بیدرمیں جمعیت علماء کے زیراہتمام تجہیزوتکفین تربیتی کیمپ کا کامیاب انعقاد

بیدر۔27/دسمبر۔موت جتنی حقیقت ہے اتنی ہی اس سے غفلت برتی جارہی ہے،اسلام میں پیدائش سے لیکر موت تک تمام احکامات با التفصیل بتائے گئے ہیں،اکثر جگہوں پر لوگ نا واقفیت کی وجہ سے میت کی تجہیز تکفین وتدفین غیر شرعی طور پرکرتے ہیں دین کے دیگر احکامات کا جاننا جیسے ضروری ہے اسی طرح میت کے احکام کا جاننا بھی ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے مگر اسمیں بڑی کوتاہی اور لاپرواہی برتی جارہی ہے، مولانا سید احمد ومیض ندوی نقشبندی استاد حدیث دارالعلوم حیدرآبادنے بیدر میں سٹی جمعیت علماء کے زیر اہتمام تجہیز وتکفین تربیتی کیمپ میں ان خیالات کا اظہارکیا،مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر جمعیت علماء بیدر نے فرمایا کہ میت کو غسل دینے سے غسل دینے والا گناہوں سے ایسے پاک ہوتا ہے جیسا کہ ابھی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا،جو میت کوکفن پہناتا ہے اللہ اس کو جنت کا جوڑا پہناتا ہے،آج لوگ میت کی خدمت سے کترا کر اتنے بڑے اجروثواب سے محروم ہوجاتے ہیں،مفتی سید ایوب قاسمی صدرتحفظ ختم نبوت ضلع ورنگل نے اس موقع پر غسل،کفن،نمازجنازہ اور تدفین کی بہت بہترین عام فہم اندازمیں حاضرین کے سامنے مجسمہ رکھ کرایک ایک طریقہ کو از اول تا آخر عملی شکل میں بتلایااور عوام کی جانب سے اس موقع پر جتنی کوتاہیاں اور غیر شرعی امور پائے جاتے ہیں تمام کی قرآن وحدیث کی روشنی میں نشاندہی فرمائی،اور عوام کو اس بات پر زور دیا کہ میت کے وارثین اورقریبی رشتہ دار ہی خود اس فریضہ کو انجام دیں اورپیشہ ور غسالوں سے اجتناب کریں،حاضرین نے مفتی صاحب کی عملی مشق سے دلی اطمینان کا اظہارفرمایا،آخر میں سوال وجواب کا موقع بھی دیا گیا،مفتی ایوب سلیم حسامی صدر سٹی جمعیت علماء بیدر نے فرمایا کہ آج کے اس مرکزی پروگرام کے بعد ہم بیدر کے ہر محلہ میں اس طرح کے تربیتی پروگرام منعقد کریں گے اور وہاں کے دس مرد اور دس خواتین کواس کی ٹریننگ دی جائے گی تاکہ یہ عمل آسان سے آسان تر ہوجائے،مولانا محمدتصدق ندوی جنرل سیکریٹری جمعیت علماء بیدر نے مہمانوں کا استقبال فرمایا،مفتی محبوب اشاعتی جنرل سیکریٹری سٹی جمعیت علماء بیدر نے نظامت کے فرائض انجام دئے،سٹی جمعیت علماء بیدر کے تمام نوجوانوں کی انتھک کاوشوں سے یہ پروگرام بحسن خوبی کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

Latest Indian news

Popular Stories