن محاذ (انڈیا بلاک) کی اہم لیڈر ممتا بنرجی کے اثر ورسوخ اور مقبولیت کو متاثر کرنے بلکہ ختم کرنے بی جے پی نے ہندوتوا کارڈ منصوبہ بند طور پر کھیلا اور الیکشن کمیشن کو اپنے مقاصد کے حصول کے لئے اپنے سیاسی ہتھیار کے طو رپر استعمال کیا۔ بی جے پی جہاں جمہوریت کی جیت کا جشن منارہی ہے۔ یہ جیت کس حد تک جمہوری ہے یہ سب جانتے ہی ہیں۔
جنوبی ہندوستان میں سوائے کرناٹک کے کمل کھلنے کا ماحول اب تک سازگار ہو نہ سکا۔ آندھرا پردیش میں فی الحال ٹی ڈی پی کے ساتھ بی جے پی کا اتحاد ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی بے اثر ثابت ہوئی۔ اس بار کیرلم میں اس نے اپنا کھاتہ کھولا ہے اور تین حلقوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ مسلسل کوششوں کے باوجود بی جے پی اپنی بنیادیں یہاں مضبوط کرنہ سکی۔ اسی طرح تمل ناڈو میں بھی اس کا یہی حال رہا ہے۔ دراصل اے آئی ڈی ایم کے ساتھ بی جے پی کا اتحاد رہا ہے، مگر ہزار کوششوں کے باوجود تمل ناڈو کی علاقائی سیاست میں کمل کھل نہ سکا۔ فلم اداکاروں نے تمل ناڈو میں انتخابات میں پہلے بھی کامیابی حاصل کی تھی۔ وہاں فلمی ستاروں کا عملی سیاست میں دخل رہا ہے۔نوجوانوں اور خواتین میں مقبول تمل فلموں کے اسٹار جوزف وجئے چندر شیکھر نے اپنی نوخیز سیاسی پارٹی”ٹی وی کے“ کی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے۔ڈی ایم کے اور اے آئی ڈی ایم کے پیچھے رہ گئی اور اداکار وجئے نے اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرکے اقتدار پر قابض ہونے کی تیاریوں میں ہے۔بتایا جارہا ہے کہ اگلے برسوں میں یعنی اگلے انتخابات میں بی جے پی آر ایس ایس کی قوم پرست سیاست کو مزید اور شدت کے ساتھ کیرلم اور تمل ناڈو میں آزمانے کی کوشش کرے گی۔ آسام میں بی جے پی کے مسلم مخالف وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما ایک بار پھر وزیر اعلیٰ بننے کی تیاری میں ہے۔یہاں کانگریس اور دیگر پارٹیوں کی کوششیں بی جے پی کے ایجنڈے کا مقابلہ کرنے سے قاصر رہی ہیں۔ کیرلم میں کانگریس اتحاد یو ڈی ایف کو بھاری اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ عرصہئ دراز سے یعنی 1957سے اس ریاست میں بائیں بازو سیاسی جماعتیں حکومت سازی میں شامل رہا کرتی تھیں۔ پچھلے دس برس سے بائیں بازو ایل ڈی ایف اتحاد کی حکومت قائم تھی، مگر اب کانگریس اپنے حامی جماعتوں کے ساتھ حکومت بنائے گی۔ سابق میں ایسا ہوا کرتا تھا کہ اسمبلی انتخابات میں ایک میعاد ایل ڈی ایف کو اگلی میعاد یو ڈی ایف کے حصہ میں آیا کرتی تھی۔پچھلی دو میعادوں میں کانگریس اتحاد اقتدار سے محروم رہ گیا تھا۔ اس بار جہاں راہل اور پرینکا کا کرشمہ کامیاب رہا، مگر بحیثیت مجموعی حالیہ پانچ ریاستی اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کارکردگی خاطر خواہ نہیں رہی ہے۔ بی جے پی کے مقابلے میں کانگریس کی حکمت عملی اس قدر منصوبہ بند اور مضبوط نہیں لگ رہی ہے۔ ایک دور وہ بھی تھا کہ ملک میں ہر جگہ کانگریس ہرریاست میں اقتدار میں رہی یا پھر اقتدار میں شریک رہی، مگر ان دنوں مودی نے بی جے پی کو مذہبی رنگ دے کر پورے ملک کو ایک پارٹی کے تحت حکومت چلانے کی ہر الیکشن ریلی میں یہ بات بار بار دہرائی ہے۔ مودی ہر بار کہتے آئے ہیں کہ ترقی کی گاڑی کے لئے ڈبل انجن کی ضرورت ناگزیر ہے۔ یعنی مرکز میں اور ریاستوں میں ایک ہی پارٹی (بی جے پی)کی حکومت قائم رہے گی تو ترقی کیلئے آسانی ہوگی۔مگر ہمارا ملک کثرت میں وحدت کی وراثت سے معمور ہے۔ یہاں کا آئین مرکز اور ریاستوں کے درمیان باہمی ربط کو ترجیح دیتا ہے۔ چاہے مرکز میں کسی بھی پارٹی کی حکومت ہو اور ریاستوں میں کوئی اور پارٹی کی حکومت۔اس نظریہ کو نظر انداز کرنے کی روش مودی حکومت میں زوروں پر ہے۔ جملہ بازی اور نعرہ بازی اور اپنے پروپیگنڈہ میں مذہبی وقوم پرستی نے ملک کو زعفرانی رنگ میں رنگنے بی جے پی نے پوری توانائی کے ساتھ سر اٹھایا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا عوام اپنے ملک میں فیصلہ کن طور پر اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہیں یا پھر پروپیگنڈہ کی آندھی کے ساتھ ہولیتے ہیں۔




