
ڈاکٹر انیس صدیقی
اس رہ گزارِ جہاں سے بعض شخصیتیں کچھ اس خاموشی کے ساتھ گزر جاتی ہیں کہ ان کی رحلت کا ملال محض وقتی ثابت ہوتا ہے۔ پھر وقت کی بے رحم موجیں ان کے نقوشِ قدم کو کچھ اس طرح مٹا دیتی ہیں گویا بساطِ ہستی پر کبھی ان کا وجود ہی نہ تھا۔ وہ عالی صفات شخصیتیں، جو اپنے عہد کی فکری و تہذیبی تعمیر میں خاموشی سے خشتِ اول کا کام کرتی ہیں، اکثر تاریخ کے روشن ابواب میں جگہ نہیں پاتیں۔ نہ کہیں ان کے جوش و جذبے کا تذکرہ ہوتا ہے، نہ ان کی حیات و خدمات کی بازگشت سنائی دیتی ہے اور نہ ہی ان کی بے لوث قربانیوں پر کوئی حرفِ تحسین بلند کیا جاتا ہے۔
سید ابراہیم ماموں شہرِ علم و ادب گلبرگہ کی مٹی سے ابھرنے والی ایک ایسی ہی بلند قامت اور دلنواز شخصیت کا نام ہے، جنھوں نے دمِ واپسیں تک اردو زبان و ادب کے ساتھ اپنی والہانہ وابستگی کا حق ادا کیا۔ مگر افسوس کہ مرورِ ایام نے نہ ان کے نام کی تختی کو سلامت رکھا اور نہ ہی ان کے علمی و ادبی کاموں کا تذکرہ اب کہیں سنائی دیتا ہے۔
ابراہیم ماموں محض ایک فرد کا نام نہیں، بلکہ وہ علم شناسی، درویشانہ استغنا اور انقلابی تڑپ سے گندھی ہوئی ایک منفرد طرزِ حیات کا استعارہ تھے۔ ان کے سوانحی کوائف سے ان کے عہدِ حیات میں بھی بہت کم لوگ واقف تھے، اور جو شناسائے راز تھے، اب وہ بھی اس دنیا میں نہیں رہے۔
جہاں تک یادِ ماضی کے دریچے وا ہوتے ہیں، اسٹیشن ایریا میں واقع ایک مخدوش و شکستہ مکان ان کا مسکن تھا۔ ان کے تعلیمی مدارج کے بارے میں وثوق سے کچھ کہنا تو مشکل ہے، البتہ یہ حقیقت ہے کہ انھیں ایک سرکاری ملازمت حاصل ہوئی تھی، مگر فطرتاً آزاد منش ہونے کے سبب انھوں نے غلامی کے اس طوق کو گلے سے اتار پھینکا اور استعفیٰ دے کر سبکدوشی اختیار کر لی۔ اشتراکی نظریات کے پروردہ ہونے کے ناطے وہ کمیونسٹ پارٹی سے وابستہ ہوئے اور عمر بھر اسی نظریے پر کاربند رہے۔ انھوں نے زندگی بھر تجرد کی راہ اپنائی۔ اپنی بود و باش کے لیے ایک طویل عرصہ سائیکلوں کے پنکچر جوڑنے کی دکان بھی چلائی، جو ان کی غیرت مندی، خودداری اور محنت کی حرمت میں یقین کی ایک روشن مثال تھی۔ حیاتِ مستعار کے آخری ایام میں ان کے ایک عم زاد نے ان کی کفالت کا فریضہ بخوبی سرانجام دیا۔
گزرتے وقت کی گرد نے لوحِ حافظہ پر ابراہیم ماموں کے نقوش کو کسی قدر دھندلا دیا ہے، مگر ان کی قامت کی شبیہہ آج بھی ذہن میں محفوظ ہے۔ اکہرا اور چھریرا بیضاوی چہرہ، سپیدی مائل سانولی رنگت، ستواں ناک، قدرے باریک مگر گہری آنکھیں، مونچھوں سے مل کر دائرہ سا بناتی فرنچ کٹ داڑھی، سر کے بال پیچھے کی جانب جمے ہوئے جن سے پیشانی مزید کشادہ نظر آتی تھی۔ وہ جب بھی باہر نکلتے، موسموں کے سرد و گرم سے بچنے کے لیے ہمیشہ سر پر ایک بڑا سا رومال لپیٹے رکھتے۔ بدن پر سفید کاٹن کا شکن آلود بغیر کالر والا کرتا، اسی قماش کا ڈھیلا ڈھالا پاجامہ اور پاؤں میں گرد سے اٹی ہوئی ہوائی چپل۔ بظاہر عسرت کا پیراہن اوڑھے یہ شخص، باطن میں علم و آگہی کے جواہر اور جولانیِ قلم کی دولت سے مالا مال تھا۔ سچ ہے کہ اللہ میاں کا یہ کارخانہ بھی عجیب ہے، یہاں خاردار جھاڑیوں کے سائے میں بھی کبھی کبھی علم و ادب کے ایسے نایاب گلاب کھلتے ہیں۔
ابراہیم ماموں کی شخصیت کا ایک ناگزیر جزو کپڑے کی ایک کشادہ تھیلی تھی، جو سائے کی طرح ہمیشہ ان کے ہمراہ رہتی۔ اس تھیلی کو اگر ان کی علمی و ادبی کائنات کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا، کیونکہ لکھنے پڑھنے کا جملہ اثاثہ اسی میں ہمہ وقت موجود رہتا۔ قلم، پنسلیں، کاغذات کا انبار، ان کے نام آئے مکاتیب، نئے پرانے اخبارات و رسائل اور بالخصوص پوسٹ کارڈز اور ان لینڈ لیٹرز کا ایک ذخیرہ۔ یہ وہ عہد تھا جب دور بسنے والوں سے پیام و سلام کا واحد سہارا نامہ و پیام ہی ہوا کرتا تھا۔ چنانچہ ماموں اپنے نام موصول ہونے والے ہر خط کا جواب دینا خود پر لازم سمجھتے۔ ان کا شغفِ تحریر اس درجے پر تھا کہ بسا اوقات وہ قرب و جوار میں مقیم احباب سے بھی، محض بعدِ مسافت کے پیشِ نظر، خط و کتابت کے ذریعے ہی رشتہِ کلام استوار رکھتے۔
ابراہیم ماموں شرافتِ نفس، نیک طینتی اور اخلاصِ قلبی کا مجسمہ تھے۔ عجز و انکسار ان کی شخصیت کا طرہ? امتیاز تھا اور وہ ہمیشہ نمود و نمائش سے محترز رہتے۔ جس کام کا بیڑا اٹھاتے، اسے کمالِ ذمہ داری اور دیانت داری سے پایہ? تکمیل تک پہنچاتے۔ چونکہ وہ شہر کے علمی، ادبی، سماجی اور سیاسی حلقوں میں یکساں مقبول اور شہر کی ایک ایک گلی، ایک ایک کوچے سے واقف تھے، اس لیے کوئی بھی تقریب ہو، خواہ ادبی و سیاسی جلسے ہوں یا نجی محافل، منتظمین دعوت ناموں کی تقسیم کی ذمہ داری اکثر ان ہی کے تفویض کرتے۔ وہ بھی کبھی عذر پیش نہ کرتے بلکہ خوش دلی سے اسے قبول کر لیتے۔ ان کے احساسِ ذمہ داری کا عالم یہ تھا کہ وہ باقاعدہ ایک فہرست مرتب کرتے اور ہر مدعو سے اس کی وصولیابی کے دستخط لیتے۔ اس فہرست میں ایک کالم ‘کیفیت’ کا بھی ہوتا جس میں وہ نہایت دلچسپ اور جامع تفصیل درج کرتے۔ مثلاً: "دروازے پر دستک دی گئی، مگر کوئی برآمد نہ ہوا، لہٰذا دعوت نامہ دروازے کی دراز سے اندر ڈال دیا گیا۔” یا "دروازہ مقفل پایا گیا، اس لیے کارڈ پڑوس میں مقیم عائشہ بی کے سپرد کر دیا گیا۔” یہ چھوٹی چھوٹی تفصیلات دراصل اپنے کام کے تئیں ان کی لگن اور استقامت کی مظہر ہیں۔
ابراہیم ماموں سے میرے مشفقانہ روابط دیرینہ تھے۔ زمانہ? طالب علمی میں ان کی فیض رساں صحبتوں سے کسبِ فیض کے متعدد مواقع میسر آئے۔ میرے علمی و ادبی ذوق کی تربیت اور خامہ فرسائی کی صلاحیتوں کو صیقل کرنے میں ان کی رہنمائی ہمیشہ شاملِ حال رہی۔ مجھے آج بھی وہ وقت یاد ہے جب کسی نشست میں میری زبان سے ‘بہ درجہ? اتم’ کا تلفظ غلط ادا ہوا، تو انھوں نے اسی لمحے کمالِ شفقت سے میری تصحیح فرمائی۔ ایسی بے شمار یادیں میرے صحیفہ? یادداشت میں محفوظ ہیں، تاہم یہاں ان تمام کا استحضار مقصود نہیں۔
ابراہیم ماموں کی یہ تربیتی تڑپ اور مربیانہ روش محض مجھ تک محدود نہ تھی، بلکہ جس کسی نوجوان میں انھیں ذرا سی بھی صلاحیت کی رمق نظر آتی، وہ اسے نکھارنے اور جلا بخشنے کے لیے کمر بستہ ہو جاتے۔ دراصل نئی نسل کی فکری آبیاری کرنا اور نوآموزوں کو شاہراہِ ترقی پر گامزن دیکھ کر مسرور ہونا، ان کی جبلت اور فطرت کا خاصہ تھا۔ ان کی اسی روشن خیالی اور خورد نوازی کی ایک تابندہ مثال وہ واقعہ ہے جب 1985 میں، دورانِ طالب علمی، کرناٹک اردو اکادمی بنگلور کے رکن کی حیثیت سے میری نامزدگی عمل میں آئی۔ میں ان دنوں گریجویشن کا طالب علم تھا اور ایک ادبی رسالہ ‘نوائے عصر’ بھی شائع کر رہا تھا۔ ایک نو عمر طالب علم کی اتنے معتبر سرکاری ادارے کے لیے نامزدگی پر ادبی و صحافتی حلقوں میں اعتراضات کا ایک طوفان کھڑا ہو گیا۔ یہاں تک کہ ایک مقامی اخبار نے تو کارٹون کے ذریعے میری اس نامزدگی کا مضحکہ اڑانے میں بھی کسر نہ چھوڑی۔ ایسے وقت میں ابراہیم ماموں نے تنِ تنہا میری حمایت کا محاذ سنبھالا۔ انھوں نے نہ صرف مختلف با اثر شخصیات سے رجوع کر کے میری اہلیت اور تائید میں بیانات قلمبند کروائے بلکہ انھیں اخبارات کی زینت بھی بنوایا، تاکہ مخالفین کے بے جا پروپیگنڈے کا مسکت جواب دیا جا سکے۔
ابراہیم ماموں ایک قلم برداشتہ لکھاری تھے۔ ان کا تحریری عمل کسی خاص نظم یا وقت کا پابند نہ تھا، بلکہ جب اور جہاں بھی فرصت کے چند لمحات میسر آتے، وہ اپنے تھیلے سے کاغذ قلم نکالتے اور فی البدیہہ ایک نیا مضمون تیار ہو جاتا۔ ابراہیم ماموں کی شخصیت میں بذلہ سنجی اور حاضر جوابی بہ درجہ اتم پائی جاتی تھی، یہی وجہ ہے کہ ان کے بیشتر انشائیہ نما مضامین طنز و ظرافت کی کیفیتوں سے معمور ہیں۔ انہی اوصاف کے پیشِ نظر مقامی اخبار روزنامہ ‘سلامتی’ نے ایک مستقل کالم ‘سوال آپ کے، جواب ماموں کے’ کا آغاز کیا تھا۔ اس کالم میں ماموں قارئین کے سوالات کے ایسے برجستہ، دلچسپ اور معلوماتِ افزا جوابات دیتے کہ پڑھنے والے ان کی شگفتہ بیانی سے محظوظ ہوئے بغیر نہ رہ پاتے۔ اپنے اسی منفرد اندازِ تحریر کی بدولت یہ کالم قارئین میں بے حد مقبول رہا۔
ابراہیم ماموں نے انشائیوں اور فکاہیہ مضامین کے علاوہ مختلف ادبی شخصیتوں کے فکر و فن پر بھی نہایت عمدہ مضامین قلمبند کیے۔ صحافت سے ان کی وابستگی حد درجہ گہری تھی۔ اخبارات کے لیے مراسلے اور رپورٹیں لکھنا ان کا روزمرہ کا معمول تھا۔ ان تمام علمی و ادبی مصروفیات کے درمیان ان کا ایک نہایت اہم اور نمایاں کام مختلف اداروں کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے ادبی و تہذیبی مقابلوں کے لیے طلبہ و طالبات کی تربیت کرنا بھی تھا۔ وہ نہ صرف تحریری و تقریری مقابلوں میں شریک ہونے والے طلبہ کی تحریروں کی اصلاح کرتے، بلکہ ضرورت پڑنے پر انھیں مضامین اور تقریریں لکھ کر بھی دیتے۔ تقریری مقابلوں کے لیے وہ باقاعدہ مشق کرواتے اور طلبہ کو فنِ خطابت کے رموز و نکات سے روشناس کراتے۔ وہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے اور شاگردوں کی کامیابیوں پر مسرت کا اظہار کرتے۔
ابراہیم ماموں کے تحریر کردہ مضامین اس وقت کے اخبارات و رسائل کی زینت تو بنے، تاہم ان کی طبعی بے نیازی نے انھیں کتابی صورت میں مجتمع کرنے کی جانب مائل نہیں کیا۔ نتیجتاً یہ قیمتی اثاثہ امتدادِ زمانہ کی نذر ہو گیا۔
سید ابراہیم ماموں کو اس دنیا سے رخصت ہوئے کم و بیش تین دہائیاں بیت چکی ہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ وقت کی بے رحم گرد نے ان کے نام و نشان کو اس طرح مٹایا کہ اب کوئی ان کا ذکر کرنے والا بھی باقی نہیں۔ پرانی نسل رخصت ہو گئی اور نئی نسل ان کے نام و کام سے یکسر ناواقف ہے۔ یہاں تک کہ ادبی تاریخ کے اوراق بھی اس درویش صفت انسان کے تذکرے سے خالی ہیں۔ وہ ایک ایسی شمع تھے جو خاموشی سے جلی اور دوسروں کی راہ روشن کر کے خود گمنامی کے اندھیروں میں کھو گئی۔ مگر ان جیسے بے لوث خدمت گزاروں کی خاموش خدمات ہی دراصل ہماری علمی و ادبی تہذیب کی اصل اساس رہی ہیں۔
٭٭




